کراچی میں سمندری ہوائیں بحال ،اگست میں مزید بارشوں کی پیشگوئی
کراچی میں سمندری ہوائیں بحال ،اگست میں مزید بارشوں کی پیشگوئی
کراچی : سمندری ہواؤں نے کراچی میں گرمی کی شدت کو کم کر دیا ہے اور شہر کا موسم خوشگوار ہو گیا ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق، شہر میں درجہ حرارت میں مزید 1.7 ڈگری سینٹی گریڈ کی کمی ہوئی ہے اور اب یہ 32.6 ڈگری سینٹی گریڈ پر آ گیا ہے۔
گذشتہ چند دنوں سے سمندر کی جنوب مغربی سمت سے چلنے والی تیز ہوائیں شہر کو گرمی کی شدت سے بچا رہی ہیں۔ محکمہ موسمیات کے مطابق، اگلے چند دنوں کے دوران شہر کا موسم زیادہ تر ابر آلود اور مرطوب رہنے کے ساتھ بوندا باندی اور ہلکی بارش کا امکان ہے۔
چیف میٹرولوجسٹ کراچی سردار سرفراز کے مطابق، 30 جولائی سے 2 اگست کے دوران موسم کے ایک نئے نظام کے تحت شہر میں درمیانی سے تیز بارشیں ہونے کا امکان ہے۔ اس کے علاوہ، ایک اور موسمی نظام 5 سے 7 اگست کے دوران متوقع ہے۔ سردار سرفراز کا کہنا ہے کہ جولائی کے مقابلے میں اگست کے مہینے میں شہر میں زیادہ بارشوں کا امکان ہے۔
صوبے کے دیگر اضلاع میں موسم گرم اور انتہائی مرطوب رہنے کی توقع ہے۔ تاہم، تھرپارکر، سجاول، ٹھٹھہ اور بدین کے اضلاع میں بھی ہلکی بارش اور بوندا باندی کا امکان ہے۔
محکمہ موسمیات نے شہریوں کو مشورہ دیا ہے کہ وہ گرمی سے بچاؤ کے لیے احتیاطی تدابیر اختیار کریں اور گھر سے نکلنے سے پہلے موسم کی پیشگوئی کا جائزہ لیں۔