ملک بھر میں آج تاریخی آپریشن بنیان مرصوص میں شاندار کامیابی پر یومِ تشکر
بھارتی جارحیت کا منہ توڑ جواب دینے پر افواجِ پاکستان کو بھرپور خراجِ تحسین پیش کیا جا رہا ہے

اسلام آباد: ملک بھر میں آج تاریخی آپریشن بنیان مرصوص میں شاندار کامیابی پر یومِ تشکر منایا جا رہا ہے۔ بھارتی جارحیت کا منہ توڑ جواب دینے پر افواجِ پاکستان کو بھرپور خراجِ تحسین پیش کیا جا رہا ہے۔
یومِ تشکر کے موقع پر دن کا آغاز ملک بھر کی مساجد میں قرآن خوانی اور خصوصی دعاؤں سے ہوا۔ وفاقی دارالحکومت میں 31 توپوں اور چاروں صوبائی دارالحکومتوں میں 21، 21 توپوں کی سلامی دی گئی، جو قومی جذبے کی علامت تھی۔
کراچی میں مزارِ قائد اور لاہور میں مزارِ اقبال پر گارڈز کی تبدیلی کی پروقار تقریبات منعقد کی گئیں، جبکہ مختلف شہروں میں پرچم کشائی کی تقریبات بھی جاری ہیں۔ یادگارِ شہداء پر پھول چڑھائے گئے اور شہداء کو خراجِ عقیدت پیش کرنے کے لیے دعائیہ محافل کا اہتمام بھی کیا گیا۔
یہ بھی پڑھیں: پاکستان کی بھارت کے جوہری بیان پر شدید مذمت
آپریشن بنیان مرصوص کے شہداء کے اہل خانہ سے ملاقاتوں کا بھی خصوصی بندوبست کیا گیا، جہاں ان کے عزم اور قربانیوں کو خراجِ تحسین پیش کیا گیا۔ نمازِ جمعہ کے اجتماعات میں ملک کی سلامتی، استحکام اور ترقی کے لیے خصوصی دعائیں مانگی گئیں۔
یومِ تشکر کی مرکزی تقریب آج رات اسلام آباد میں پاکستان مونومنٹ پر منعقد ہو گی، جہاں وزیراعظم مہمانِ خصوصی ہوں گے۔ تقریب میں چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی اور تمام مسلح افواج کے سربراہان کی شرکت متوقع ہے۔
واضح رہے کہ پاکستان نے 6 اور 7 مئی کی درمیانی شب بھارتی جارحیت کا بھرپور اور مؤثر جواب دیا، جس کے دوران 3 رافیل سمیت 5 بھارتی جنگی طیارے تباہ کیے گئے۔ 10 مئی کو پاکستان نے ایک بار پھر اپنے دفاع کی صلاحیت کا عملی مظاہرہ کرتے ہوئے بھارت کو ایسا جواب دیا جس کا اعتراف عالمی سطح پر بھی کیا گیا۔