فیڈرل بورڈ میٹرک کے نتائج کا اعلان، لڑکیوں نے میدان مار لیا
لڑکیوں نے سائنس اور آرٹس دونوں گروپس میں ٹاپ پوزیشنز حاصل کر لیں

اسلام آباد:فیڈرل بورڈ آف انٹرمیڈیٹ اینڈ سیکنڈری ایجوکیشن (ایف بی آئی ایس ای) نے سیکنڈری اسکول سرٹیفکیٹ (ایس ایس سی) 9ویں اور 10ویں جماعت کے پہلے سالانہ امتحانات 2025 کے نتائج کا اعلان کر دیا۔ یہ امتحانات رواں سال مارچ اور اپریل کے مہینوں میں منعقد ہوئے تھے۔
ایف بی آئی ایس ای کے تحت ہونے والے رواں سال کے سالانہ امتحانات میں لڑکیوں نے ایک بار پھر اپنی تعلیمی برتری ثابت کرتے ہوئے ٹاپ پوزیشنز پر قبضہ جما لیا ہے۔ جاری کردہ تفصیلات کے مطابق، ایس ایس سی پارٹ I (نویں جماعت) میں کامیابی کا مجموعی تناسب 62.18 فیصد رہا جبکہ ایس ایس سی پارٹ II (دسویں جماعت) میں یہ تناسب 88.51 فیصد تک رہا۔ یہ تناسب گزشتہ برسوں کی نسبت بہتر قرار دیا جا رہا ہے۔
رواں سال نویں جماعت میں کل 1,46,348 طلباء و طالبات نے امتحانات میں شرکت کی جن میں سے 89,882 کامیاب قرار پائے جبکہ دسویں جماعت میں 1,37,689 طلباء نے حصہ لیا اور ان میں سے 1,21,120 طلباء و طالبات کامیاب ہوئے۔
تقریب کا انعقاد
نتائج کے اعلان کے سلسلے میں اسلام آباد کے ایچ-8 کالج میں ایک خصوصی تقریب کا اہتمام کیا گیا جس میں نمایاں کارکردگی دکھانے والے طلباء، ان کے والدین اور اساتذہ نے شرکت کی۔ اس تقریب کے مہمانِ خصوصی معروف تعلیمی ماہر ڈاکٹر خالد مقبول صادق تھے جبکہ چیئرمین ایف بی آئی ایس ای پروفیسر ڈاکٹر اکرام علی ملک نے تقریب کے دوران مہمانِ خصوصی کو سالانہ کارکردگی اور نتائج کی تفصیل سے آگاہ کیا۔
چیئرمین ایف بی آئی ایس ای نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ہمارے تعلیمی ادارے ملک کے روشن مستقبل کی ضمانت ہیں اور ہمارے ہونہار طلباء و طالبات اپنی محنت، لگن اور استقامت سے پاکستان کا نام عالمی سطح پر روشن کرنے کی بھرپور صلاحیت رکھتے ہیں۔
نتائج کے مطابق سائنس گروپ میں آرمی پبلک سکول اینڈ کالج ویسٹریج III یوسف کالونی راولپنڈی کی ہونہار طالبہ مریم ندیم نے 1093 نمبر حاصل کر کے پورے بورڈ میں پہلی پوزیشن حاصل کی ۔
اسی طرح دوسری پوزیشن آمنہ ناصر نے حاصل کی جن کا تعلق لاہور گرامر اسکول دی مال واہ کینٹ سے ہے، انہوں نے 1087 نمبر حاصل کیے۔
تیسری پوزیشن مشترکہ طور پر دو طالبات نے حاصل کی جن میں ایک صالحہ ثاقب جو ایمالہ فاؤنڈیشن اسکول اینڈ کالج راولپنڈی سے تعلق رکھتی ہیں جبکہ دوسری طالبہ ہانیہ ایمن وحید ہیں جنہوں نے آرمی پبلک اسکول اینڈ کالج (گرلز، اٹک) سے امتحان دیا۔ دونوں نے 1083 نمبر حاصل کر کے تیسری پوزیشن اپنے نام کی۔
ہیومینٹیز گروپ میں ثناء بی بی نے اپنی محنت اور قابلیت سے پہلی پوزیشن حاصل کی۔ ان کا تعلق شائننگ سٹار پبلک اسکول راولپنڈی کینٹ سے ہے ،انہوں نے 1045 نمبر حاصل کیے۔
