پاکستان
ٹرینڈنگ

پی ٹی آئی کیساتھ کسی بھی سطح پر مذاکرات نہیں ہو رہے، وزیر اطلاعات

جو بھی اسلام آباد میں احتجاج کرنے آئے گا، اس کے خلاف کارروائی کی جائے گی، عطاء تارڑ

اسلام آباد: وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات، عطا تارڑ نے کہا ہے کہ پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے ساتھ کسی بھی سطح پر مذاکرات نہیں ہو رہے۔

اسلام آباد میں پریس کانفرنس کے دوران عطا تارڑ نے کہا کہ پی ٹی آئی رہنماؤں کی طرف سے یہ دعوے کہ وہ حکومت کے ساتھ یا حکومت کے علاوہ بات کرنے کے خواہشمند ہیں، محض بے بنیاد ہیں۔

انہوں نے مزید وضاحت دیتے ہوئے کہا کہ وفاقی وزیر داخلہ، محسن نقوی نے اسلام آباد ہائی کورٹ کے حکم کی تعمیل میں ایک بار پی ٹی آئی کے چیئرمین بیرسٹر گوہر سے رابطہ کیا اور انہیں آگاہ کیا کہ اسلام آباد میں کسی بھی قسم کا احتجاج یا دھرنا غیر قانونی ہے۔

عطا تارڑ نے واضح طور پر کہا کہ جو بھی اسلام آباد میں احتجاج کرنے آئے گا، اس کے خلاف کارروائی کی جائے گی، اس پر مقدمات درج ہوں گے اور کسی کو بھی امن خراب کرنے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ اسلام آباد ہائی کورٹ کے حکم کے بعد کسی بھی شخص، خواہ وہ شہری ہو یا خیبر پختونخوا کے سرکاری افسران، کسی کے ساتھ بھی رعایت نہیں برتی جائے گی۔

عطا تارڑ نے خیبر پختونخوا کے وزیراعلیٰ پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ کرم ایجنسی میں 37 افراد کی ہلاکت کے باوجود انہوں نے وہاں جا کر زخمیوں یا مرنے والوں کے اہل خانہ سے تعزیت تک نہیں کی۔ انہوں نے مزید کہا کہ پاک فوج اور دیگر قانون نافذ کرنے والے ادارے صوبے میں قیام امن کے لیے اپنی جانیں دے رہے ہیں، مگر اس کے باوجود پی ٹی آئی کے رہنماؤں کے خلاف الزامات اور تضحیک کی جا رہی ہے۔

وفاقی وزیر نے یہ بھی کہا کہ خیبر پختونخوا میں پولیس کے ادارے کو مضبوط کرنے کے بجائے پی ٹی آئی حکومت نے اس پر توجہ نہیں دی۔ انہوں نے کہا کہ آج بھی پاک فوج اور دیگر سیکیورٹی ادارے صوبے میں امن قائم کرنے کے لیے کام کر رہے ہیں۔

عطا تارڑ نے یہ بھی کہا کہ 9 مئی کے حملوں اور آئی ایم ایف کو خط لکھنے کے بعد پی ٹی آئی نے ملک کی معیشت کو نقصان پہنچانے کی ہر ممکن کوشش کی۔ انہوں نے بشریٰ بی بی کے سعودی عرب کے بارے میں بیان کو تنقید کا نشانہ بنایا، اور کہا کہ یہ بیانات پاکستان کے عالمی تعلقات کو نقصان پہنچانے کے لیے دیے گئے ہیں۔

انہوں نے یہ بات بھی کی کہ پاکستان کے دوسرے ملکوں سے تعلقات کو خراب کرنے کی کسی کو اجازت نہیں دی جائے گی۔ وفاقی وزیر نے واضح کیا کہ کسی بھی شخص کو اسلام آباد میں احتجاج کرنے کی اجازت نہیں دی جائے گی اور اس کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔

عطا تارڑ نے کہا کہ عوام نے اب تحریک انصاف کی حقیقت دیکھ لی ہے اور ان کے اندر کی گروپ بندی کھل کر سامنے آ چکی ہے۔ انہوں نے کہا کہ اب پی ٹی آئی کی سیاست محض ایک تھرڈ ریٹڈ ڈرامے کی مانند ہو چکی ہے۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button