ایران کا قطر میں امریکی فوجی اڈے پر بیلسٹک میزائل سے حملے
ایران کے سرکاری میڈیا نے بھی قطر میں امریکی اڈوں کو نشانہ بنانے کی تصدیق کر دی

ایران نے قطر میں امریکی فوجی اڈے پر 6 بیلسٹک میزائل حملہ کر دیا۔
امریکی میڈیا کے مطابق ایران کی جانب سے قطر میں امریکی فوجی اڈے پر 6 بیلسٹک میزائل داغے گئے۔
غیر ملکی میڈیا رپورٹ کے مطابق قطر کے دارالحکومت دوحہ میں متعدد دھماکوں کی آوازیں سنی گئیںجبکہ ایران کے سرکاری میڈیا نے بھی قطر میں امریکی اڈوں کو نشانہ بنانے کی تصدیق کر دی۔
قطر کے حکام کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا کہ قطر نے پیشگی سکیورٹی اقدامات کے طور پر امریکا کے فوجی اڈے کو خالی کرا دیا تھا۔
قطرکی جانب سے دعویٰ کیا گیا کہ فضائی دفاعی نظام نے امریکی فوجی اڈے کی جانب فائر کیا گیا ایک میزائل بھی تباہ کر دیا ہےاور اس کے علاوہ ایرانی میزائل حملے میں کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔
قطری حکام نے امریکی ایئر بیس پر ایرانی حملے کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ یہ خود مختاری کی کھلی خلاف ورزی ہے۔ دوحہ کا کہنا تھا کہ اس حملے کا براہ راست جواب دینے کا حق محفوظ رکھتے ہیں۔
دوسری جانب ایران کی سپریم نیشنل سکیورٹی کونسل کا کہنا ہے کہ حملوں کا مقصد برادر اسلامی ملک قطر کو نقصان پہنچانا نہیں ہے۔
برطانوی میڈیا کے مطابق ایران نے قطر کو ان حملوں کے بارے میں پہلے پیشگی اطلاع دی تھی، ایکسئیوس کی رپورٹ کے مطابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کو بھی اس حملے کے بارے میں پہلے سے آگاہی حاصل تھی۔
Missiles spotted in the sky of Qatar
Follow https://t.co/B3zXG73Jym pic.twitter.com/hPVD3DE9IZ
— Press TV 🔻 (@PressTV) June 23, 2025
امریکی فوجی اڈے کیخلاف میزائل آپریشن کو بشارت فتح کا نام دیا گیا
دوسری جانب ایرانی خبر رساں ایجنسی کے مطابق ایران نے قطر میں امریکی فوجی اڈے کیخلاف میزائل آپریشن کو بشارت فتح کا نام دیا گیا۔
ایرانی افواج کا کہنا ہے کہ قطر میں امریکا کے العدید فوجی اڈے کو طاقتور اور تباہ کن میزائل حملے میں نشانہ بنایا۔
عینی شاہدین کا کہنا ہے کہ دوحہ کے اوپر آسمانوں پر میزائل دیکھے ہیںاور دوحہ میں دھماکوں کی آوازیں سنی گئیں۔
قطر اور یو اے ای میں فضائی آمدورفت معطل
قبل ازیں قطر نے عارضی طور پر ملک بھر میں فضائی آمدورفت معطل کر دی ہے، جبکہ کچھ مغربی سفارتخانوں نے وہاں موجود اپنے شہریوں کو گھروں میں رہنے کا مشورہ دیا۔
قطر میں امریکی ایئر بیس پر حملے کے بعد متحدہ عرب امارات (یو اے ای) نے بھی فضائی حدود عارضی طور پر بند کر دی۔
Lots of aircraft are forced to turned around because of the closure of UAE airspace. pic.twitter.com/I2zMYPOvse
— Flightradar24 (@flightradar24) June 23, 2025
رائٹرزکی رپورٹ کے مطابق پروازوں کے راستوں اور ایئر ٹریفک کنٹرول کی آڈیو کی بنیاد پر اس وقت یو اے ای کی فضائی حدود بند ہے۔
کسی بھی حالت میں کسی کی ہراسانی قبول نہیں کریں گے، ایرانی سپریم لیڈر
علاوہ ازیں ایران کے رہبر اعلیٰ آیت اللہ خامنہ ای نے قطر میں امریکی اڈوں پر میزائل حملوں کے بعد جاری بیان میں کہاکہ ہمارا مقصد کسی کو نقصان پہنچانا نہیں اور کسی بھی حالت میں کسی کی ہراسانی قبول نہیں کریں گے۔
ایرانی سپریم لیڈر آیت اللہ علی خامنہ ای نے کہا کہ ہم کسی کے سامنے سر کو نہیں جھکائیں گے یہ ایرانی قوم کی منطق ہے۔
ہٹ اینڈ رن کا دور ختم ہو گیا ہے، پاسداران انقلاب
اس کے علاوہ ایرانی پاسداران انقلاب کی جانب سے بیان میں کہا گیا کہ آپریشن بشارت الفتح کے تحت قطر میں امریکا کے فوجی اڈے پر طاقتور میزائل سے حملہ کیا گیا ہے اور یہ حملہ سپریم نیشنل سکیورٹی کونسل سے منظور شدہ تھا۔
پاسداران انقلاب کا کہنا تھا کہ ہٹ اینڈ رن کا دور ختم ہو گیا ہے۔مستقبل کے حملے خطے میں امریکی اور صہیونی حکومت دونوں کے خاتمے کا سبب بن سکتے ہیں ۔
ایران کی جانب سے قطر میں امریکی فوجی اڈے پر حملے پر سعودی عرب کی جانب سے بھی رد عمل سامنے آیا ہے۔
ایرانی حملوں کے بعد سعودی عرب کا رد عمل
سعودی حکام کی جانب سے بیان میں کہا گیاکہ سعودی عرب ایران کی جانب سے قطر پر حملے کی شدید ترین الفاظ میں مذمت اور مخالفت کرتا ہے۔
سعودی وزارت خارجہ نے ایک بیان میں کہا کہ یہ حملہ عالمی قانون اور اچھی ہمسائیگی کے اصولوں کی صریحاً خلاف ورزی ہے۔ یہ اقدام کسی صورت قابل قبول نہیں اور کسی بھی حالت میں اس کا جواز نہیں۔
یاد رہےکہ قطر میں امریکی العدید ائیربیس مشرق وسطیٰ میں امریکا کا سب سے بڑا فوجی اڈہ ہے۔