مقبوضہ کشمیر میں بھارتی مظالم جاری،5کشمیری شہید، 2فوجی مارے گئے
سرینگر:مقبوضہ کشمیر کے ضلع کلگام میں دو مختلف واقعات میں مجموعی طور پر 5 کشمیر نوجوان شہید اور 2 فوجی اہلکار مارے گئے۔
کشمیر میڈیا کے مطابق جنت نظیر وادی کے ضلع کلگام کے گاوں موڈرگام میں بھارتی فوج، نیم فوجی دستہ سینٹرل ریزرو پولیس فورس اور مقامی پولیس پر مشتمل چھاپا مار ٹیم نے نام نہاد سرچ آپریشن کی آڑ میں گھر گھر تلاشی لی۔
بھارتی فوج کے ترجمان کا کہنا ہے کہ سرچ آپریشن کے دوران ایک گھر سے اہلکاروں پر فائرنگ کی گئی جس کے نتیجے میں ایک فوجی ہلاک ہوگیا، جواب میں اس گھر کو تباہ کردیا گیا، گھر کے ملبے سے ایک مسلح نوجوان کی لاش ملی۔
اس کے فوری بعد کلگام کے علاقے فریسام میں بھارتی فوج کی ایک گھر پر شدید گولہ باری میں ایک گھر مکمل طور پر تباہ ہوگیا جس میں 4 کشمیری نوجوان شہید ہوگئے جب کہ ایک فوجی اہلکار بھی ہلاک ہوا۔
ترجمان بھارتی فوج نے دعوی کیا ہے کہ اس علاقے میں اب بھی دو عسکریت پسند کہیں چھپے ہوئے ہیں جن کی تلاش کیلئے علاقے کا محاصرہ کرلیا گیا۔
ضلع راجوری میں بھی بھارتی فوجی کے ایک کیمپ کے قریب فائرنگ کی اطلاعات ہیں جس میں ایک فوجی زخمی ہو گیا، ابتدائی اطلاعات کے مطابق منجاکوٹ آرمی کیمپ پر رات بھر دہشت گردانہ حملے کی کوشش کی جاتی رہی۔