بھارت خطے میں دہشتگردی کا سب سے بڑا سرپرست ہے، فیلڈ مارشل
پاکستان نے نہ پہلے کبھی اس کی اجارہ داری قبول کی اور نہ کبھی کرے گا، 52 ویں کامن ٹریننگ پروگرام سے خطاب

راولپنڈی: فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے کہا کہ بھارت خطے میں دہشتگردی کا سب سے بڑا سرپرست ہے، بحیثیت قوم ہم پاکستانی کبھی بھی بھارت کے آگے جھکے ہیں نا جھکیں گے۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق 52 ویں کامن ٹریننگ پروگرام کے دوران آرمی چیف فیلڈ مارشل عاصم منیر سے افسران نے ملاقات کی۔ ملاقات کے دوران پاک فوج کے زمانہ امن اور دیگر حوالوں سے امور پر بات چیت ہوئی۔
آئی ایس پی آر کے مطابق افسران نے فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کے ویژن اور پاک فوج کے کردار کو سراہا۔
آرمی چیف نے کہا کہ معرکہ حق ریاست کی تمام اکائیوں نے مثالی ہم آہنگی کا مظاہرہ کیااور اللہ نے معرکہ حق مین ہماری مدد کی کیونکہ ہم حق پر تھے۔ معرکہ حق میں پاکستان نے کشمیر ایل او سی سے لے کر ساحل سمندر تک بھارت کی بلاجواز جارحیت کے خلاف بہترین جواب دیا۔
پاکستان نے نہ پہلے کبھی اس کی اجارہ داری قبول کی اور نہ کبھی کرے گا، فیلڈ مارشل
فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے کہا کہ ہم بھارت کو واضح پیغام دیتے ہیں کہ پاکستان نے نہ پہلے کبھی اس کی اجارہ داری قبول کی اور نہ کبھی کرے گا۔افواج پاکستان دورِ حاضر کے جنگی تقاضوں کے مطابق اپنے آپ کو ہمہ وقت تیار رکھتی ہے۔
افغانستان سے اچھے تعلقات کے خواہاں ہیں، آرمی چیف
انہوں نے کہا کہ افغانستان ہمارا ہمسایہ اور برادر اسلامی ملک ہے اور ہم اس سے اچھے تعلقات کے خواہاں ہیں، تاہم افغانستان سے ایک ہی تقاضا کرتے ہیں کہ بھارت کی دہشت گردانہ پروکسیوں فتنۃالخوارج اور فتنۃالہندوستان کو جگہ نہ دیں۔
آرمی چیف نے کہا کہ بھارت خطے میں دہشتگردی کا سب سے بڑا سرپرست ہے اور بحیثیت پاکستانی کبھی بھارت کے اگے جھکے ہیں نہ جھکیں گے۔
انہوں نے مزید کہاکہ بھارت میں دہشتگردی ان کا اندرونی مسئلہ ہے جو اس کے اپنی اقلیتوں اور بالخصوص مسلمانوں سے متعصبانہ اور ظالمانہ رویوں کا نتیجہ ہے۔
فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے کہا کہ جو اقوام اپنی تاریخ بھول جاتی ہیں انکا مستقبل بھی تاریک ہو جاتا ہے۔ پاکستان کی تاریخ اور کہانی کو جانیئے اور اپنی اگلی نسلوں کو بتائیں، اپنے اندر قابلیت، جرات اور کردار پیدا کریں اگر ان میں سے ایک جزو کو چننا ہو تو ہمیشہ کردار کو فوقیت دیں۔ ملک سے محبت اور وفاداری اولین اور بنیادی شرط ہے۔
آرمی چیف نے افسران کو ہدایت کی کہ ہر نظام میں کمزوریاں اور مسائل ہوتے ہیں آپ کا کام ہے کہ منفی قوتوں اور کمزوروں کو نظام پر حاوی نہ ہونے دیں ، اس کے علاوہ اپنی انفرادی اور علاقائی پہچان کو چھوڑ کر یا اس سے بڑھ کر پاکستانیت کو اپنی پہچان بنائیں۔
پاک فوج علاقائی امن واستحکام کی ضامن ہے، سید عاصم منیر
فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے کہا کہ پاک فوج علاقائی امن واستحکام کی ضامن ہے۔ سول بیوروکریسی کار یاستی نظم و نسق میں کلیدی کردار ہے، نوجوان افسران دیانت، پیشہ ورانہ مہارت اور حب الوطنی کو شعار بنائیں۔
آئی ایس پی آر کے مطابق فیلڈ مارشل نے ادارہ جاتی ہم آہنگی اور قومی یکجہتی کے فروغ پر زور دیا اور قومی سلامتی، داخلی و خارجی چیلنجز پر تفصیلی گفتگو کی۔
52ویں کامن ٹریننگ پروگرام کے افسران نےبلوچستان ، خیبر پختونخوا اور کشمیر میں پاکستان کی مسلح افواج کی کارروائیوں کا مشاہدہ کیا۔
ترجمان پاک فوج کا برطانوی نشریاتی ادارے کو انٹرویو
دوسری جانب پاک فوج کے ترجمان لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چوہدری نے برطانوی نشریاتی ادارے کو انٹرویو دیتے ہوئے کہا کہ ہم سندھی، پنجابی اور بلوچی نہیں بلکہ ہم پاکستانی ہیں ، ہم ایک ہیں ، بلوچستان اور پاکستان ایک ہی ہے اور بلوچستان کے عوام پاکستان کے ساتھ ہیں ، بھارت کے پیسوں پر جن کا روزگار لگا ہوا ہے وہ سب مفروضے بناتے ہیں جن کی کوئی حقیقت نہیں۔

ترجمان پاک فوج نے کہا کہ بلوچستان میں جو دہشتگرد ہمارے سامنے آتے ہیں تو ہم انہیں مارتے ہیں ، وہ دہشتگرد یہ کہتے ہیں کہ بلوچستان میں پاکستان کیخلاف جذبات ہیں لیکن ایسا نہیں ہے۔
ڈی جی آئی ایس پی آر نے کہا کہ دہشتگرد بلوچستان کی ترقی و خوشحالی میں رکاوٹ ڈالنے کے لئے ہر کام کرتے ہیں، دہشتگردلوگوں کو بسوں سے اُتارتے ہیں اور نہتے لوگوں کو مار رہے ہیں۔
انہوں نے انٹرویو میں مزید کہا کہ قانون کسی شخص کو غائب کرنے اور اُ ٹھانے کی اجازت نہیں دیتا ، کسی بھی بندے کو گھر سے اٹھانا غلط ہے، لاپتا افراد کے معاملے پر کمیشن بنا ہوا ہے اور پاکستان کی حکومت اس معاملے پر کام کررہی ہے۔
پاک فوج کو سیاسی جماعتوں سے بات چیت میں کوئی دلچسپی نہیں،ڈی جی آئی ایس پی آر
ڈی جی آئی ایس پی آر نے بانی پی ٹی آئی سے بیک ڈور چینل رابطوں کی تردید کرتے ہوئے کہا کہ پاک فوج کو سیاسی جماعتوں سے بات چیت میں کوئی دلچسپی نہیں،سیاستدانوں کو اپنے سیاسی معاملات خود طے کرنے چاہئیں۔