کیلیفورنیا: سان ڈیاگو میں چھوٹا طیارہ آبادی پر گر کر تباہ
طیارہ گرنے سے تقریباً 15 مکانات بری طرح متاثر ہوئے

کیلیفورنیا کے شہر سان ڈیاگو کے ایک رہائشی علاقے میں رات گئے ایک چھوٹا طیارہ گرنے کے نتیجے میں علاقے میں خوف و ہراس پھیل گیا اور تقریباً 15 مکانات بری طرح متاثر ہوئے۔
خبر رساں ادارے ’اے ایف پی‘ کے مطابق مقامی پولیس کا کہنا ہے کہ یہ حادثہ جنوبی کیلیفورنیا کے ایک گنجان آباد علاقے میں آدھی رات کو پیش آیا، جب ایک چھوٹا سیسنا طیارہ زمین سے ٹکرا گیا۔
سان ڈیاگو پولیس نے شہریوں کو علاقے سے دور رہنے کی ہدایت کی ہے تاکہ امدادی کارروائیاں بغیر کسی رکاوٹ جاری رہ سکیں۔
اے بی سی نیوز نے اسسٹنٹ فائر چیف کے حوالے سے بتایا کہ حادثے کے بعد جائے وقوعہ پر طیارے کا ملبہ پھیل گیا ہے، جبکہ متعدد گھروں اور گاڑیوں کو نقصان پہنچا ہے۔
سی این این کے مطابق سان ڈیاگو فائر ڈیپارٹمنٹ کے اسسٹنٹ چیف، ڈین ایڈی نے ایک پریس بریفنگ میں بتایا کہ "پورے علاقے میں جیٹ فیول پھیل چکا ہے، اور ہماری ترجیح متاثرہ گھروں کی مکمل جانچ اور وہاں موجود تمام افراد کو فوری نکالنا ہے۔”
ان کا مزید کہنا تھا کہ طیارہ مرفی کینین نامی محلے میں کئی گھروں سے جا ٹکرایا، لیکن فوری طور پر کسی جانی نقصان کی تصدیق نہیں ہو سکی۔
ڈین ایڈی کے مطابق حادثے کے وقت علاقے میں دھند کا راج تھا، جس کی وجہ سے حدِ نگاہ نہ ہونے کے برابر تھی۔
فیڈرل ایوی ایشن ایڈمنسٹریشن (FAA) نے بھی اس افسوسناک واقعے کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا ہے کہ سیسنا 550 ماڈل کا یہ طیارہ منٹگمری-گبز ایگزیکٹو ایئرپورٹ کے قریب حادثے کا شکار ہوا۔
ایف اے اے کے مطابق فی الحال طیارے میں سوار افراد کی تعداد کے بارے میں معلومات دستیاب نہیں ہیں، اور مزید تحقیقات جاری ہیں۔