سیمنٹ کی قیمت میں 300 روپے اضافہ، غریب آدمی کا گھر بنانا خواب بن گیا
لاہورـ پاکستان میں جاری مہنگائی کی تازہ لہر نے عوام کی کمر توڑ کر رکھ دی ہے۔ بجلی کے پہاڑ جیسے بلوں اور سبزیوں کی قیمتوں نے جہاں زندگی دوبھر کر رکھی ہے وہیں اب اپنا گھر بنانا تقریباً ناممکن ہوتا جا رہا ہے کیونکہ تعمیراتی سامان کی قیمتیں بھی آسمان کو چھونے لگی ہیں۔
حالیہ بجٹ کے بعد لاہور میں سیمنٹ کی بوری 300 روپے اضافے کے ساتھ 1500 روپے ہو گئی ہے۔ ریت 40 سے بڑھ کر 55 روپے فی فٹ مقرر کر دی گئی ہے جبکہ سریا کی قیمت فی ٹن 2 لاکھ 45 ہزار سے 2 لاکھ 55 ہزار روپے کر دی گئی ہے۔ اینٹوں کی قیمتوں میں بھی اضافہ ہوا ہے، پہلے درجے کی 1000 اینٹوں کی قیمت 15 ہزار 200 روپے اور سپیشل اینٹوں کی قیمت 20 ہزار 200 روپے مقرر کی گئی ہے۔
یہ بھی پڑھیں: حملے روکنے کیلئے افغانستان اپنی یقین دہانی کو عملی جامہ پہنائے، ترجمان دفتر خارجہ
سیمنٹ ڈیلرز ایسوسی ایشن کے چیئرمین کا کہنا ہے کہ بجٹ کے بعد سیمنٹ میں 1 سے 2 روپے ایکسائز ڈیوٹی بڑھی ہے جس کی وجہ سے قیمتوں میں اضافہ ہوا ہے۔ انہوں نے حکومت سے اپیل کی ہے کہ وہ کنسٹرکشن میٹریل پر ٹیکسز کم کرے تاکہ غریب آدمی کے لیے گھر بنانا آسان ہو سکے۔
شعبہ تعمیرات سے تعلق رکھنے والے ماہرین کا کہنا ہے کہ جو گھر پہلے 45 لاکھ میں بنتا تھا اب وہ 75 لاکھ میں بن رہا ہے۔ اس اضافے کی وجہ سے تعمیراتی کام میں نمایاں کمی واقع ہوئی ہے اور بہت سے لوگ اپنے گھروں کی تعمیر و مرمت ملتوی کر رہے ہیں۔
ماہرین کا کہنا ہے کہ حکومت کو تعمیراتی شعبے کو فروغ دینے کے لیے ٹیکسز کم کرنے اور دیگر امدادی اقدامات کرنے چاہئیں تاکہ غریب آدمی بھی اپنا گھر بنا سکے۔