موسلادھار بارشیں، پنجاب میں سیلاب کا الرٹ جاری

موسلادھار بارشیں، پنجاب میں سیلاب کا الرٹ جاری

لاہور سمیت پنجاب کے مختلف علاقوں میں آندھی اور گرج چمک کے ساتھ بارش سے حبس اور گرمی کا زور ٹوٹ گیا۔

صوبائی دارالحکومت لاہور میں وقفے وقفے سے بارش کا سلسلہ جاری ہے، رات گئے شہر کے مختلف علاقوں ایبٹ روڈ، لکشمی چوک، شالیمار، گڑھی شاہو، مال روڈ، کینال روڈ، ہربنس پورہ، ساندہ، اسلامپورہ و گردو نواح میں آندھی کے ساتھ بارش ہوئی۔بارش اور آندھی کے دوران لاہور کے کئی علاقوں میں بجلی کی سپلائی بھی متاثر ہوئی۔

وفاقی دارالحکومت اسلام آباد، راولپنڈی، مری، جہلم، مریدکے، گوجرانوالہ، اٹک، وزیر آباد سمیت پنجاب کے مختلف شہروں میں بھی بادل برس پڑے جس سے موسم خوشگوار ہوگیا، مختلف شہروں میں شدید بارش کے بعد سڑکیں ندی نالوں کا منظر پیش کرنے لگیں۔

اٹک شہر اور گردونواح میں شدید بارش کے باعث کئی فیڈر ٹرپ کر گئے جس سے شہر اندھیرے میں ڈوب گیا۔

دوسری جانب ممکنہ طغیانی، سیلاب کے خطرے کے باعث ہائی الرٹ جاری کر دیا گیا۔

اسلام آباد کی ضلعی انتظامیہ کی جانب سے ندی نالوں کے اطراف الرٹ جاری کرکے پابندی عائد کر دی گئی، کچی آبادیوں میں کوئیک رسپانس کیلئے ریسکیو ٹیموں کو بھی الرٹ رہنے کا حکم جاری کیا گیا ہے۔

ڈپٹی کمشنر اسلام آباد نے اسسٹنٹ کمشنرز کو فوری متعلقہ ایریا کی نگرانی کے احکامات جاری کر دیئے، انہوں نے کہا کہ کسی بھی ہنگامی صورتحال پر اسسٹنٹ کمشنر ٹیم کے ہمراہ فوری موقع پر پہنچیں گے۔

ڈی سی اسلام آباد نے کہا کہ سی ڈی اے، ایم سی آئی عملہ بھی 24 گھنٹے الرٹ رہے اور فیلڈ میں حاضری یقینی بنائے، بارش کے دوران پانی جمع ہونے اور فوری انخلا نہ ہونے پر متعلقہ ٹیم ذمہ دار ہو گی، ایمرجنسی کال کی صورتحال میں فوری طور پر موقع پر پہنچنا بھی لازمی ہو گا۔

Exit mobile version