بین الاقوامی
Trending

تازہ حملوں میں ایران نے اسرائیل پر درجنوں بیلسٹک میزائل داغ دیئے

داغے گئے میزائل سے پاور پلانٹ کو بھی نشانہ بنایا گیا جس سے بجلی کی فراہمی متاثر ہوئی

ایران نے جنوبی اسرائیل پر تازہ حملوں میں درجنوں میزائل داغ دیئے جس میں ایک میزائل نے پاور پلانٹ کو نشانہ بنایا ہے۔

عرب میڈیا کی رپورٹ کےمطابق داغے گئے میزائل سے پاور پلانٹ کو بھی نشانہ بنایا گیا جس سے بجلی کی فراہمی متاثر ہوئی ۔ اس کے علاوہ کئی اسرائیلی شہروں میں بھی دھماکے کی آوازیں سنائی دیں۔

رپورٹ کے مطابق اسرائیلی میڈیا کا کہنا ہے کہ اسرائیل الیکٹرک کارپوریشن نے بھی اس بات کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ ایک اسٹریٹجک انفراسٹرکچر کے قریب میزائل گرا ہے جس سے کئی قصبات میں بجلی کی فراہمی معطل ہوئی ہے۔

اسرائیلی میڈیا کے مطابق اسرائیلی عوام نے ایران کے خلاف جنگ شروع ہونے کے بعد آج سب سے طویل وقت پناہ گاہوں میں گزارا ہے،حملے کے دوران تقریباً 35 منٹ تک سائرن بجتے رہے۔

الجزیرہ کے مطابق اسرائیلی ذرائع کا کہنا ہے کہ اب تک کم از کم 4 مقامات پر میزائل گرنے کی تصدیق ہو چکی ہے جن میں ایک اشدود اور ایک مغربی مقبوضہ بیت المقدس کے جنوب میں واقع ہے۔

مسٹرٹرمپ! آپ یہ جنگ شروع کر سکتے ہیں لیکن ختم ہم کریں گے، ترجمان ایرانی فوج

ایرانی فوجی سینٹرل کمانڈ کے ترجمان نے کہا کہ مسٹرٹرمپ! آپ یہ جنگ شروع کر سکتے ہیں لیکن ختم ہم کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ امریکا سنگین نتائج بھگتنے کیلئے تیار رہے ، امریکا کیخلاف طاقتور آپریشنز متوقع ہیں، تنازع میں امریکا کے داخل ہونے سے جائز اہداف کا دائرہ وسیع ہو گیا ہے۔

ترجمان سینٹرل کمانڈ نے کہا کہ امریکی صدر کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ مسٹرٹرمپ! آپ یہ جنگ شروع کر سکتے ہیں لیکن ختم ہم کریں گے۔

اسرائیل نے ایران کے 6 ایئر پورٹس پر حملے ، پاسداران انقلاب کے 10 ارکان شہید

اسرائیل نے ایران کے 6 ایئر پورٹس پر حملے کر دیئےجبکہ اسرائیلی حملوں میں پاسداران انقلاب کے 10 ارکان شہید ہونے کی اطلاعات ہیں۔

تفصیلات کے مطابق اسرائیل نے ایران کے مشرقی، مغربی اور وسطی علاقوں میں 6 ایئر پورٹس پر فضائی حملوں کا دعویٰ کیا ہے جبکہ ایرانی فوج نے صوبہ لورستان میں اسرائیلی ڈرون مار گرایا ہے۔

عرب میڈیا رپورٹس کے مطابق سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس (سابق ٹوئٹر ) پر جاری اسرائیلی بیان میں کہا گیا کہ ان حملوں میں ریموٹ کنٹرول طیاروں کے ذریعے ایران کے 15 طیاروں اور دیگر ہیلی کاپٹروں کو تباہ کیا گیا ہے۔

اسرائیلی فوج کی جانب سے دعویٰ کیا گیا کہ فضائیہ نے ان ایئر پورٹس سے پرواز کی صلاحیت اور ایرانی فوج کی فضائی طاقت کے آپریشن کا متاثر کیا ہے۔

