لائف سٹائل
Trending

اداکارہ عائشہ خان کا انتقال، چیئرمین سینیٹ، وزیراعلیٰ پنجاب سمیت دیگر کا اظہار افسوس

عائشہ خان ایک باکمال فنکارہ تھیں جنہوں نے اپنی فنی صلاحیتوں سے پاکستانی ڈرامہ اور فلمی صنعت کو نئی جہتیں عطا کیں،یوسف رضا گیلانی

لاہور/ اسلام آباد: لیجنڈری پاکستانی اداکارہ عائشہ خان کے انتقال پر چیئرمین سینیٹ سید یوسف رضا گیلانی، وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف سمیت دیگر شوبز شخصیات نے اظہار افسوس کیاہے۔

جمعہ کو جاری تعزیتی بیان یوسف رضا گیلانی نے مرحومہ کی فنون لطیفہ اور اداکاری کے شعبے میں گراں قدر خدمات کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ عائشہ خان ایک باکمال فنکارہ تھیں جنہوں نے اپنی فنی صلاحیتوں سے پاکستانی ڈرامہ اور فلمی صنعت کو نئی جہتیں عطا کیں۔

چیئرمین سینیٹ نے کہا کہ مرحومہ کی خدمات کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا اور ان کا فنی سفر نئی نسل کے فنکاروں کے لیے مشعلِ راہ ہے۔

انہوں نے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ مرحومہ کو اپنی جوار رحمت میں جگہ دے اور اہل خانہ کو یہ صدمہ صبر و استقامت کے ساتھ برداشت کرنے کی توفیق عطا فرمائے۔

وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز نے بھی سینئر اداکارہ عائشہ خان کے انتقال پر گہرے دکھ کا اظہار کیا ہے۔ مریم نواز نے سوگوار خاندان سے دلی ہمدردی اور تعزیت کا اظہار کیا ہے۔

اس کے علاوہ پاکستان شوبز انڈسٹری کی سینئر ٹی وی اداکارہ عائشہ خان کے انتقال پر شوبز شخصیات نے گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا۔ باصلاحیت اور باکمال اداکارہ کا انتقال 76برس کی عمر میں ہوا۔

اداکار عدنان صدیقی نے کہا کہ زندگی کے سفر کے آغاز میں ہماری ملاقات کبھی کبھار ایسے لوگوں سے ہوتی ہے جو خاموشی سے ہماری زندگی میں گہرا اثر چھوڑ جاتے ہیں اور ان کے لیے عائشہ خان ایسی ہی ایک شخصیت تھیں۔

عدنان صدیقی نے مزید لکھا کہ عائشہ خان ان کی آن اسکرین ماں تھیں۔

اداکار خالد انعم نے عائشہ خان کے انتقال کی افسوسناک خبر شیئر کرتے ہوئے لکھا کہ انتہائی افسوس کے ساتھ اطلاع دی جاتی ہے کہ لیجنڈری پاکستانی اداکارہ عائشہ خان اس دنیا سے رخصت ہو گئی ہیں۔

خالد انعم نے مزید لکھا کہ ان کی عمر 76سال تھی، اللہ تعالی ان کی مغفرت فرمائے، ان کے درجات بلند فرمائے اور ان کے اہل خانہ، مداحوں اور چاہنے والوں کو صبر عطا فرمائے۔

اداکار احسن خان نے ان کے انتقال کی خبر شیئر کرتے ہوئے ان کے لیے دعا کی کہ اللہ تعالی انہیں جنت نصیب فرمائے۔

اداکارہ شگفتہ اعجاز نے عائشہ خان کے انتقال پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے لکھا کہ اداکارہ کی رہنمائی اور اپنے پہلے ڈرامے آنچ میں ان کی حمایت کو وہ کبھی نہیں بھولیں گی۔شگفتہ اعجاز نے مرحومہ کی مغفرت کے لیے بھی دعا کی۔

اداکارہ جویریہ سعود نے ان کے انتقال کی خبر شیئر کرتے ہوئے دعا کی کہ اللہ تعالی انہیں جنت نصیب فرمائے۔

اداکار یاسر حسین نے بھی عائشہ خان کی موت پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اداکارہ کی وفات کو کئی دن گزر چکے تھے، مگر سب سوتے رہے، ہم سب ایک جیسے ہیں، سب کچھ بھول جاتے ہیں۔

انہوں نے مزید لکھا کہ شوبز انڈسٹری میں فنکاروں کی روز ایک دوسرے سے ملاقات ہوتی ہے، دوستی بھی کرتے ہیں، مگر وہ صرف کام کی حد تک محدود رہتی ہے۔

عائشہ خان- ایک عہد کی داستان

پاکستانی اداکارہ عائشہ خان پاکستان کی اُن مایہ ناز اداکاراؤں میں شمار ہوتی ہیں جنہوں نے اپنی فنی زندگی کے ہر مرحلے پر معیار اور وقار کو مقدم رکھا۔ انہوں نے 1970 کی دہائی میں پاکستان ٹیلی وژن (پی ٹی وی) سے اپنے کیرئیر کا آغاز کیا اور جلد ہی گھر گھر میں پہچانی جانے لگیں۔ ان کی نرم گفتاری، باوقار شخصیت اور کردار میں ڈھل جانے کی قدرتی صلاحیت نے انہیں اپنے دور کی ممتاز ترین فنکاراؤں میں شامل کر دیا۔

عائشہ خان نے نہ صرف ٹی وی ڈراموں بلکہ فلموں میں بھی اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوایا۔ ان کے لازوال ڈرامے جیسے آنچ، دھوپ کنارےاور شمع آج بھی یاد کیے جاتے ہیں۔ ان کے کردار محض اداکاری نہیں بلکہ معاشرتی پیغام اور خالص جذبات کی عکاسی ہوتے تھے۔

ان کی اداکاری میں مصنوعی رنگ نہیں بلکہ زندگی کی اصل جھلک ہوتی تھی۔ کئی نوآموز فنکار انہیں استاد مانتے تھے اور ان کے ساتھ کام کرنا باعثِ فخر سمجھتے تھے۔ وہ کیمرے کے سامنے جتنی پر اعتماد نظر آتی تھیں، اس سے کہیں زیادہ سادگی اور بردباری ان کی نجی زندگی کا حصہ تھی۔

عائشہ خان کا انتقال صرف ایک فنکارہ کا جانا نہیں بلکہ پاکستانی ڈرامہ انڈسٹری کا ایک روشن باب بند ہو جانا ہے۔ ان کی خدمات، کردار اور انداز ہمیشہ نئی نسل کے فنکاروں کے لیے مشعل راہ رہیں گے۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button