بین الاقوامی
Trending

سونامی کا خطرہ! روس کے بعد بحرالکاہل کے کئی ممالک میں الرٹ جاری

زلزلے کا مرکز مشرق بعید کے شہر پیٹرو پاولوسک-کامچٹسکی سے 136 کلومیٹر کے فاصلے پر تھا اور گہرائی 150 کلو میٹر تھی

ماسکو / ٹوکیو / واشنگٹن : بدھ کے روز روس کے مشرقی ساحل پر 8.8 شدت کے زلزلے نے تباہی مچا دی، مشرقی ساحلی علاقوں سے سونامی کی لہریں ٹکرا گئیں، آفٹر شاکس کا سلسلہ جاری ہے۔ اس کے علاوہ جاپان، امریکا اور بحرالکال کے دیگر ساحلی ممالک نے بھی سونامی کا الرٹ جاری کر دیا ہے۔

زلزلے کے بعد سونامی کی خوفناک لہریں روس کے شہر کامچٹکا، سیویرو–کورلسک اور مارکیساس جزائر سے ٹکرا گئیں، جس کے بعد مختلف ممالک نے بھی ہنگامی بنیادوں پر شہریوں کو محفوظ مقامات پر منتقل کرنے کی ہدایات جاری کر دیں ہیں۔

روسی حکام کے مطابق زلزلے کا مرکز مشرق بعید کے شہر پیٹرو پاولوسک-کامچٹسکی سے 136 کلومیٹر کے فاصلے پر تھا اور گہرائی 150 کلو میٹر تھی۔

ہنگامی حالات کے علاقائی وزیر سرگئی لیبیڈیف نے بھی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ زلزلے کے بعد 4 میٹر تک بلند لہریں کامچٹکا کے ساحلوں سے ٹکرا گئیں۔

سونامی کا خطرہ! روس کے بعد بحرالکاہل کے کئی ممالک میں الرٹ جاری
سونامی کا خطرہ! روس کے بعد بحرالکاہل کے کئی ممالک میں الرٹ جاری

سرکاری میڈیا رپورٹس کے مطابق سیویرو- کورلسک کے ساحلی شہر میں سونامی کی لہریں پانچ میٹر سے بھی اونچی تھیں، جن کے باعث ہزاروں افراد کو ہنگامی بنیادوں پر اپنے گھر چھوڑنا پڑے۔

علاوہ ازیں جاری ویڈیوز اور تصاویر میں عمارتیں پانی میں ڈوبی ہوئی دیکھی گئیں۔ مقامی میئر الیگزینڈر اووسیانیکوف نے بتایا کہ ہم نے بروقت انخلاء مکمل کر لیا ہے اور تمام شہری محفوظ علاقوں میں منتقل ہو چکے ہیں۔

روس کی وزارت ہنگامی حالات نے شمالی جزائر کریل کے علاقے میں ایمرجنسی نافذ کر دی ہے۔ مقامی ذرائع کے مطابق پانی کے بہاؤ میں تیزی کے باعث گاڑیوں ، کشتیوں اور دیگر املاک کو بھی نقصان پہنچا ہے۔ اس جزیرے کے تقریباً 2 ہزار سے زائد افراد کو بھی محفوظ مقامات پر منتقل کر دیا گیا ہے۔

سونامی کا خطرہ! روس کے بعد بحرالکاہل کے کئی ممالک میں الرٹ جاری

سونامی کا خطرہ! روس کے بعد بحرالکاہل کے کئی ممالک میں الرٹ جاری

جاپان میں خطرے کی گھنٹی

دوسری جانب جاپان کے موسمیاتی ماہرین نے ساحلی علاقوں میں 3 میٹر بلند لہروں کی پیش گوئی کر دی ہے ، جاپان کے وزیراعظم شیگیر واشیبا نے عوام سے اپیل کرتے ہوئے کہا کہ جن علاقوں میں زیادہ سونامی کا خطرہ ہے وہ لوگ جلد از جلد کسی محفوظ مقام پر پہنچ جائیں اور علاقوں کو جلد خالی کر دیں۔

غیر ملکی میڈیا رپورٹ کے مطابق جاپان کے ساحلی علاقے میں بھی 30 سینٹی میٹر تک لہریں دیکھی گئیں تاہم ابھی تک کسی جانی یا مالی نقصان کی اطلاع نہیں ملی۔

