پاکستان
ٹرینڈنگ

کم لاگت رہائش کی فراہمی کیلئے ہر ممکن اقدام کرینگے، وزیراعظم

بیرون ملک سے آئے مہمانوں کیلئے ملک میں بین الاقوامی معیار کے ہوٹلز، ہسپتال اور دیگر سہولیات قائم کی جائیں گی، اجلاس سے خطاب

اسلام آباد: وزیرِ اعظم محمد شہباز شریف نے پی ڈبلیو ڈی اور دیگر غیر فعال اداروں کی تحلیل سے کرپشن میں کمی پر اطمینان کا اظہار اور وفاقی حکومت کے کم لاگت گھروں کے جاری منصوبوں کو جلد مکمل کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا ہے کہ سرکاری ملازمین اور عوام کیلئے تعمیر کئے جانے والے منصوبوں کیلئے بین الاقوامی شہرت یافتہ تعمیراتی کمپنیاں منتخب کی جائیں۔

شہباز شریف نے ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ تعمیراتی منصوبوں کیلئے کمپنیوں کا انتخاب شفاف طریقہ کار اور میرٹ پر کیا جائے، تعمیراتی منصوبوں کو معینہ مدت میں مکمل کیا جائے، پاکستان کے ہر شہری کو کم لاگت رہائش کی فراہمی کیلئے ہر ممکن اقدام کریں گے، بیرون ملک سے آئے مہمانوں کیلئے ملک میں بین الاقوامی معیار کے ہوٹلز، اسپتال اور دیگر سہولیات قائم کی جائیں گی جبکہ وزیرِ اعظم نے وزارت ہاؤسنگ سے بین الاقوامی معیار کی سہولیات کیلئے جامع پلان طلب کر تے ہوئے قومی ہاؤسنگ پالیسی کی مارچ تک تشکیل مکمل کرکے منظور کروانے کی ہدایت کی ہے۔

جاری اعلامیہ کے مطابق وزیرِ اعظم شہباز شریف کی زیرِ صدارت وزارت ہاؤسنگ کے جاری منصوبوں پر جائزہ اجلاس یہاں منعقد ہوا۔

اجلاس میں وزارت ہاؤسنگ نے وزیرِ اعظم کو وزارت کے مختلف اداروں میں جاری اصلاحات پر پیش رفت اور پالیسی اقدامات سے آگاہ کیا۔

اجلاس کو بتایا گیا کہ قومی ہاؤسنگ پالیسی 2001 میں ترامیم کیلئے تمام اسٹیک ہولڈرز سے مشارت مکمل کرلی گئی اور وزیرِ اعظم کی ہدایات کی روشنی میں مارچ 2025 تک اسکی حتمی منظوری کا عمل مکمل ہو جائیگا۔

یہ بھی پڑھیں: تعلیم کے شعبے میں ترکیہ کیساتھ شراکت داری کو فروغ دینا چاہتے ہیں، مریم نواز

اجلاس کو آگاہ کیا گیا کہ سرکاری ملازمین کو گھروں کی الاٹمنٹ اور کرایوں کے حصول کیلئے نظام کو ڈیجیٹل کر لیا گیا ہے جس سے کرپشن کا خاتمہ ممکن ہوگا اور نظام میں شفافیت آئیگی۔

وزیرِ اعظم کو پاکستان ہاؤسنگ اتھارٹی کے تحت جاری اور مستقبل کے منصوبوں کے حوالے سے آگاہ کیا گیا۔اجلاس کو بتایا گیا کہ اس وقت کچلاک کوئٹہ میں 630 کم لاگت رہائشی یونٹس جبکہ اسلام آباد میں 4112 رہائشی یونٹس پر کام تیزی سے جاری ہے۔

وزیرِ اعظم نے ان منصوبوں کی جلد تکمیل اور تھرڈ پارتی ویلیڈیشن کی ہدایت کی۔اجلاس کو بتایا گیا کہ پشاور میں 5728 کم لاگت رہائشی یونٹس پر جلد کام شروع کیا جائے گا جبکہ مستقبل قریب میں راولپنڈی اور اسلام آباد میں 5600 رہائشی یونٹس پر کام شروع کیا جائیگا۔ وزیرِ اعظم نے تمام رہائشی منصوبوں میں اچھی شہرت کی تعمیراتی کمپنیوں کی خدمات لینے کی ہدایت کر دی۔

وزیرِ اعظم کو فیڈرل گورنمنٹ ایمپلائیز ہاوسنگ اتھارٹی کے امور پر تفصیلی بریفنگ دی گئی. اجلاس کو فیڈرل گورنمنٹ ایپپلائیز ہاؤسنگ اتھارٹی کی ڈیجیٹائیزیشن اور اصلاحات پر بھی بریفنگ دی گئی۔

