دہشت و شر کی فضا پھیلانے والے عناصر بلوچستان کی ترقی کے دشمن ہیں، وزیراعظم
وزیراعظم شہباز شریف کا بلوچستان کا دورہ، زخمی جوانوں کی عیادت اور دہشت گردی کے خاتمے کا عزم
کوئٹہ: وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ بلوچستان میں دہشت و شر کی فضا پھیلانے والے عناصر بلوچستان کی ترقی کے دشمن ہیں، بلوچستان کے عوام کے تحفظ کے لیے سیکیورٹی فورسز شرپسند عناصر کے سد باب کیلئے دن رات مصروف عمل ہیں۔۔
وزیراعظم شہباز شریف نے بلوچستان کے ایک روزہ دورے کے دوران سی ایم ایچ میں زخمی جوانوں کی عیادت کی اور ان کے حوصلے و عزم کی تعریف کی۔ انہوں نے اس موقع پر ایک اہم اجلاس کی صدارت بھی کی، جس میں ملک میں دہشت گردی کی حالیہ لہر اور اس کے سدباب پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
وزیراعظم نے قلات میں دہشت گردوں کے خلاف ہونے والے آپریشن کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ اس کارروائی میں 23 دہشت گردوں کو جہنم واصل کیا گیا، جبکہ 18 بہادر جوانوں نے جام شہادت نوش کیا۔ انہوں نے قانون نافذ کرنے والے اداروں، افواجِ پاکستان اور دیگر متعلقہ اداروں کی قربانیوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ یہ شہدا اور غازی ہی اصل ہیرو ہیں جو اپنی جانوں کی پرواہ کیے بغیر ملک کے تحفظ کے لیے میدان میں موجود ہیں۔
وزیراعظم نے کہا کہ وہ ابھی اسپتال سے ہوکر آئے ہیں، جہاں زخمی جوانوں کی ہمت اور حوصلے کو دیکھ کر مزید یقین پیدا ہوا کہ یہ قوم کبھی شکست نہیں کھا سکتی۔ انہوں نے بتایا کہ زخمی جوان اپنے جسمانی نقصانات کی پرواہ کیے بغیر ملک کے تحفظ کے لیے دوبارہ قربانی دینے کے جذبے سے سرشار ہیں۔
انہوں نے عزم کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ افواجِ پاکستان، قانون نافذ کرنے والے ادارے اور سیاسی قیادت مل کر پاکستان کو امن کا گہوارہ بنائیں گے، اور یہی پاکستان کی ترقی و خوشحالی کی واحد راہ ہے۔
وزیراعظم نے قوم پر زور دیا کہ یہ وقت سیاست کرنے کا نہیں بلکہ یکجہتی اور اتحاد کا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اگر ہم دہشت گردی کے اس بڑے چیلنج کا مقابلہ کرلیں تو سیاست بھی ہوگی اور جمہوری سرگرمیاں بھی بحال ہوں گی، لیکن اس وقت پوری توجہ اور توانائی ملک کو اس ناسور سے پاک کرنے پر مرکوز ہونی چاہیے۔
انہوں نے اس حقیقت کا بھی اعتراف کیا کہ ماضی کی سنگین غلطیوں کا خمیازہ آج ہمارے بہادر جوانوں کو اپنے خون سے چکانا پڑ رہا ہے۔ تاہم، انہوں نے اس موقع پر ماضی کو یاد کرنے کے بجائے مستقبل کے لیے اتحاد پر زور دیا اور کہا کہ آج ہمیں جس قدر قومی یکجہتی کی ضرورت ہے، شاید پہلے کبھی نہ تھی۔
وزیراعظم نے ان بہادر شہدا اور غازیوں کے خاندانوں کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے ایسے دلیر نوجوان پیدا کیے جو اپنی جانیں قربان کرکے پاکستان کی نئی تاریخ رقم کر رہے ہیں۔
دنیا کے بہترین سیاحتی مقامات کی فہرست جاری، گلگت بلتستان بھی شامل
انہوں نے کہا کہ قوم متحد ہوکر دہشت گردوں کو شکست دے گی، اور پاکستان کو ترقی و کامیابی کی راہ پر گامزن کرے گی۔ ان کے ہمراہ اجلاس میں گورنر اور وزیراعلیٰ بلوچستان، نائب وزیراعظم، وزیر دفاع، وزیر اطلاعات، وزیر توانائی، چیف سیکرٹری، آئی جی، وزرا اور پارلیمنٹیرینز بھی شریک تھے۔
وزیراعظم کے بلوچستان پہنچنے پر گورنر شیخ جعفر خان مندوخیل اور وزیراعلیٰ میر سرفراز احمد بگٹی نے ان کا پرتپاک استقبال کیا۔
وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان کے بہادر سپاہی دشمنوں کے عزائم کو خاک میں ملا رہے ہیں، اور جب تک ہماری افواج، سیکیورٹی فورسز اور عوام ایک ساتھ ہیں، دشمن ہماری طرف میلی آنکھ سے دیکھنے کی ہمت نہیں کرسکتا۔
انہوں نے واضح کیا کہ بلوچستان میں بدامنی پھیلانے والے عناصر دراصل ترقی کے دشمن ہیں، لیکن ان کے عزائم کبھی کامیاب نہیں ہوں گے۔ سیکیورٹی فورسز بلوچستان کے عوام کے تحفظ کے لیے ہر لمحہ مصروف عمل ہیں اور امن و ترقی کی راہ میں حائل ہر رکاوٹ کو ختم کرنے کے لیے پرعزم ہیں۔
وزیراعظم نے ایک بار پھر یقین دلایا کہ پاکستان کے دشمنوں کو ان کے ناپاک عزائم میں کبھی کامیاب نہیں ہونے دیا جائے گا، اور قوم اپنے اتحاد و یکجہتی سے ان تمام چیلنجز پر قابو پا لے گی۔