پاکستان
ٹرینڈنگ

دنیا میں امن، ترقی اور خوشحالی کیلئے ایک ساتھ کام کرنے کی ضرورت ہے، وزیراعظم

مسیحی برادری کو حضرت عیسیٰ علیہ السلام کے امن کے مشن پر عمل پیرا ہونے کی ضرورت ہے، شہباز شریف

اسلام آباد: وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ کرسمس کے دن کی اہمیت کو مدنظر رکھتے ہوئے ہمیں دنیا میں امن، ترقی اور خوشحالی کیلئے ایک ساتھ کام کرنے کی ضرورت ہے۔

وزیراعظم ہاؤس میں منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے شہباز شریف نے کہا کہ قرآن پاک میں حضرت عیسیٰ علیہ السلام کا تفصیل سے ذکر موجود ہے اور ہم مسلمان انہیں اللہ کا نبی مانتے ہیں۔ اللہ پاک نے حضرت عیسیٰ علیہ السلام کو بے شمار معجزات سے نوازا، اور ان کی والدہ حضرت مریم علیہ السلام کا ذکر بھی قرآن میں ہے۔

شہباز شریف نے افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ حضرت عیسیٰ علیہ السلام کی جائے پیدائش پر آج خون کا بازار گرم ہے۔ دنیا بھر میں جہاں جہاں مسیحی برادری آباد ہے، ان پر فرض ہے کہ وہ اس خونریزی کو ختم کرنے کے لیے اپنی تمام تر کوششیں کریں۔

مسیحی برادری کو حضرت عیسیٰ علیہ السلام کے امن کے مشن پر عمل پیرا ہونے کی ضرورت ہے۔

انہوں نے کہا کہ میں اور میرے بھائی نواز شریف دونوں ہی مشنری سکولوں سے پڑھے ہوئے ہیں، اور ہماری استاد مس پائول کا انتقال ہو چکا ہے، لیکن آج کے دن ہمیں یہ پیغام ملتا ہے کہ ہم سب مل کر امن، ترقی اور محبت کو فروغ دیں، تفریق کو ختم کریں، اور برداشت کی فضا پیدا کریں۔

یہ بھی پڑھیں: جوہری پروگرام پر کوئی سمجھوتہ نہیں ہوگا، وزیر اعظم

وزیراعظم نے کہا کہ ہمیں اقلیتوں کے حقوق کا احترام کرنا چاہیے تاکہ وہ خود کو پاکستان کے برابر شہری سمجھیں اور ہمارے ساتھ مل کر ملک کی ترقی اور خوشحالی میں اپنا کردار ادا کر سکیں۔

شہباز شریف نے کہا کہ مسیحی برادری نے ہر شعبہ زندگی میں اپنی خدمات پیش کی ہیں، چاہے وہ پاکستان کی جنگوں کا میدان ہو، سرکاری اداروں میں خدمات ہو یا کوئی اور محاذ، مسیحی برادری نے ہر جگہ اہم خدمات انجام دی ہیں۔ فیصل چودھری اور جسٹس کارنیلئس جیسے نام سب کے ذہنوں میں ہیں، اور ان کا کردار پاکستان کی ترقی میں سنہری حروف سے لکھا جائے گا۔

وزیراعظم نے مزید کہا کہ حضرت عیسیٰ علیہ السلام اور قائداعظم دونوں کی تاریخ پیدائش 25 دسمبر ہے، جس کی وجہ سے اس دن کی اہمیت ہمارے لیے مزید بڑھ جاتی ہے۔

شہباز شریف نے قائداعظم کے قول کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ "اقلیتوں کا تحفظ ہماری ترجیح ہے، اور ان کی ترقی اور خوشحالی ہمارے ایجنڈے کا حصہ ہے۔”

انہوں نے کہا کہ میں مسیحی برادری کو کرسمس کی مبارکباد پیش کرتا ہوں اور یہ یقین دلاتا ہوں کہ آپ کی ترقی اور خوشحالی ہمارے لیے نہ صرف عزیز ہے بلکہ ہماری ذمہ داری بھی ہے، اور ہم اسے بھرپور طریقے سے ادا کرتے رہیں گے، تاکہ پاکستان کو عظیم بنایا جا سکے۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button