پاکستان
Trending

بی ایل اے اور مجید بریگیڈ دہشتگرد تنظیمیں قرار، پاکستان کا امریکی فیصلے کا خیرمقدم

پاکستان دہشتگردی کے خاتمےکے لئے پُر عزم ہے، دفتر خارجہ

پاکستان نے کالعدم بلوچ لبریشن آرمی (بی ایل اے) اور مجید بریگیڈ کو دہشت گرد تنظیم کے طور پر بلیک لسٹ کرنے کے امریکی اقدام کا خیر مقدم کیا ہے۔

وزارت خارجہ کی طرف سے جاری کردہ ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ پاکستان نے مجید بریگیڈ کو 18 جولائی 2024 سے دہشت گرد تنظیم کے طور پر ممنوع قرار دے رکھا ہے۔

بی ایل اے اور مجید بریگیڈ پاکستان میں متعدد دہشت گردانہ حملوں میں ملوث ہیں جن میں جعفر ایکسپریس دہشت گردی کا گھناؤنا واقعہ اور خضدار بس حملہ بھی شامل ہے جس کے نتیجے میں قیمتی جانوں کا ضیاع ہوا۔

دفتر خارجہ کے بیان میں کہا گیا ہے کہ پاکستان دہشت گردی کے خلاف ثابت قدم ہے۔ ہماری قربانیوں نے نہ صرف ملک بلکہ علاقائی استحکام اور عالمی سلامتی کے لیے انسداد دہشت گردی میں اہم کامیابیاں حاصل کی ہیں۔

ترجمان نے کہا کہ پاکستان دہشتگردی کے خاتمےکے لئے پُر عزم ہے ۔اس مشترکہ چیلنج پر قابو پانے کے لیے بین الاقوامی برادری کے ساتھ تعاون کے لیے پرعزم ہے۔

واضح رہے کہ بلوچستان میں دہائیوں سے جاری شورش کے دوران بی ایل اے اور اس کے ذیلی گروہ مجید بریگیڈ نے ریاست پاکستان کے خلاف کئی مسلح کارروائیاں کی ہیں۔

یہ گروہ علیحدگی پسند نظریات کے تحت پاکستان کے سکیورٹی اداروں، انفراسٹرکچر اور غیر ملکی مفادات کو نشانہ بناتے رہے ہیں۔ کالعدم مجید بریگیڈ گروپ کئی مہلک حملوں میں ملوث رہی ہے جن میں چینی شہریوں، سکیورٹی فورسز اور پبلک ٹرانسپورٹ کو نشانہ بنایا گیا تھا۔

18 جولائی 2024 کو پاکستان نے کالعدم مجید بریگیڈ کو ایک دہشتگرد تنظیم قرار دے کر اس کے خلاف باضابطہ کارروائی کا عندیہ دیا۔ اس کے بعد امریکہ کی جانب سے ان گروپوں کو دہشتگردوں کی فہرست میں شامل کرنا پاکستان کے مؤقف کی تائید ہے۔

ماہرین کا کہنا ہے کہ یہ پیشرفت چین-پاک اقتصادی راہداری (سی پیک) کے تناظر میں بھی اہم ہے کیونکہ ان حملوں میں زیادہ تر چینی ورکرز اور دیگر منصوبوں کو نشانہ بنایا گیا تھا۔

یہ بھی پڑھیں: کراچی: چینی کارکنوں پر حملے کا ماسٹر مائنڈ 2 ساتھیوں سمیت ہلاک

یاد رہے کہ گزشتہ روز امریکی محکمہ خارجہ نے کالعدم بی ایل اے اور مجید بریگیڈ کو بین الاقوامی دہشتگرد گروپوں کی فہرست میں شامل کرنے کا اعلان کیا تھا۔

یہ بھی پڑھیں: داعش خراسان جیسی دہشتگرد تنظیموں کیخلاف پاکستان غیر معمولی شراکت دار کے طور پر ابھرا ہے، سربراہ امریکی سینٹرل کمانڈ

امریکی محکمہ خارجہ کے جاری اعلامیے میں کہا گیا تھا کہ 2019 میں کالعدم بی ایل اے کو خصوصی طور پر نامزد عالمی دہشت گرد قرار دیا گیا تھا جبکہ مجید بریگیڈ کا نام بی ایل اے کے عالمی دہشت گرد فہرست میں شامل ہے۔ ٹرمپ انتظامیہ کا دہشتگردی کی روک تھام کے لئے عزم برقرار ہے۔

امریکا کا فیصلہ پاکستان کی بہت بڑی کامیابی ہے، چیئرمین پیپلز پارٹی

دوسری جانب چیئرمین پیپلز پارٹی اور سابق وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ امریکا کی جانب سے کالعدم بی ایل اے اور مجید بریگیڈ کو دہشتگرد تنظیم قرار دینا پاکستان کی ایک بہت بڑی کامیابی ہے۔

حیدر آباد میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ امریکا کے بعد اب دیگر ممالک بھی کالعدم بلوچ لیبریشن آرمی (بی ایل اے) اور مجید بریگیڈ کو دہشتگرد تنظیم ڈکلیئر کر سکتے ہیں۔

بلاول بھٹو زرداری کا کہنا تھا کہ امریکا کافیصلہ پاکستان کے موقف کی تائید ہے ۔ اب ہماری کوشش یہ ہونی چاہئے کہ اقوام متحدہ میں بھی ان تنظیموں کو دہشتگرد ڈکلیئر کروایا جائے۔

انہوں نے کہا کہ بی ایل اے جیسی کالعدم دہشتگرد تنظیمیں معصوم اور نہتے شہریوں کو نشانہ بناتی ہیں ، پاکستان اور بھارت کی جنگ کے دوران ان کالعدم تنظیموں نے بھارتی وزیراعظم نریندر مودی کو سپورٹ کیا۔

Mian Kamran

Kamran Jan is a senior journalist at Urdu24.com specializing in Pakistan's political, economic news and others. With over 10 years of reporting experience, he brings accurate, fact-checked stories to readers daily. Visit my profile: About Me

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button