کویت میں شہریوں کو شبِ معراج کی تین چھٹیاں ملیں گی
شبِ معراج کی عام تعطیل پیر کے بجائے جمعرات کو دی جائے گی ،کویتی کابینہ کا فیصلہ
کویت کی کابینہ نے شبِ معراج کے موقع پر 27 جنوری بروز پیر کی عام تعطیل کو 30 جنوری بروز جمعرات منتقل کرنے کی منظوری دے دی ہے۔
عرب میڈیا کے مطابق کابینہ نے یہ فیصلہ اس لیے کیا ہے تاکہ شہریوں کو جمعہ اور ہفتہ کی ویک اینڈ چھٹیوں کے ساتھ تین دن کی تعطیلات کا موقع فراہم کیا جا سکے۔
اگرچہ کویت میں شبِ اسرا و المعراج سرکاری طور پر 27 جنوری بروز پیر کو منائی جائے گی، لیکن چھٹی اب 30 جنوری بروز جمعرات کو دی جائے گی۔
کویتی کابینہ کے مطابق یہ تبدیلی عوام کے لیے سہولت فراہم کرنے اور مذہبی تہواروں اور تقریبات کو عملی طور پر منانے کے درمیان توازن پیدا کرنے کے حکومتی عزم کی عکاس ہے۔
یہ بھی پڑھیں: معروف بھارتی اداکارو ماڈل کی اہلیہ نے اسلام قبول کرلیا
اس فیصلے کے تحت کویت کے شہریوں کو 30 جنوری بروز جمعرات سے لے کر یکم فروری بروز ہفتہ تک تین دن کی تعطیلات میسر آئیں گی۔
یہ بات یاد رہے کہ شبِ معراج اسلام میں انتہائی اہمیت کا حامل واقعہ ہے، جب پیغمبر اسلام حضرت محمد ﷺ نے مسجد الحرام سے مسجد اقصیٰ اور وہاں سے آسمانوں تک کا سفر کیا تھا۔