باجوڑ بم دھماکہ: اسسٹنٹ کمشنر، تحصیلدار سمیت 5 شہید
زخمیوں کو فوری طبی امداد کے بعد ہسپتال میں داخل کیا گیا ، ہسپتال ذرائع

باجوڑ کے علاقے تحصیل خار میں صدیق آباد پھاٹک کے قریب ناوگئی روڈ پر ایک افسوسناک بم دھماکے میں اسسٹنٹ کمشنر ، تحصیلدار سمیت پانچ افراد شہید اور گیارہ زخمی ہوگئے ہیں۔
ہسپتال ذرائع کے مطابق دھماکے کے بعد چار لاشیں خار کے ضلعی ہسپتال منتقل کی گئیں جبکہ زخمیوں کو فوری طبی امداد کے بعد ہسپتال میں داخل کیا گیا ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ ریموٹ کنٹرول بم سے اسسٹنٹ کمشنر ناواگئی فیصل سلطان کی گاڑی کو نشانہ بنایا گیا۔ اس حملے میں تحصیلدار وکیل، اے ایس آئی نو حکیم، پولیس کانسٹیبل رشید اور ایک نامعلوم شخص بھی شہید ہوئے۔
ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر (ڈی پی او) وقاص خان نے بتایا کہ دھماکہ میلہ گراؤنڈ کے قریب تھانہ خار کی حدود میں پیش آیا۔ واقعے کے فوراً بعد پولیس اور سیکیورٹی فورسز نے علاقے کو گھیرے میں لے کر سرچ آپریشن شروع کر دیا ہے۔
دھماکے کے نتیجے میں اسسٹنٹ کمشنر کی گاڑی مکمل طور پر تباہ ہو گئی، جبکہ زخمیوں کو ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر ہسپتال خار منتقل کر دیا گیا ہے۔ سیکیورٹی ادارے واقعے کی تحقیقات میں مصروف ہیں۔
شہید ہونیوالوں کی نماز جنازہ ادا
دوسری جانب باجوڑ اسسٹنٹ کمشنر ناوگئی فیصل اسماعیل ، تحصیلدار ، کانسٹیبل زاہد اور راہگیر فضل کی نماز جنازہ ادا کر دی گئی۔
نماز جناہ سول کالونی خار پولیس لائن میں ادا کی گئی ، جس میں ڈپٹی کمشنر باجوڑ شاہد علی، ڈی پی او وقاص رفیق سمیت دیگر سرکاری افسران اور اہل علاقہ کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔
دریں اثناء شہداء کو باجوڑ پولیس کے چاق و چوبند دستے نے سلامی پیش کی اور حکام نے شہداء کے جسد خاکی پر گلدستے رکھے۔
صدر مملکت اور وزیراعظم کی بم دھماکے کی شدید مذمت
دوسری جانب صدر مملکت آصف علی زرداری اور وزیراعظم شہباز شریف نے دھماکے کی شدید مذمت کی۔
صدر مملکت آصف علی زرداری نے قیمتی جانوں کے ضیاع پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اسسٹنٹ کمشنر باجوڑ ، تحصیلدار اور دیگر اہلکاروں کی شہادت پر دلی افسوس ہوا ہے، ہم شہداء کے اہل خانہ سے دلی تعزیت اور اظہار ہمدردی کرتے ہیں۔
صدر مملکت نے کہا کہ دہشتگرد انسانیت کے دشمن ہیں جو نہتے شہریوں کو نشانہ بناتے ہیں، دہشتگردی کے مکمل خاتمے کے لئے ہر ممکن اقدامات کے عزم کا اعادہ کرتے ہیں۔
علاوہ ازیں وزیراعظم شہباز شریف نے باجوڑ بھاٹک میلے کے قریب ہونے والے دھماکے کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ دہشت گردی کے مکمل خاتمے کے لئے پرعزم ہیں۔
وزیراعظم شہباز شریف نے اسسٹنٹ کمشنر باجوڑ، تحصیلدار اور دیگر اہلکاروں کی شہادت پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا۔شہداء کی درجات بلندی کے لئے دعا کی اور شہداء کے اہل خانہ سے تعزیت کی۔
وزیراعظم شہباز شریف نے زخمی ہونے والوں کی صحت یابی کی دعاء اور انہیں ہر ممکن طبی سہولیات فراہم کرنے کی ہدایت کی۔
مشیر اطلاعات بیرسٹر ڈاکٹر سیف کا باجوڑ دھماکے کی مذمت
دریں اثناء خیبر پختونخوا کے مشیر اطلاعات بیرسٹر ڈاکٹر سیف کا باجوڑ دھماکے کے بعد ردعمل سامنے آیا ہے انہوں نے دھماکے کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا کہ دھماکے میں اسسٹنٹ کمشنر اور تحصیلدار سمیت دیگر قیمتی جانوں کا ضیاع انتہائی افسوسناک ہے، صوبائی حکومت لواحقین کے غم میں برابر کی شریک ہے۔
انہوں نے کہا کہ شہداء کی قربانیاں رائیگاں نہیں جائیں گے، وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین گنڈا پور نے واقعے کی تحقیقات کے لئے احکامات جاریکر دیئے ہیں۔ ملک دشمن عناصر کو اپنے مذموم مقاصد میں کسی صورت کامیاب نہیں ہونے دیں گے۔
مشیر اطلاعات کے پی کے نے کہا کہ وزیراعلی خیبر پختونخوا نے زخمیوں کو طبی سہولیات فراہم کرنے کے لئے ہدایات جاری کر دیں ہیں، تمام ملوث عناصر کو کیفر کردار تک پہنچا کر دم لیں گے۔