اسی گروپ میں عبدالرحمٰن نے 1029 نمبر کے ساتھ دوسری پوزیشن حاصل کی، جن کا تعلق انسٹی ٹیوٹ آف اسلامک سائنس اسلام آباد سے ہے جبکہ 1022 نمبر حاصل کر کے محمد سفیان احمد نے تیسری پوزیشن حاصل کر لی۔ان کا تعلق بھی اسی ادارے سے ہے۔
تعلیمی حلقوں نے ایف بی آئی ایس ای کے اس شفاف اور بروقت امتحان و رزلٹ سسٹم کو سراہتے ہوئے کہا کہ فیڈرل بورڈ ملک بھر میں ایک معیار اور میرٹ کی علامت بن چکا ہے، جہاں طالب علموں کو ان کی قابلیت کے مطابق حق دیا جاتا ہے۔
چیئرمین ایف بی آئی ایس ای نے تمام پوزیشن ہولڈرز اور کامیاب ہونے والے طلبہ کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ یہ نتائج ان کی محنت، اساتذہ کی رہنمائی اور والدین کی دعاؤں کا نتیجہ ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ ایف بی آئی ایس ای ہمیشہ سے میرٹ کو اولین ترجیح دیتا رہا ہے اور جدید ٹیکنالوجی کے ذریعے امتحانی عمل کو شفاف اور منصفانہ بنایا گیا ہے۔
ٹاپ کرنے والی طالبات مریم ندیم، آمنہ ناصر اور صالحہ ثاقب نے اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ان کی کامیابی والدین کی دعاؤں اور اساتذہ کی رہنمائی کا نتیجہ ہے۔ انہوں نے اپنے ہم عمر طلبہ کو بھی نصیحت کی کہ محنت اور لگن ہی کامیابی کی کنجی ہے۔
پوزیشن ہولڈرز کے والدین نے اس موقع پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ان کے بچوں کی محنت رنگ لائی اور اللہ کا شکر ہے کہ ان کی اولاد نے نہ صرف گھر بلکہ ادارے اور پورے شہر کا نام روشن کیا۔ اساتذہ نے بھی اپنی شاگردوں کی کامیابی پر مسرت کا اظہار کیا اور کہا کہ یہ دن تعلیمی اداروں کے لیے بھی فخر کا لمحہ ہے۔
امتحانات کے نتائج چیک کرنے کا طریقہ کار
ایف بی آئی ایس ای نے طلبہ اور والدین کی سہولت کے لیے متعدد ذرائع سے نتائج تک رسائی ممکن بنائی ہے تاکہ ہر طالب علم باآسانی اور بروقت اپنے نتائج معلوم کر سکے۔
اس حوالے سے ترجمان ایف بی آئی ایس ای نے بتایا کہ وہ تمام امیدوار جنہوں نے اپنے داخلہ فارم میں اپنے موبائل نمبر فراہم کیے تھے، انہیں نتائج بذریعہ ایس ایم ایس موصول ہوں گے۔
اس کے ساتھ ساتھ طلباء اپنی مارک شیٹ اور رزلٹ کی تفصیل ایف بی آئی ایس ای کی آفیشل ویب سائٹ (wwww.fbise.edu.pk) سے بھی حاصل کر سکیں گے۔
ایس ایم ایس کے ذریعے رزلٹ معلوم کرنے کا طریقہ
ایف بی آئی ایس ای نے طلباء کے لیے ایک آسان اور فوری سروس متعارف کروا رکھی ہے جس کے تحت امیدوار اپنا رول نمبر مخصوص فارمیٹ میں 5050 پر بھیج کر ایس ایم ایس کے ذریعے اپنا نتیجہ حاصل کر سکتے ہیں۔
فورمیٹ درج ذیل ہوگا:
FB (اسپیس) رول نمبر
اس میسج کو 5050 پر بھیجنے کے بعد آپ کا نتیجہ آپ کو ایس ایم ایس کے ذریعے موصول ہو جائے گا۔