اظہر محمود قومی ٹیسٹ کرکٹ ٹیم کے قائمقام ہیڈ کوچ مقرر
سابق پاکستانی کرکٹر اظہر محمود یہ ذمہ داری اپنے موجودہ معاہدے کی تکمیل تک انجام دیں گے، پی سی بی کا اعلامیہ جاری

لاہور: سابق آل راؤنڈ اظہر محمود کو قومی ٹیسٹ کرکٹ ٹیم کے قائمقام ہیڈ کوچ مقرر کر دیا گیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے سابق کرکٹر اظہر محمود کو قومی ٹیسٹ کرکٹ ٹیم کا قائمقام ہیڈ کوچ مقرر کر دیا۔
پاکستان کرکٹ بورڈ کی جانب سے جاری اعلامیہ کے مطابق سابق پاکستانی کرکٹر اظہر محمود یہ ذمہ داری اپنے موجودہ معاہدے کی تکمیل تک انجام دیں گے۔
پی سی بی نے کہا کہ اظہر محمود ایک تجربہ کار کھلاڑی اور آل راؤنڈر رہے ہیں ، قومی ٹیم کے اسسٹنٹ ہیڈ کوچ کی حیثیت سے خدمات بھی سر انجام دیں ہیں اور وہ طویل عرصے سے ٹیم کی حکمت عملی کا اہم حصہ رہے ہیں۔
جاری اعلامیے میں مزید کہا گیا کہ انگلش کاؤنٹی سرکٹ میں کامیابی اور کرکٹ سے متعلق ایک گہرا علم اور عالمی سطح پر براہ راست تجربہ انہیں اس عہدے کے لئے بہترین انتخاب بناتی ہے۔
بورڈ نے کہا کہ اظہر محمود کی ریڈ بال مہار کو دو کاؤنٹی چیمپئن شپ ٹائٹلز نے مزید نمایاں کیا ہے، جو ان کی حکمت عملی، قیادت اور عمدگی کے لئے غیر متزلزل عزم کا ثبوت ہیں۔
Azhar Mahmood appointed acting red-ball head coach
Details here ⤵️ https://t.co/4I5n1xmLlx
— PCB Media (@TheRealPCBMedia) June 30, 2025
پی سی بی کی جانب سے بھر پور اعتماد کا اظہار
پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کی جانب سے بھر پور اعتماد کا اظہار کیا کہ ان کی رہنمائی میں پاکستان ریڈ بال ٹیم ایک بار پھر عالمی سطح پر نظم و ضبط، طاقت اور عمدہ کارکردگی کے لحاظ سے مزید ترقی کرے گی۔
یاد رہے کہ اظہر محمود اس سے پہلے بھی پاکستان ٹیم کے لئے مختلف کوچنگ کی ذمہ داریاں انجام دیتے رہے ہیں۔
اظہر محمود کی حالیہ ذمہ داری اپریل 2023 میں نیوزی لینڈ کے خلاف 5 میچز کی ٹی ٹوئنٹی سیریز کے دوران ہیڈ کوچ کی تھی۔
واضح رہے کہ گزشتہ 2 سالوں کے دوران پی سی بی کی جانب سے 6 ہیڈ کوچز آزمانے کے باوجود قومی ٹیم کی عالمی سطح پر کارکردگی میں خاطر خواہ تبدیلی نہ آئی تو پی سی بی نے اپریل 2025 میں ایک مرتبہ پھر اس عہدے کے لئے اشتہار جاری کر دیا تھا۔
اس سے قبل قائمقام ہیڈ کوچ عاقب جاوید تھے جنہوں نے آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی کے بعد اس سال فروری -مارچ میں عہدہ چھوڑ دیا تھا، عاقب جاوید گزشتہ 6 ماہ کے دوران سلیکٹر اور کوچ دونوں کے دور پر کام کررہے تھے۔
تجزیہ کاروں کا کہنا ہے کہ اظہر محمود ایک طویل کرکٹ کیریئر کے حامل آل راؤنڈر رہے ہیں۔ انہیں نہ صرف بین الاقوامی کرکٹ کا تجربہ حاصل ہے بلکہ انگلش کاؤنٹی کرکٹ میں بھی انہوں نے نمایاں کارکردگی دکھائی ہے۔ یہ تجربہ خاص طور پر ریڈ بال (ٹیسٹ) کرکٹ میں ٹیم کی حکمت عملی اور منصوبہ بندی کے لیے فائدہ مند ہو سکتا ہے۔
ماہرین کے مطابق گزشتہ 2سالوں میں چھ مختلف ہیڈ کوچز کی تقرری سے جو عدم استحکام پیدا ہوا، اظہر محمود کی تقرری اس تسلسل کو وقتی طور پر ختم کر سکتی ہے۔
دوسری جانب تجزیہ کاروں کی رائے کے مطابق اظہر محمود کا تقرر قائم مقام حیثیت میں کیا گیا ہے، لیکن بارہا وقتی حل اپنانے سے ٹیم کے طویل المدتی وژن پر سوالات اٹھتے ہیں۔ اس سے کھلاڑیوں میں کنفیوزن پیدا ہو سکتی ہے اور اعتماد کا فقدان بڑھ سکتا ہے۔
پی سی بی کی بار بار کوچز تبدیل کرنے کی روایت یہ ظاہر کرتی ہے کہ بورڈ کے اندر فیصلہ سازی کے عمل میں یا تو جلد بازی ہے یا وژن کی کمی، اظہر محمود کی کامیابی اسی صورت میں ممکن ہو گی جب بورڈ ان کی مکمل حمایت کرے اور طویل المدتی اعتماد کا مظاہرہ کرے۔
ماہرین کے مطابق قومی ٹیم کی حالیہ عالمی کارکردگی توقعات سے کم رہی ہے۔ اظہر محمود کو نہ صرف کوچنگ کی ذمہ داری نبھانی ہے بلکہ ٹیم کا مورال بلند کرنا بھی ایک بڑا چیلنج ہوگا۔
تجزیہ کاروں کا کہنا ہے کہ سابق آل راؤنڈر اظہر محمود اگر کچھ ابتدائی کامیابیاں حاصل کرتے ہیں تو پی سی بی کو چاہیے کہ ان کے ساتھ باقاعدہ اور طویل المدتی معاہدہ کرے تاکہ ٹیم میں تسلسل اور نظم و ضبط قائم ہو سکے۔