متنازع پوسٹ :عمران خان کیخلاف بغاوت پر اکسانے کا مقدمہ درج
بانی پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی ) عمران خان کے خلاف سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس (ٹوئٹر) پر متنازع پوسٹ کے بعد بغاوت پر اکسانے کے الزام میں مقدمہ درج کر لیا گیا۔
ذرائع کے مطابق حکومت اور ریاستی اداروں کے خلاف ایکس اکاؤنٹ کے ذریعے بغاوت پر اکسانے کے الزام میں بانی پی ٹی آئی عمران خان کے خلاف مقدمہ درج کر لیا گیا، جس کو 1138/24 کا نمبر دیا گیا جبکہ یہ 13 ستمبر کو درج کیا گیا ہے۔
سائبر کرائم کی چار رکنی ٹیم اڈیالہ جیل میں پوچھ گچھ کے لئے پہنچی،جہاں ڈپٹی سپرنٹنڈنٹ کے ذریعے عمران خان کو پوچھ گچھ کیلئے طلب کیا گیا تاہم وکلاء سے مشاورت کا کہہ کربانی پی ٹی آئی نے تفتیش میں شامل ہونے سے انکار کر دیا تھا۔
ذرائع نے مزید بتایا کہ چار رکنی تفتیشی ٹیم آج دوبارہ تفتیش کے لئے اڈیالہ جیل جائے گی، تفتیشی ٹیم بانی پی ٹی آئی عمران خان سے بغاوت کے پیغامات اور انہیں آگے پھیلانے میں ملوث ساتھیوں کے حوالے سے پوچھ گچھ بھی کرے گی۔