پاکستان
Trending

ایران، اسرائیل کے سیز فائر میں وزیراعظم کا کلیدی کردارہے، وزیر داخلہ

بھارت پر میزائل حملے میں غیبی مدد شامل تھی، محسن نقوی کا انکشاف

اسلام آباد: وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے کہا ہے کہ ایران، اسرائیل میں حالیہ سیز فائر اور امن کی بحالی میں پاکستان کے وزیراعظم کا کلیدی کردار ہے، جس کے پیچھے ریاستی اداروں کی بھرپور حمایت اور حکمت عملی شامل رہی۔

اسلام آباد میں تمام مکاتب فکر کے علمائے کرام کے ایک اہم اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیر داخلہ نے کہا کہ پاکستان نے عالمی سطح پر جس تدبر اور حکمت سے امن کا پیغام دیا، اس میں ملکی قیادت اور ریاستی ادارے نمایاں طور پر متحرک رہے۔

انہوں نے واضح کیا کہ وزیراعظم کی قیادت میں ایران کے معاملے کو جس انداز میں عالمی سطح پر پیش کیا گیا، اس پر پاکستان کو فخر ہے۔ اس عمل کے پیچھے بھی وردی ہے اور اس میں ہمارے رہنماؤں کا کلیدی کردار ہے۔

وزیر داخلہ نے اجلاس میں موجود علمائے کرام کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ ملک میں امن کے قیام اور فرقہ وارانہ ہم آہنگی کے فروغ میں علما کا کردار ہمیشہ سے اہم رہا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ ہم سب کا نظریہ یہ ہونا چاہیے کہ اپنا مسلک چھوڑو مت اور کسی کے مسلک کو چھیڑو مت، امام حسینؓ سب کے ہیں۔

انہوں نے بتایا کہ محرم الحرام کے دوران مذہبی ہم آہنگی کو یقینی بنانے کے لیے حکومت اور علما مل کر کام کریں گے۔

بھارت کے خلاف کارروائی اور غیبی مدد

محسن نقوی نے پہلی بار ایک اہم واقعہ کا انکشاف کرتے ہوئے بتایا کہ پاکستان نے بھارت کی جانب میزائل فائر کیے تھے، مگر ایک میزائل میں تکنیکی مسئلہ پیدا ہوگیا۔ سب کو تشویش تھی کہ کہیں وہ شہری آبادی پر نہ گر جائے لیکن اللہ کی مدد سے وہ میزائل بھارتی آئل ڈپو پر جا گرا، جس سے آگ بھڑک اٹھی۔

انہوں نے مزید بتایا کہ بھارت کی طرف سے جوابی حملے میں کئی میزائل پاکستان کے ایک ایئر بیس کی جانب فائر کیے گئے، جہاں طیارے اور دیگر اہم تنصیبات موجود تھیں مگر حیرت انگیز طور پر ایک بھی میزائل نشانے پر نہیں لگا۔ یہ سب غیبی مدد تھی، جو ہم نے اپنی آنکھوں سے دیکھی،

وزیر داخلہ نے بتایاکہ آرمی چیف نے دوٹوک موقف اختیار کیا تھا کہ اگر بھارت نے حملہ کیا تو اُسے چار گنا زیادہ جواب دیا جائے گا اور بھارت نے یہ جواب بھگتا۔

دہشت گردی کے خلاف مقامی تعاون ختم کرنا ہوگا

محسن نقوی نے خیبرپختونخوا میں جاری دہشت گردی پر بات کرتے ہوئے کہا کہ جب تک مقامی سطح پر دہشت گردوں کی حمایت ختم نہیں ہوگی، اس وقت تک امن قائم نہیں ہوسکتا۔جس دن مقامی مدد ختم ہوگئی، دہشت گرد اس گلی، محلے یا گاؤں میں نہیں رہ سکیں گے۔

انہوں نے اعلان کیا کہ محرم کے بعد تمام مکاتب فکر کے علمائے کرام کے ہمراہ خیبرپختونخوا کے متاثرہ علاقوں کا دورہ کریں گے اور عوامی شعور بیدار کریں گے۔

وزیر داخلہ نے اعلان کیا کہ 14 اگست کو تمام مکاتب فکر کے علما کو فیصل مسجد میں ظہر کی نماز کے لیے اکٹھا کیا جائے گا تاکہ دنیا کو ایک پیغام دیا جا سکے کہ پاکستان ایک ہے اور سب مکاتب فکر متحد ہیں۔

علمائے کرام کا اتحاد و امن کے فروغ میں کردار قابلِ تحسین: طلال چوہدری

اس موقع پر وزیر مملکت برائے داخلہ طلال چوہدری نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ملک بھر کے علما کرام نے ہمیشہ قومی ذمہ داری بہترین انداز میں نبھائی ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ دہشت گردی کے خاتمے کے لیے علما کا کردار مزید مؤثر ہونا چاہیے کیونکہ سکیورٹی فورسز دشمن عناصر کے خلاف برسرپیکار ہیں اور ان کی کامیابی کے لیے قومی اتحاد ناگزیر ہے۔

انہوں نے کہا کہ ہمیں کسی نفرت، فرقہ واریت یا دشمن کے ایجنڈے کا شکار نہیں ہونا چاہیے، ہمیں متحد رہنا ہے اور پاکستان کے امن کو ہر صورت برقرار رکھنا ہے۔

پاکستان نے دنیا میں روشن مثالیں قائم کی ہیں، مولانا عبدالخبیر آزاد

چیئرمین مرکزی رویت ہلال کمیٹی مولانا عبدالخبیر آزاد نے بھی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان نے دنیا میں مذہبی ہم آہنگی، رواداری اور اتحاد کی روشن مثالیں قائم کی ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ اللہ تعالیٰ کے فضل سے ہمیں آپریشن بنیان المرصوص میں کامیابی حاصل ہوئی جبکہ بھارت جیسے مکار ملک نے پاکستان پر بے بنیاد الزامات عائد کیے اور جارحیت مسلط کرنے کی کوشش کی، جس کا پاکستان نے منہ توڑ جواب دیا۔

انہوں نے کہا کہ یہ ملک کلمے کی بنیاد پر وجود میں آیا ہے اور عزت و عروج صرف اللہ دیتا ہے۔ ہمارے برادر اسلامی ملک ایران نے اسرائیل کو بھرپور جواب دیا اور اس تناظر میں ایران اور اسرائیل کے درمیان حالیہ کشیدگی میں پاکستان کا کردار بھی روشن اور قابل فخر ہے۔

مولانا عبدالخبیر آزاد نے مزید کہا کہ محرم الحرام کے تمام مراحل امن و سلامتی کے ساتھ جاری ہیں، تاہم دشمن ہمیشہ تاک میں رہتا ہے، اس لیے ہمیں ہوشیار رہنے کی ضرورت ہے۔ اپنے مسلک کو چھوڑو مت اور کسی کے مسلک کو چھیڑو مت، یہی پیغام ہمارے اتحاد، امن اور بقا کی بنیاد ہے۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button