جاری کردہ بیان میںمزید کہا گیا ہےکہ حملوں میں زیر زمین بنکرز، رن ویزاور ایرانی حکومت کے زیر استعمال ایف 14 ، ایف 5 اور اے ایچ ون طیاروں کو بھی نقصان پہنچا ہے۔

غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق حملوں میں پاسداران انقلاب کے 10 اہلکار شہید جبکہ دیگر اہلکار زخمی ہونے کی اطلاعات بھی ہیں ۔

آئی ڈی ایف کا کہنا ہے کہ اسرائیل کی قومی سلامتی کو یقینی بنانے کیلئے ایران کی فوجی صلاصلاحیتوں کو کم کرنے کی کارروائیاں جاری رہیں گی۔

اسرائیلی جدید ہرمس ڈرون تباہ

دوسری جانب ایران کے میڈیا نے اسرائیل کے جدید ہرمس 900 ڈرون کے مار گرائے جانے فوٹیج بھی نشر کر دی۔ یہ ڈرون پاسداران انقلاب کے اہلکاروں نے صوبہ لورستان کے شہر خرم آباد میں ایک کارروائی کے دوران مار گرایا۔

دوسری جانب اسرائیلی وزیراعظم نیتن یاہو نے کہا کہ ایران میں اپنے مقاصد پورے ہونے تک ایران میں مہم جاری رہے گی،اسرائیل ایران کے ایٹمی پروگرام اور بیلسٹک میزائلوں کو تباہ کرنے کے اپنے مقاصد کے حصول کے قریب ہے ۔

غیر ملکی میڈیا رپورٹ کے مطابق نیتن یاہو نے کہا کہ امریکا کے ایران کی 3 جوہری تنصیبات پر حملوں کے دوران ایران کے جوہری پلانٹ کو بری طرح نقصان پہنچا ہے۔

دوسری جانب ایرانی حکام کا کہنا ہے کہ امریکا کے جوہری تنصیبات پر حملے سے پہلے ہی تمام تنصیبات کو خالی کرا لیا گیا تھا۔

ایران اپنی جوہری افزودگی جاری رکھے گا ، ایرانی نائب وزیر خارجہ

علاوہ ازیں ایرانی نائب وزیر خارجہ تخت روانچی کا کہنا ہے کہ ایران اپنی جوہری افزودگی جاری رکھے گا اور کوئی ہمیں نہیں بتا سکتا کہ ہمیں کیا کرنا ہے۔

امریکی اخبار نیو یارک ٹائمنز نے دعویٰ کیا ہے کہ ایران پر امریکی حملے کے بعد ایران نواز ملیشیاؤں کی جانب سے امریکی اڈوں پر حملے کرنے کی تیاری کے اشارے ملے ہیں۔

امریکی عہدیدار کا کہنا ہے کہ امریکی انٹیلی جنس اور فوجی حکام نے ایران کے حمایت یافتہ ملیشیاؤں کی جانب سے ممکنہ طور پر عراق اور شام میں امریکی اڈوں پر حملے کی تیاری کا سراغ لگا لیا ہے۔

امریکی میڈیا رپورٹ کے مطابق ان گروپوں نے تاحال کوئی حملے نہیں کئے جبکہ عراقی حکومت اس جانب سے ہائی الرٹ ہے۔

یاد رہے کہ امریکا نے گزشتہ روز ایران کی 3 جوہری تنصیبات کو بی 2 بمبار طیارے سے نشانہ بنایا تھا ۔ اس بی 2 بمبار طیارے نے 6 سے زائد بنکر بسٹر بم گرائے تھے۔امریکی حملوں کا مقصد ایران کے جوہری تنصیبات کا ناکارہ بنانا تھا۔

ماہرین کا کہنا ہے کہ ایران پر امریکا کے جوہری تنصیبات پر حملے سے ایران کی ایٹمی بم بنانے کی صلاحیت ختم نہیں ہو گی ۔ تجزیہ کاروں کا مزید کہنا تھا کہ امریکا کے مبینہ تباہ کن حملوںکو حقیقی اثرات کا اندازہ لگانے میں مزید وقت لگے گا۔

واضح رہے کہ 13 جون کو اسرائیل کے ایران پر حملے کے بعد سے ایران نے اب تک تقریباً 450 بیلسٹک میزائل اسرائیل پر داغے ہیں۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button