بھارت کی اشتعال انگیزی کا فوری اور منہ توڑ جواب دیا جائے گا،فیلڈ مارشل
بھارت اپنے مقرر کردہ فوجی اہداف حاصل کرنے میں ناکام رہا،عاصم منیر

اسلام آباد: چیف آف آرمی اسٹاف فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے کہا ہے کہ آپریشن بنیان المرصوص میں پاکستان کی کامیابی پر بھارت کے بیرونی حمایت جیسے الزامات غیر ذمہ دارانہ اور حقائق کے منافی ہیں، پاکستان کی خودمختاری ، سالمیت یا کسی بھی قسم کی مہم جوئی کے خلاف فوری اور منہ توڑ جواب دیا جائے گا۔خالصتاً دوطرفہ فوجی تصادم میں دیگر ملکوں کو شامل کرنا بھارت کی ناقص سیاسی کوشش ہے،
نیشنل ڈیفنس یونیورسٹی اسلام آباد کے دورے کے دوران ’نیشنل سیکیورٹی اینڈ وار کورس‘ کے فارغ التحصیل افسران سے خطاب کرتے ہوئے فیلڈ مارشل عاصم منیر نے کہا کہ جدید دور کی جنگیں صرف جدید ہتھیاروں یا سیاسی نعرے بازی سے نہیں بلکہ پیشہ ورانہ قابلیت، ادارہ جاتی مضبوطی اور قومی عزم سے جیتی جاتی ہیں۔
انہوں نے ہائبرڈ، روایتی اور غیر روایتی خطرات سے مؤثر انداز میں نمٹنے کی صلاحیت رکھنے والی مستقبل کی قیادت کی تیاری میں نیشنل ڈیفنس یونیورسٹی جیسے اہم اداروں کے کردار کو سراہا اور سول اور ملٹری اداروں کے مابین ہم آہنگی کو فروغ دینے کی ضرورت پر بھی زور دیا۔
فیلڈ مارشل نے آپریشن سندور سے متعلق کہا کہ بھارت اپنے مقرر کردہ فوجی اہداف حاصل کرنے میں ناکام رہا، نئی دہلی کی جانب سے اس ناکامی کی غیر منطقی توجیہات پیش کرنا دراصل اس کی کمزور آپریشنل تیاری اور تزویراتی بصیرت کی کمی کو ظاہر کرتا ہے۔
آپریشن بنیان مرصوص میں پاکستان کی کامیابی
فیلڈ مارشل نے آپریشن بنیان مرصوص میں پاکستان کی کامیابی کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ بھارت کی جانب سے اس کامیابی کو بیرونی حمایت سے جوڑنے کے الزامات حقائق کے منافی ہیں۔ یہ الزامات بھارت کی روایتی ہچکچاہٹ اور پاکستان کی دہائیوں پر مبنی حکمت عملی، مضبوط اداروں اور مقامی صلاحیت کو تسلیم نہ کرنے کی عکاسی کرتے ہیں۔
خطے میں بھارتی کردار پر سوالات
فوجی سربراہ نے بھارت کے خطے میں نیٹ سیکیورٹی پرووائیڈر بننے کے دعووں کو مسترد کرتے ہوئے کہا کہ یہ خود ساختہ بیانیہ صرف ایک فرضی کردار کو ثابت کرنے کی ناکام کوشش ہے، جب کہ خطے کے بیشتر ممالک بھارت کی جارحیت اور ہندوتوا نظریے سے تنگ آ چکے ہیں۔
انہوں نے پاکستان کی خارجہ پالیسی کو اصولی، باہمی احترام اور امن پر مبنی قرار دیتے ہوئے کہا کہ پاکستان نے اقوام عالم میں اپنی ساکھ اصولی سفارتکاری اور دیرپا شراکت داری سے قائم کی ہے اور خود کو خطے میں ایک مستحکم اور ذمہ دار ریاست کے طور پر منوایا ہے۔
کسی بھی حملے کا سخت جواب دینے کا عندیہ
فیلڈ مارشل عاصم منیر نے خبردار کیا کہ اگر بھارت نے پاکستان کی آبادی کے مراکز، فوجی تنصیبات یا اقتصادی اداروں کو نشانہ بنانے کی کوشش کی تو اس کا ردعمل انتہائی سخت، تکلیف دہ اور ناقابلِ تصور ہوگا۔
انہوں نے کہا کہ اس طرح کی کسی بھی کشیدگی کی مکمل ذمہ داری اس مغرور جارح پر عائد ہوگی جو ایک خودمختار ایٹمی ریاست کے خلاف اشتعال انگیزی کے نتائج کو سمجھنے میں ناکام رہا۔
قومی اداروں اور دفاعی تیاریوں پر اعتماد
خطاب کے اختتام پر آرمی چیف نے پاکستان کی مسلح افواج کی پیشہ ورانہ مہارت، جنگی تیاری اور عزم پر مکمل اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے افسران پر زور دیا کہ وہ دیانتداری، بے لوث خدمت اور قومی مفاد کے تحفظ کے لیے ثابت قدم رہیں۔
انہوں نے نیشنل ڈیفنس یونیورسٹی کے کردار کو سراہتے ہوئے کہا کہ یہ ادارہ ملک کو مستقبل کی باصلاحیت عسکری قیادت فراہم کرنے میں کلیدی کردار ادا کر رہا ہے۔
آپریشن بنیان المرصوص اور پاک بھارت حالیہ کشیدگی
یاد رہے کہ سال 2025 میں پاکستان اور بھارت کے درمیان سرحدی کشیدگی میں شدت آئی تھی، جس کے دوران بھارت نے آپریشن سندور کے تحت محدود فوجی کارروائی کی کوشش کی لیکن وہ اپنے مقرر کردہ فوجی اہداف حاصل کرنے میں ناکام رہا۔
اس کے برعکس پاکستان نے آپریشن بنیان المرصوص کے تحت مؤثر اور منظم دفاعی حکمت عملی اپناتے ہوئے نہ صرف بھارتی جارحیت کو پسپا کیا بلکہ بین الاقوامی سطح پر اپنے دفاعی مؤقف کو بھرپور انداز میں اجاگر بھی کیا۔