پی ٹی آئی نے حکومت کے ساتھ مذاکرات ختم کرنے کا اعلان کر دیا
تین رکنی کمیشن کی تشکیل کی صورت میں مذاکرات دوبارہ شروع کیے جا سکتے ہیں، چیئرمین پی ٹی آئی
بانی پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) عمران خان نے حکومت کی جانب سے جوڈیشل کمیشن کے قیام کا اعلان نہ کرنے پر مذاکرات ختم کرنے کا اعلان کر دیا۔ چیئرمین پی ٹی آئی کے وکیل بیرسٹر گوہر نے کہا ہے کہ تین رکنی کمیشن کی تشکیل کی صورت میں مذاکرات دوبارہ شروع کیے جا سکتے ہیں۔
رپورٹ کے مطابق اڈیالہ جیل کے باہر میڈیا سے بات کرتے ہوئے بیرسٹر گوہر نے کہا کہ عمران خان نے واضح ہدایت دی ہے کہ کمیشن کے قیام کا اعلان نہ ہونے پر بات چیت مزید نہیں بڑھائی جا سکتی۔ ان کا کہنا تھا کہ پی ٹی آئی مذاکرات کے لیے تیار تھی لیکن حکومت کے عدم تعاون کی وجہ سے یہ عمل رک گیا۔
عمران خان نے کہا کہ کمیشن کے قیام کے بغیر مذاکرات آگے نہیں بڑھ سکتے، اور اس بات پر زور دیا کہ مذاکرات صرف تب ہی ممکن ہوں گے جب تین ججز پر مشتمل کمیشن بنایا جائے۔ انہوں نے مزید کہا کہ تحریک انصاف آئین اور قانون کے دائرے میں رہتے ہوئے اپنی کوششیں جاری رکھے گی اور اپوزیشن جماعتوں کے ساتھ مل کر جدوجہد کرے گی۔
بیرسٹر گوہر نے کہا کہ پی ٹی آئی کو کسی بیرونی مدد کی ضرورت نہیں، عمران خان اپنا مقدمہ پاکستانی عدالتوں میں ہی لڑیں گے اور وہیں سے انصاف حاصل کریں گے۔
یہ بھی پڑھیں: پنجاب اسمبلی کا پتنگ بازی پر پابندی کا بل منظور، خلاف ورزی پر سخت سزا کا اعلان
یاد رہے کہ حکومتی کمیٹی نے حالیہ اجلاس کے بعد کہا تھا کہ پی ٹی آئی کے مطالبات کا جواب سات روز کے اندر دیا جائے گا، لیکن جوڈیشل کمیشن کے قیام کا حتمی فیصلہ نہیں کیا گیا۔ مذاکرات کے پہلے تین دور 23 دسمبر، 2 جنوری، اور 16 جنوری کو ہوچکے ہیں۔ آخری ملاقات میں پی ٹی آئی نے حکومت کو اپنا چارٹر آف ڈیمانڈ پیش کیا تھا۔
اسلام آباد میں پارلیمنٹ ہاؤس میں مذاکرات کے بعد اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق اور سینیٹر عرفان صدیقی نے مشترکہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے مذاکرات کی تفصیلات شیئر کیں اور کہا کہ حکومت مطالبات پر تحریری جواب دے گی۔
پی ٹی آئی کے چارٹر آف ڈیمانڈ میں 9 مئی کے واقعات اور عمران خان کی گرفتاری سے متعلق تحقیقات کے لیے دو عدالتی کمیشن بنانے کا مطالبہ کیا گیا ہے۔ پارٹی نے انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں، گرفتاریوں کی قانونی حیثیت، سنسرشپ، اور صحافیوں کے ساتھ ہونے والے سلوک پر بھی تحقیقات کا مطالبہ کیا ہے۔