لائف سٹائل

ڈیجیٹل محبت نہیں چاہیے: سارہ علی خان نے ڈیٹنگ ایپس سے دوری کی اصل وجہ بتا دی

اگر میرا ساتھی رشتہ تسلیم نہ کرے، تو یہ حیرت انگیز ہوگا!

ممبئی: بالی ووڈ کی اداکارہ سارہ علی خان نے ڈیٹنگ ایپس سے دوری کی وجہ بتا دی ، انہوں نے کہا کہ ڈیجیٹل محبت نہیں چاہئے اور میں آج تک کسی بھی ڈیٹنگ ایپ کا حصہ نہیں بنی ہیں۔

نیوز 18 کو دیے گئے خصوصی انٹرویو میں سارہ نے اپنی ذاتی زندگی، رشتوں کے نظریے، اور ڈیٹنگ ایپس پر اپنے اعتماد کی کمی کے بارے میں بےباک گفتگو کی۔

ان کا کہنا تھاکہ میں نے کبھی کوئی ڈیٹنگ ایپ استعمال نہیں کی۔ کچھ لوگوں کے لیے وہ کام کرتی ہیں لیکن مجھے لگتا ہے کہ کسی شخص کو حقیقی طور پر ملنا اور جاننا زیادہ فطری اور مؤثر ہوتا ہے۔ اس ڈیجیٹل دنیا میں جہاں سب کچھ آن لائن ہوتا جا رہا ہے، اگر رشتے بھی صرف اسکرین پر ہی بنیں تو وہ میرے لیے دلچسپ نہیں ہوں گے۔

بالی ووڈ کی باصلاحیت اداکارہ سارہ علی خان نے حالیہ انٹرویو میں اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے ایک ایسے پہلو کو "سبز جھنڈا” قرار دیا ہے جو اکثر لوگوں کے لیے "سرخ پرچم” سمجھا جاتا ہے۔

جب رشتہ تسلیم نہ کرنا سبز جھنڈا بن جائے!

سارہ نے ہنستے ہوئے کہاکہ اگر میرا بوائے فرینڈ ہمارے رشتے کو تسلیم کرنے کے لیے تیار نہیں ہے، تو میں اسے 108 سبز جھنڈے دوں گی! ان کا یہ بیان سننے والوں کے لیے چونکا دینے والا ضرور ہو سکتا ہے، مگر سارہ نے وضاحت کرتے ہوئے بتایا کہ وہ اس آزاد خیالی اور نجی دائرے کی اہمیت کو سراہتی ہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ ایسا رویہ، جو عموماً ایک ریڈ فلیگ سمجھا جاتا ہے، میرے لیے ایک نایاب اور دلچسپ رویہ ہے کیونکہ اس میں آزادی اور تعلقات کی پیچیدگی کو سمجھنے کی جھلک ملتی ہے۔

رشتوں میں شراکت داری اور آزادی پر زور

سارہ علی خان نے رشتوں میں توازن اور خودمختاری کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے کہاکہ میں اس سوچ پر یقین نہیں رکھتی کہ صرف مرد ہی بل ادا کرے۔ میں اخراجات کو بانٹنے کے حق میں ہوں۔ اگر کوئی شخص مجھ سے بار بار میرے مقام کے بارے میں پوچھے یا میری لوکیشن جاننے پر اصرار کرے، تو یہ میرے لیے غیر آرام دہ بات ہوگی۔

انٹرویو کے دوران انہوں نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ رشتہ تبھی مضبوط ہوتا ہے جب دونوں افراد ایک دوسرے پر بھروسہ کریں اور آزادی کا دائرہ برقرار رکھیں۔

افواہوں کی گونج: ارجن پرتاپ باجوہ کے ساتھ رشتہ؟

گزشتہ کچھ عرصے سے سارہ علی خان اور سابق ماڈل و سیاستدان ارجن پرتاپ باجوہ کے درمیان قریبی تعلقات کی خبریں منظر عام پر آ رہی ہیں۔ دونوں کو کیدارناتھ کی یاترا اور بعد ازاں راجستھان میں ایک جیسے مقامات پر الگ الگ تصاویر میں دیکھا گیا، جس سے چہ مگوئیاں تیز ہو گئیں کہ شاید دونوں ساتھ وقت گزار رہے ہیں۔

تاہم ارجن نے ان قیاس آرائیوں کو رد کرتے ہوئے کہاکہ لوگ کچھ بھی لکھتے ہیں، یہ ان کا کام ہے۔ میں اپنی زندگی پر توجہ مرکوز رکھتا ہوں اور ان باتوں پر دھیان نہیں دیتا۔

ماضی میں سارہ کا نام کارتک آریان اور ویر پہاڑیہ کے ساتھ بھی جوڑا گیا تھا لیکن سارہ نے کبھی ان تعلقات کی کھل کر تصدیق یا تردید نہیں کی۔

واضح رہے کہ اداکارہ سارہ علی خان اس وقت معروف ہدایتکار انوراگ باسو کی فلم میٹرو ان ڈینو میں اہم کردار ادا کر رہی ہیں، جس میں ان کے ہمراہ آدتیہ رائے کپور، کونکنا سین شرما، پنکج ترپاٹھی، انوپم کھیر، نینا گپتا، فاطمہ ثنا شیخ اور علی فضل جیسے مایہ ناز فنکار شامل ہیں۔

یہ فلم 2007 کی ہٹ فلم لائف ان اے میٹرو کا روحانی سیکوئل ہے، جو شہری زندگی کے تناظر میں چار مختلف عمروں کے جوڑوں کی محبت، جدوجہد اور خواہشات کی کہانی بیان کرتی ہے۔ فلم کو شائقین اور ناقدین کی جانب سے مثبت ردِعمل موصول ہو رہا ہے۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button