نیو گوادر انٹرنیشنل ائیرپورٹ کا افتتاح، آج سے باقاعدہ آپریشنل ہوگیا
کراچی سے گئی پہلی پرواز کو نیو گوادر ائیرپورٹ پر اترنے پر واٹر سلیوٹ دیا گیا
گوادر: نیو گوادر انٹرنیشنل ائیرپورٹ کا افتتاح، آج سے باقاعدہ آپریشنل ہوگیا، کراچی سے گئی پہلی پرواز کو نیو گوادر ائیرپورٹ پر اترنے پر واٹر سلیوٹ دیا گیا۔
پاکستان ائیرپورٹس اتھارٹی کے ترجمان نے ائیرپورٹ کی آپریشنلائزیشن سے متعلق افواہوں کو بے بنیاد قرار دیتے ہوئے واضح کیا کہ نیو گوادر ائیرپورٹ طے شدہ شیڈول کے مطابق 20 جنوری کو فعال ہوگیا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ بارشوں کے باعث آپریشنز ملتوی ہونے کی خبریں غلط ہیں اور عوام سے درخواست ہے کہ مصدقہ ذرائع سے معلومات حاصل کریں۔
کراچی سے قومی ائیر لائن کی پرواز پی کے 503 نے 10 بجے روانگی کے بعد 11:14 پر نیو گوادر ائیرپورٹ پر لینڈ کیا۔ اس موقع پر گورنر بلوچستان، وزیراعلیٰ بلوچستان اور وفاقی وزیر خواجہ آصف نے ائیرپورٹ پر پرواز کا استقبال کیا۔ پہلی پرواز کے لیے اے ٹی آر طیارہ استعمال کیا گیا، جو گوادر ائیرپورٹ پہنچنے پر روایتی واٹر سلیوٹ کے ذریعے خوش آمدید کہا گیا۔
گوادر انٹرنیشنل ائیرپورٹ پاکستان کا سب سے بڑا ائیرپورٹ ہے جو 430 ایکڑ پر محیط ہے اور گوادر شہر سے 26 کلومیٹر دور گورنڈانی کے مقام پر واقع ہے۔ 50 ارب روپے کی لاگت سے تعمیر ہونے والے اس ائیرپورٹ میں ایک ہی رن وے موجود ہے جو 3658 میٹر طویل اور 75 میٹر چوڑا ہے۔ اس رن وے پر دنیا کے بڑے طیارے جیسے ایئربس اے 380 اور بوئنگ 747 با آسانی لینڈ کرسکتے ہیں۔
یہ بھی پڑھیں: غزہ جنگ بندی ہماری انتظامیہ کی تاریخی کامیابیوں کا نتیجہ ہے، ٹرمپ
نیو گوادر ائیرپورٹ کا علامتی افتتاح 14 اکتوبر 2024 کو وزیراعظم شہباز شریف نے کیا تھا، لیکن پروازوں کی باقاعدہ لینڈنگ آج سے شروع ہو چکی ہے، جو پاکستان کے ایوی ایشن کے شعبے میں ایک اہم سنگ میل ہے۔