سیاسی مذاکرات جاری، اختلافات جلد ختم ہونے چاہئیں، بیرسٹر گوہر علی خان
اگر عدالت کو فیصلہ دینا ہی تھا تو کچھ انتظار کر لیا جاتا، چیئرمین پی ٹی آئی کی میڈیا سے گفتگو
اسلام آباد: چیئرمین پی ٹی آئی بیرسٹر گوہر نے کہا ہے کہ سیاسی مذاکرات جاری ہیں اور اختلافات جلد ختم ہونے چاہئیں۔
جوڈیشل کمپلیکس اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بیرسٹر گوہر نے کہا کہ اگر عدالت کو فیصلہ دینا ہی تھا تو کچھ انتظار کر لیا جاتا۔ انہوں نے مزید کہا کہ عدالتی فیصلے کا تعلق مذاکرات سے نہ ہونا چاہیے اور نہ ہی ہے۔
بیرسٹر گوہر نے وضاحت کی کہ بانی پی ٹی آئی نے واضح کیا ہے کہ کسی قسم کی ڈیل کا سوال ہی پیدا نہیں ہوتا۔ ان کے مطابق مذاکرات صرف دو نکات پر ہوں گے اور پارٹی اپنے مینڈیٹ کے حوالے سے اپنے مؤقف پر قائم ہے۔ انہوں نے کہا کہ متعلقہ درخواستیں التوا میں ہیں اور یہ ضروری ہے کہ چار ماہ کے اندر مینڈیٹ پر فیصلہ ہو جائے۔
یہ بھی پڑھیں: کم لاگت رہائش کی فراہمی کیلئے ہر ممکن اقدام کرینگے، وزیراعظم
چیئرمین پی ٹی آئی کا مؤقف ہے کہ سیاسی معاملات کو مذاکرات کی میز پر حل کیا جانا چاہیے۔ انہوں نے اپنے اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ مذاکرات سے مسائل کو جلد ختم کیا جا سکتا ہے۔