بھارتی کھلاڑیوں کا انکار، ڈبلیو سی ایل 2025 میں پاک بھارت میچ منسوخ
بی سی سی آئی کھلاڑیوں کو روکنے کا اختیار نہیں رکھتا تاہم بھارتی کھلاڑیوں نے ذاتی طور پر فیصلہ کیا ، ڈبلیو سی ایل

لاہور: ورلڈ چیمپئنز شپ آف لیجنڈز(ڈبلیو سی ایل) 2025 میں آج پاک بھارت کے درمیان برمنگھم میں طے شدہ میچ بھارتی کھلاڑیوں کے انکار کے بعد آخری لمحات میں منسوخ ہو گیا۔
بھارتی کھلاڑیوں کی غیر متوقع دستبرداری کی بدولت یہ میچ منسوخ کرنا پڑا، حالانکہ شائقین کافی عرصے سے اس کا انتظار کر رہے تھے۔
بھارتی کھلاڑیوں کے پیچھے ہٹنے کی وجوہات سامنے آ گئیں
ذرائع کا کہنا ہے کہ پہلگام واقعے کے بعد بھارتی ٹیم کے کئی سابق اسٹار کھلاڑی عوامی دباؤ کے باعث میدان میں اترنے سے گریزاں رہے۔ ہربھجن سنگھ، یوسف پٹھان، عرفان پٹھان اور سریش رائنا ان کھلاڑیوں میں شامل ہیں جنہوں نے کھیلنے سے معذرت کر لی۔
بھارتی میڈیا کا کہنا ہے کہ ان کھلاڑیوں کو سوشل میڈیا پر شدید تنقید کا سامنا تھاکہ وہ ایسے وقت میں پاکستان کے خلاف میدان میں کیوں اتریں جب دونوں ممالک کے درمیان سیاسی کشیدگی اپنے عروج پر ہے۔
اطلاعات کے مطابق یوراج سنگھ اور شیکھر دھون بھی سوشل میڈیا پر کڑی تنقید کا نشانہ بنے۔
تجزیہ کاروں کا کہنا ہے کہ یہ کوئی نئی بات نہیں کہ بھارت کھیل کو سیاست میں گھسیٹا۔ ماضی میں بھی پاکستان اور بھارت کے درمیان کرکٹ مقابلے کئی مرتبہ سیاسی کشیدگی کا شکار ہو کر منسوخ ہو چکے ہیں۔
یاد رہے کہ 2008 ممبئی حملوں کے بعد دونوں ممالک کے درمیان کرکٹ روابط تقریباً ختم ہو گئے تھے۔
1999 کے ورلڈکپ میں بھی کشیدہ ماحول میں دونوں ٹیمیں میدان میں اتریں،تاہم حالیہ برسوں میں بھارت نے متعدد بار پاکستان کے ساتھ کھیلنے سے انکار کیا اور یہ روش عالمی اسپورٹس حلقوں کے لیے بھی تشویش کا باعث ہے۔
ڈبلیو سی ایل کا مؤقف
ڈبلیو سی ایل کے حکام نے وضاحت کی کہ یہ مکمل طور پر آزادانہ ٹورنامنٹ ہے جس کا بھارتی کرکٹ بورڈ (بی سی سی آئی) سے براہِ راست کوئی تعلق نہیں، اس لیے بی سی سی آئی کھلاڑیوں کو روکنے کا اختیار نہیں رکھتا تاہم بھارتی کھلاڑیوں نے ذاتی طور پر فیصلہ کیا کہ وہ پاکستان کے خلاف یہ میچ نہیں کھیلیں گے۔
The event organisers of WCL have confirmed that tomorrow’s match between India and Pakistan (Sunday 20th July at 16.30) has been cancelled. Please do not attend as the stadium will be closed.
All ticket holders will receive a full refund, please see below for further details. pic.twitter.com/q5A0DOg356
— Edgbaston Stadium (@Edgbaston) July 19, 2025
منتظمین کا کہنا تھا کہ میچ کی منسوخی کے سبب تمام ٹکٹ ہولڈرز کو مکمل ریفنڈ فراہم کیا جائے گااور باقی میچز شیڈول کے مطابق جاری رہیں گے۔
انتظامیہ کا کہنا تھا کہ اس ٹورنامنٹ کا مقصد صرف سابق کرکٹرز کو دوبارہ کھیل کے میدان میں لانا اور کرکٹ سے محبت رکھنے والے شائقین کو تفریح فراہم کرنا تھا۔
پہلگام حملے کے اثرات اور سفارتی کشیدگی
واضح رہے کہ اپریل 2025 میں پیش آنے والے پہلگام سانحے کے بعد خطے میں کشیدگی بڑھی۔بھارت نے پاکستان پر حملے کا الزام لگایا جس کے بعد میڈیا، سیاست اور سوشل میڈیا پر پاکستان مخالف مہم نے شدت اختیار کی۔ اس تناظر میں بھارتی کرکٹرز پر شدید دباؤ تھا کہ وہ پاکستان کے خلاف نہ کھیلیں۔
پاکستانی اسکواڈ اور شائقین کی مایوسی
پاکستان کی ٹیم میں شاہد آفریدی، محمد حفیظ اور شعیب ملک جیسے اسٹار کھلاڑی شامل تھے، جنہوں نے میچ کے لیے بھرپور تیاری کی تھی۔ پاکستانی شائقین کرکٹ اس مقابلے کا بے صبری سے انتظار کر رہے تھے تاکہ ماضی کی یادیں تازہ کی جا سکیں مگر بھارتی ٹیم کے کھلاڑیوں کے اچانک انکار نے صورتحال بدل کر رکھ دی۔
پاکستانی اسپورٹس حلقے اس بات پر افسردہ ہیں کہ کھیل کو ایک بار پھر سیاست کی بھینٹ چڑھایا جا رہا ہے۔ اسپورٹس ایک ایسا پلیٹ فارم ہے جو قوموں کے درمیان پل کا کام کرتا ہے مگر بھارت نے ایک بار پھر کھیل کو انا اور سیاست کی بھینٹ چڑھادیا۔
اسپورٹس ماہرین کے مطابق بھارت کا یہ رویہ کھیلوں کی سرگرمیوں کے خلاف ہے،کھیل کا مقصد صرف جیت یا ہار نہیں بلکہ قوموں کو قریب لانا، بھائی چارہ اور رواداری کو فروغ دینا ہے۔ ایسے آزادانہ ٹورنامنٹس میں سیاسی اثر و رسوخ کا آنا بین الاقوامی کھیلوں کے مستقبل کے لیے خطرہ بن سکتا ہے۔
یاد رہے کہ اس سے قبل بھی ایشیا کپ، چیمپیئنز ٹرافی اور کئی دیگر بڑے ایونٹس میں بھارت نے پاکستان کے خلاف کھیلنے پر تحفظات کا اظہار کیا ہے۔