پاک فوج کی کارروائی، شمالی وزیرستان میں دراندازی کی کوشش ناکام، 30 دہشتگرد ہلاک
دہشت گرد بھارت کی پشت پناہی سے سرگرم گروہ "فتنۃ الخوارج" سے تعلق رکھتے تھے، آئی ایس پی آر

راولپنڈی: پاک فوج نے شمالی وزیرستان میں پاک-افغان سرحد کے قریب دراندازی کی کوشش ناکام بناتے ہوئے بھرپور کارروائی میں 30 دہشتگردوں کو ہلاک کر دیا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق یہ کارروائی یکم ،2 جولائی کو اور پھر 2 ،3 جولائی 2025 کی درمیانی شب کوکی گئی جب سکیورٹی فورسز نے حسن خیل کے علاقے میں دہشت گردوں کی مشتبہ نقل و حرکت کو بروقت شناخت کیا۔ بتایا گیا ہے کہ یہ دہشت گرد بھارت کی پشت پناہی سے سرگرم گروہ "فتنۃ الخوارج” سے تعلق رکھتے تھے، جو افغان سرزمین کے راستے پاکستان میں داخل ہونے کی کوشش کر رہے تھے۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ نے مزید بتایا کہ دراندازی کی اس کوشش کے دوران پاک فوج نے اعلیٰ پیشہ ورانہ مہارت اور حکمت عملی کا مظاہرہ کرتے ہوئے دشمن کا منصوبہ ناکام بنایا۔ کارروائی کے نتیجے میں تمام 30 دہشت گرد ہلاک کر دیے گئے جبکہ ان کے قبضے سے بھاری مقدار میں اسلحہ، گولہ بارود اور دھماکہ خیز مواد برآمد کیا گیا۔
آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ اس بروقت کارروائی سے ایک بڑا ممکنہ سانحہ ٹال دیا گیا اور یہ پاک فوج کی ہمہ وقت تیاری اور چوکسی کا واضح ثبوت ہے۔
آئی ایس پی آر نے زور دیا کہ امارتِ اسلامیہ افغانستان کو اپنی سرزمین پاکستان مخالف سرگرمیوں کے لیے استعمال ہونے سے روکنے کے لیے مؤثر اقدامات کرنے چاہئیں تاکہ دونوں ممالک کے درمیان امن کو فروغ دیا جا سکے۔
بیان میں واضح کیا گیا کہ سکیورٹی فورسز وطن عزیز کی سرحدوں کے دفاع اور بھارت کی سرپرستی میں ہونے والی دہشت گردی کے خاتمے کے لیے پرعزم اور ثابت قدم ہیں۔
یہ بھی پڑھیں: بھارت خطے میں دہشتگردی کا سب سے بڑا سرپرست ہے، فیلڈ مارشل
صدرِ مملکت ، وزیراعظم اور وزیر داخلہ کا سیکیورٹی فورسز کو خراج تحسین
دوسری جانب صدرِ مملکت آصف علی زرداری نے شمالی وزیرستان میں دہشت گردی کی کوشش ناکام بنانے اور بھارت کی پشت پناہی سے آنے والے 30 خوارج کو ہلاک کرنے پر سیکیورٹی فورسز کو زبردست خراجِ تحسین پیش کیا ہے۔
صدر مملکت نے اپنے بیان میں کہا کہ بھارتی حمایت یافتہ دہشت گردوں کے خلاف سیکیورٹی فورسز کی کامیاب کارروائیاں خوش آئند اور قابلِ فخر ہیں۔ انہوں نے کہا کہ وطن عزیز کے دفاع کے لیے ہماری فورسز کا عزم غیر متزلزل ہے اور دہشت گردی کے مکمل خاتمے تک کارروائیاں جاری رہیں گی۔
– وزیراعظم پاکستان شہباز شریف نے شمالی وزیرستان کے علاقے حسن خیل میں فتنہ الخوارج کے دہشت گردوں کی دراندازی کی کوشش ناکام بنانے پر سیکیورٹی فورسز کو زبردست خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ 30 خوارجی دہشتگردوں کی ہلاکت سیکیورٹی فورسز کی پیشہ ورانہ مہارت، بروقت ردعمل اور مادرِ وطن کے دفاع کے لیے ان کے غیر متزلزل عزم کا ثبوت ہے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان کی بہادر افواج وطن کی سرحدوں کے دفاع کے لیے سیسہ پلائی ہوئی دیوار کی مانند کھڑی ہیں۔ ایسی کارروائیاں دہشت گرد عناصر کو واضح پیغام دیتی ہیں کہ پاکستان اپنی سالمیت اور امن کے خلاف کسی سازش کو کامیاب نہیں ہونے دے گا۔
شہباز شریف نے کہا کہ پوری قوم اپنی سیکیورٹی فورسز کی قربانیوں پر فخر کرتی ہے اور ان کی جرأت و بہادری کو سلام پیش کرتی ہے۔ اُن کا کہنا تھا کہ ہم ہر قسم کی دہشت گردی کے مکمل خاتمے کے لیے پُرعزم اور متحد ہیں۔
وزیراعظم نے اپنے بیان میں یہ بھی کہا کہ ریاست کے دشمنوں کو انجام تک پہنچانا ہمارا قومی فرض ہے اور اس مشن میں پوری قوم اپنی افواج کے ساتھ کھڑی ہے۔
اس موقع پر وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے بھی سیکیورٹی فورسز کی کارروائی کو سراہتے ہوئے کہا کہ فتنۃ الہندوستان کے 30 دہشت گردوں کو انجام تک پہنچا کر فورسز نے دشمن کو واضح پیغام دیا ہے کہ پاکستان کی سرزمین دہشت گردوں کے لیے محفوظ پناہ گاہ نہیں۔
محسن نقوی نے اپنے بیان میں مزید کہا کہ دہشت گرد عناصر اور ان کے سرپرستوں کو کیفرِ کردار تک پہنچایا جائے گا۔ انہوں نے سیکیورٹی اداروں کی پیشہ ورانہ مہارت اور چوکسی کو ملک کے امن و استحکام کا ضامن قرار دیا۔
وزیر داخلہ نے یقین دلایا کہ پاکستان کی فورسز ہر محاذ پر مستعد اور چاق و چوبند ہیں، اور قوم کو ان کی قربانیوں پر فخر ہے۔