ہوائی اور امریکہ کے مغربی ساحل پر ہنگامی الرٹ

جاپان کے علاوہ امریکی نیشنل ویدر سروس نے ہوائی، الاسکا اور کیلیفورنیا سمیت کئی ریاستوں میں سونامی وارننگ جاری کی ہے۔ ہوائی کے ہونولولو شہر میں ایمرجنسی مینجمنٹ ڈیپارٹمنٹ نے کچھ علاقوں میں انخلاء کا حکم دیا۔

ایجنسی نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس (سابق ٹوئٹر) پر جاری کردہ پیغام میں خبردار کرتے ہوئے کہا کہ تباہ کن سونامی لہریں آ رہی ہیں فوری طور پر علاقوں کو خالی کر دیاجائے۔

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے بھی اپنی ایک پوسٹ میں عوام سے اپیل کرتے ہوئے کہا کہ ایڈوائزری پر عمل کریں اور محفوظ رہیں، ہم سب متحدہ ہو کر اس آفت کا سامنا کریں گے۔

علاوہ ازیں امریکی سونامی وارننگ سینٹر کے مطابق فلپائن، انڈونیشیا، تائیوان، ایکواڈور، چلی، پیرو، کوسٹا ریکا اور بحرالکاہل کے دیگر جزائر میں بھی 1 سے 3 میٹر تک کی تیز اور خطرناک لہریں ممکن ہیں۔

فرانسیسی پولینیشیا کے مارکیساس جزائر میں بھی 4 میٹر تک لہریں آنے کی پیش گوئی کر دی گئی ہے۔ مقامی وقت کے مطابق رات ایک بجے سے صبح تک یہ لہریں جزیرے سے ٹکرا سکتی ہیں۔

یونیورسٹی آف ٹیکساس انسٹی ٹیوٹ برائے جیو فزکس کے پروفیسر ناتھن بینگس کے مطابق یہ زلزلہ ایک سبڈکشن زون میں آیا ہے، جو تاریخ میں بڑے سونامی پیدا کرنے کے لیے جانا جاتا ہے۔ یہ وہی صورتحال ہے جو 2004 کے سماٹرا زلزلے اور 2011 کے جاپانی زلزلے کے دوران تھی۔

یہ بھی پڑھیں: ٹیکساس میں شدید سیلاب نے ہلا کر رکھ دیا: قدرتی آفت یا انسانی غفلت؟

ورجینیا ٹیک یونیورسٹی کے سونامی ماہر رابرٹ ویس نے بھی خبردار کرتے ہوئے کہا کہ گنجان آباد علاقوں میں تین میٹر یا اس سے بلندلہریں تباہ کن ہو سکتیں ہیں۔

روسی حکومت کی فوری کارروائیاں

روسی گورنر ولادیمیر سولوڈوف نے زلزلے کو دہائیوں میں سب سے بڑا قرار دیا ہے۔ وزیر صحت اولیگ میلنکوف نے تصدیق کی کہ کئی افراد زخمی ہوئے ہیں لیکن خوش قسمتی سے ان میں سے کوئی تشویشناک حالت میں نہیں ہے۔

ہنگامی ریسکیو ٹیمیں، ہیلی کاپٹرز اور کشتیوں کو الرٹ کر دیا گیا ہے تاکہ کسی بھی ہنگامی صورتحال میں فوری کارروائی کی جا سکے۔

پیسیفک سونامی وارننگ سینٹر (PTWC) کی ایک تازہ اپ ڈیٹ کے مطابق ہوائی میں کسی بڑے سونامی کی فوری امکان نہیں تاہم الرٹ ابھی تک باقی ہے۔

ماہرین نے خبردار کیا ہے کہ سونامی کی لہریں ایک سے زیادہ بار آ سکتی ہیں، اس لیے عوام کو ہر ممکن احتیاط کرنی چاہیے۔

Mian Kamran

Kamran Jan is a senior journalist at Urdu24.com specializing in Pakistan's political, economic news and others. With over 10 years of reporting experience, he brings accurate, fact-checked stories to readers daily. Visit my profile: About Me

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button