نوازشریف کابجلی صارفین کیلئے 14روپے فی یونٹ ریلیف کا اعلان

لاہور: نوازشریف نے بجلی صارفین کیلئے 14روپے فی یونٹ ریلیف کا اعلان کر دیا.

تفصیلات کے مطابق صدر مسلم لیگ ن میاں نوازشریف نے500 یونٹ تک بجلی استعمال کرنے والوں کیلئے 14روپے فی یونٹ ریلیف کا اعلان کردیا۔

مسلم لیگ (ن) کے قائد اور سابق وزیر اعظم میاں نواز شریف نے مہنگائی اور بجلی کے زائد بلوں کا ذمہ دار عمران خان کی حکومت کو قرار دیا ہے۔ لاہور میں اپنی صاحبزادی مریم نواز کے ہمراہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے نواز شریف نے کہا کہ عمران خان کے دورِ حکومت سے ہی ملک میں مہنگائی کی لہر کا آغاز ہوا تھا۔

نواز شریف نے کہا کہ عمران خان نے خود کہا تھا کہ ملک کو آئی ایم ایف کی ضرورت نہیں اور دنیا بھی کہہ رہی تھی کہ پاکستان آئی ایم ایف کی غلامی سے آزاد ہو چکا ہے۔ لیکن، انہوں نے سوال اٹھایا کہ آئی ایم ایف کو دوبارہ ملک میں کون لایا؟ انہوں نے الزام عائد کیا کہ یہ وہ لوگ ہیں جو اب جیل میں بیٹھے ہیں اور اپنے آپ کو بچانے کے لیے بڑھ چڑھ کر باتیں کر رہے ہیں۔ نواز شریف نے دعویٰ کیا کہ شہباز شریف یا ان کے حکومت کے دور میں آئی ایم ایف کو دوبارہ ملک میں لانے کا کوئی تعلق نہیں۔

سابق وزیر اعظم نے اپنے دور حکومت کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ 2017ء میں ملک میں بجلی کے بل کم تھے اور مہنگائی میں بھی کمی تھی۔ انہوں نے کہا کہ 2013ء میں جب انہوں نے حکومت سنبھالی تو ملک تقریباً ڈیفالٹ کی حالت میں تھا، مگر ان کی حکومت نے معیشت کو مستحکم کیا اور ملک کو ترقی کی راہ پر گامزن کیا۔

نواز شریف نے مزید کہا کہ ان کے دور حکومت میں ڈالر کی قیمت 104 روپے پر برقرار رکھی گئی تھی، لیکن ان کے بعد ڈالر کی قیمت میں بے تحاشہ اضافہ ہوا۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان کے دور میں بینک کی شرح سود سوا پانچ فیصد سے بڑھا کر ساڑھے بائیس فیصد تک پہنچا دی گئی، جس سے سرمایہ کاری پر منفی اثرات مرتب ہوئے۔

انہوں نے کہا کہ موجودہ مہنگائی اور بجلی کے بلوں میں اضافے کی ذمہ داری بھی عمران خان کی حکومت پر عائد ہوتی ہے۔ نواز شریف نے بتایا کہ 2017ء میں بجلی کا بل 1600 روپے تھا، جبکہ آج یہ 18 ہزار روپے تک پہنچ گیا ہے۔

پریس کانفرنس میں نواز شریف نے اعلان کیا کہ پنجاب حکومت عوام کو ریلیف دینے کے لیے مختلف اقدامات کر رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز نے بجلی کے زائد بلوں سے نپٹنے کے لیے گرمی کے مہینوں میں اگست اور ستمبر کے بلوں میں 500 یونٹ تک گھریلو صارفین کو فی یونٹ 14 روپے کا ریلیف دینے کا فیصلہ کیا ہے، جس پر پنجاب حکومت کے 45 ارب روپے خرچ ہوں گے۔ انہوں نے مزید کہا کہ پنجاب حکومت گھروں کو سولر پینل فراہم کرنے کی منصوبہ بندی بھی کر رہی ہے تاکہ بجلی کے بلوں میں مزید کمی لائی جا سکے۔

نواز شریف نے اس بات پر زور دیا کہ وہ اقتدار کے خواہش مند نہیں بلکہ خلوص نیت سے ملک کی خدمت کرنا چاہتے ہیں۔ انہوں نے شہباز شریف سے درخواست کی کہ وہ عوام کو سولر پینل فراہم کرنے کے منصوبے پر دیگر صوبوں کے ساتھ بھی تعاون کریں تاکہ عوام کو مزید ریلیف مل سکے۔

Show More

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button