پاکستان میں قانون کی حکمرانی اور اس کے تحت مساوی انصاف دیکھنا چاہتے ہیں، امریکا
امریکا نے پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے دفاتر پر چھاپوں اور رہنماؤں کی گرفتاری پر اپنے ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے تشویش کا اظہار کردیا۔
امریکی محکمہ خارجہ کے ترجمان میتھیو ملر نے پریس بریفنگ میں ایک سوال کے جواب میں کہا کہ بحیثیت ترجمان جب کسی ترجمان کی گرفتاری دیکھتا ہوں تو ذاتی طور پر پریشان ہوتا ہوں، جب ہم اپوزیشن رہنماؤں کی گرفتاریوں کو دیکھتے ہیں تو ہمیشہ پریشان ہوتے ہیں۔
میتھیو ملر نے مزید کہا کہ پاکستان میں قانون کی حکمرانی اور اس کے تحت مساوی انصاف دیکھنا چاہتے ہیں، پاکستان میں آزادی اظہار اور پُرامن اجتماع جیسے انسانی حقوق کے احترام کی حمایت کرتے ہیں، زور دیتے ہیں کہ ان اصولوں کا پاکستان کے آئین و قوانین کے مطابق احترام کیا جائے۔
واضح رہے کہ گزشتہ روز پی ٹی آئی رہنماؤں کی گرفتاری کا سلسلہ ایک بار پھر شروع گیا۔ صدر پی ٹی آئی لاہور اصغر گجر اور سیکرٹری جنرل تحریک انصاف لاہور حافظ زیشان رشید اور رہنما یاسر گیلانی کے گھر پولیس نے چھاپہ مار کر رہنماؤں کو گرفتار کرلیا جبکہ پی ٹی آئی کے مرکزی دفتر کو بھی سیل کردیا گیا۔
دوسری جانب پی ٹی آئی رہنماؤں کی گرفتاریوں اور دفتر سیل کیے جانے پر پاکستان تحریک انصاف کے اراکین قومی اسمبلی نے پارلیمنٹ کے باہر ہڑتالی کیمپ لگایا۔ اس موقع پر پی ٹی آئی چیئرمین بیرسٹر گوہر نے اعلان کیا کہ روزانہ 3 سے 7 بجے تک علامتی بھوک ہڑتالی کیمپ جاری رہے گا۔
علاوہ ازیں اسلام آباد پولیس پاکستان تحریک انصاف کے سیکرٹری اطلاعات رؤف حسن سمیت میڈیا سیل کے 12 ممبران کو مقدمے میں نامزد کیا ہے جبکہ انہیں گرفتار بھی کیا جاچکا ہے۔