شجاع آباد میں زائرین کی بس کوحادثہ، ایک جاں بحق، متعدد زخمی

شجاع آباد میں زائرین کی بس کوحادثہ، ایک جاں بحق، متعدد زخمی

شجاع آباد : شجاع آباد میں شیر شاہ ٹول پلازہ کے قریب ایک دلخراش حادثہ پیش آیا ہے جس میں زائرین کی ایک بس ٹکرا گئی۔ ابتدائی اطلاعات کے مطابق اس حادثے میں ایک شخص جاں بحق جبکہ 14 افراد زخمی ہو گئے ہیں۔

ریسکیو ذرائع کے مطابق زخمیوں کو فوری طور پر قریبی ہسپتال منتقل کر دیا گیا ہے جہاں انہیں طبی امداد فراہم کی جا رہی ہے۔ زخمیوں میں خواتین اور بچے بھی شامل ہیں۔

تفصیلات کے مطابق یہ بس ایران سے آئی تھی اور صادق آباد کوہاٹ جا رہی تھی۔ حادثے کی اصل وجہ ابھی تک معلوم نہیں ہو سکی تاہم ابتدائی اندازوں کے مطابق تیز رفتار ہونا یا کسی فنی خرابی کا ہونا اس کی وجہ ہو سکتی ہے۔

یہ پاکستان میں حالیہ دنوں میں پیش آنے والا دوسرا بڑا حادثہ ہے۔ اس سے قبل 25 اگست کو لسبیلہ میں مکران کوسٹل ہائی وے پر زائرین کی ایک بس حادثے کا شکار ہوئی تھی جس میں 13 افراد جاں بحق اور 30 سے زائد زخمی ہوئے تھے۔ اس کے علاوہ 21 اگست کو ایرانی شہر یزد میں بھی پاکستانی زائرین کی ایک بس حادثے کا شکار ہوئی تھی جس میں 28 افراد جاں بحق ہو گئے تھے۔

حادثے کی اطلاع ملتے ہی مقامی انتظامیہ اور ریسکیو ٹیمیں موقع پر پہنچ گئیں اور ریسکیو آپریشن شروع کر دیا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں