پاکستان
ٹرینڈنگ

قتل و غارت کرنے والے صرف بلوچستان کے نہیں پورے پاکستان کے دشمن ہیں، وزیراعظم

گوادر ایئرپورٹ نے کل باقاعدہ کام شروع کیا ہے، جو پاکستان کے اہم منصوبوں میں سے ایک ہے

وزیراعظم شہباز شریف نے گوادر پورٹ کے خلاف ہونے والی محاذ آرائی کو پاکستان دشمنی قرار دیا ۔انہوں نے کہا کہ بلوچستان میں قتل و غارت کرنے والے صرف صوبے کے عوام کے نہیں، بلکہ پورے پاکستان کے دشمن ہیں۔

کابینہ کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ غزہ میں خونریزی اور تباہی کے بعد 42 دن کی عارضی جنگ بندی ہوئی ہے اور دعا کی کہ یہ جنگ بندی مستقل طور پر جاری رہے۔

انہوں نے کہا کہ غزہ میں 50 ہزار سے زائد فلسطینی شہید ہوئے ہیں جن میں مائیں، بچے، ڈاکٹرز، انجینئرز اور نوجوان شامل ہیں، جبکہ ہزاروں فلسطینی جیلوں میں ڈالے گئے اور پورے شہر تباہ کر دیے گئے۔ پاکستان نے غزہ میں جنگ بندی کے لیے آواز اٹھائی اور امدادی سامان بھی بھیجا، حالانکہ اس میں کافی مشکلات تھیں۔

وزیراعظم نے مزید کہا کہ گوادر ایئرپورٹ نے کل باقاعدہ کام شروع کیا ہے، جو پاکستان کے اہم منصوبوں میں سے ایک ہے۔ یہ ایئرپورٹ چین کے تعاون سے 230 ملین ڈالر کی لاگت سے مکمل ہوا ہے اور بلوچستان کی معیشت کے لیے سنگ میل ثابت ہوگا۔

انہوں نے کہا کہ گوادر پورٹ کے خلاف محاذ آرائی پاکستان کے مفاد میں نہیں اور یہ قومی دشمنی کے مترادف ہے، خاص طور پر جب کراچی کی بندرگاہوں پر پہلے ہی دباؤ ہے۔

یہ بھی پڑھیں: حجاج کرام کی سہولیات میں غفلت برداشت نہیں کی جائے گی، وزیراعظم

شہباز شریف نے عالمی بینک کے 20 ارب ڈالر کی سرمایہ کاری کے فیصلے کا خیرمقدم کیا اور کہا کہ پاکستان کو اس قرض کو خوش آمدید کہنا چاہیے کیونکہ اس سے ملک کی معیشت کو تقویت ملے گی۔ آئی ٹی کی برآمدات میں بھی اضافہ ہو رہا ہے، اور دسمبر میں 348 ملین ڈالر کی برآمدات ریکارڈ کی گئی ہیں۔ وزیراعظم نے اس بات پر زور دیا کہ اگر پاکستان محنت کرے اور ترقی کی راہ پر قائم رہے تو معیشت مزید مستحکم ہوگی۔

وزیراعظم نے حج کی آمد پر بھی خوشی کا اظہار کیا اور کہا کہ اس بار پاکستانی حاجیوں کے لیے حج کا سفر پرسکون ہو گا۔ آخر میں انہوں نے دہشت گردی کے خلاف قربانیوں کو سراہا اور کہا کہ حکومت اور عوام ان قربانیوں کا قرض نہیں اتار سکتے، لیکن ان قربانیوں کی بدولت پاکستان میں امن اور ترقی کا راستہ کھلے گا۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button