اجلاس کو بتایا گیا کہ آن لائن ادائیگی، شکائیتوں کے اذالے کیلئے ڈیجیٹل نظام، ون ونڈو آپریشن، ریئیل ٹائم مانیٹرنگ، جیو ٹیگنگ و دیگر اصلاحات سے نظام میں شفافیت اور تیزی لانے کیلئے اقدامات کئے جارہے ہیں۔

اجلاس کو اتھارٹی کی جانب سے اسلام آباد میں بین الاقوامی معیار کی سہولیات بشمول فائیو اسٹار ہوٹل، اسپتال، آئی ٹی پارک، اپارٹمنٹ کمپلیکسز اور بین الاقوامی معیار کے اسکول کی تعمیر کے منصوبوں سے بھی آگاہ کیا گیا۔

وزیرِ اعظم کی اس حوالے سے جلد تعمیراتی لاگت اور درکار وقت کے ساتھ ایک جامع لائحہ پیش کرنے کی ہدایت کی۔

اجلاس کے دور ان وزیرِ اعظم محمد شہباز شریف نے وفاقی حکومت کے کم لاگت گھروں کے جاری منصوبوں کو جلد مکمل اور ہاؤسنگ کے منصوبوں میں سرمایہ کاری بڑھانے کیلئے نجی شعبے سے اشتراک کی ہدایت کی ۔

وزیرِ اعظم نے وفاقی حکومت کے ہاؤسنگ کے منصوبوں کی تعمیر کی تھرڈ پارٹی ویلیڈیشن یقینی بنانے کی بھی ہدایت کر تے ہوئے کہاکہ سرکاری ملازمین اور عوام کیلئے تعمیر کئے جانے والے منصوبوں کیلئے بین الاقوامی شہرت یافتہ تعمیراتی کمپنیاں منتخب کی جائیں۔ وزیر اعظم نے ہدایت کی کہ تعمیراتی منصوبوں کیلئے کمپنیوں کا انتخاب شفاف طریقہ کار اور میرٹ پر کیا جائے۔

یہ بھی پڑھیں: سرکاری حج سکیم کے تحت حج کے خواہشمند افراد کیلئے خوشخبری

انہوںنے کہاکہ تعمیراتی منصوبوں کو معینہ مدت میں مکمل کیا جائے۔اجلاس کو پی ڈبلیو ڈی اور دیگر غیر فعال اداروں کی تحلیل سے بھی آگاہ کیا گیا۔

وزیرِ اعظم نے پی ڈبلیو ڈی اور دیگر غیر فعال اداروں کی تحلیل سے کرپشن میں کمی پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہاکہ ملازمین کو موجودہ سرکاری گھروں کی الاٹمنٹ کے نظام کی ڈیجیٹائیزیشن خوش آئند ہے۔

شہبازشریف نے کہاکہ پاکستان کے ہر شہری کو کم لاگت رہائش کی فراہمی کیلئے ہر ممکن اقدام کریں گے،شہریوں کو کم لاگت گھروں کی فراہمی کے منصوبوں میں کرپشن کی کمی کیلئے اصلاحات کا عمل جاری ہے۔

وزیر اعظم نے کہاکہ حکومت کی کوششوں سے پاکستان کا عالمی منظر نامے پر تشخص بحال ہوا ہے،ملک میں بین الاقوامی کرکٹ، دیگر کھیل اور عالمی کانفرنسز کا انعقاد ہو رہا ہے۔

شہبازشریف نے کہاکہ بیرون ملک سے آئے مہمانوں کیلئے ملک میں بین الاقوامی معیار کے ہوٹلز، اسپتال اور دیگر سہولیات قائم کی جائیں گی۔وزیرِ اعظم نے وزارت ہاؤسنگ سے بین الاقوامی معیار کی سہولیات کیلئے جامع پلان طلب کر لیا۔

وزیرِ اعظم نے قومی ہاؤسنگ پالیسی کی مارچ تک تشکیل مکمل کرکے منظور کروانے کی ہدایت کر دی۔

وزیر اعظم نے کہاکہ وزارت کے تحت جاری عوامی رہائشی منصوبوں کو جلد مکمل کیا جائے تاکہ ورکنگ کلاس کو جلد کم لاگت رہائش میسر ہو۔

وزیرِ اعظم نے وزارت ہاوسنگ و دیگر وزارتوں میں غیر فعال اداروں کی تحلیل و دیگر اصلاحات کیلئے ایک کمیٹی بنانے کی ہدایت کی ہے ۔

یہ بھی پڑھیں: سیاسی عدم استحکام نے معیشت کو ڈیفالٹ کے دہانے پر پہنچایا، اسحاق ڈار

وزیراعظم نے کہاکہ کمیٹی نہ صرف وزارت ہائوسنگ بلکہ دیگر وزارتوں کو بھی اصلاحات میں ضروری معاونت فراہم کرے۔

اجلاس میں وفاقی وزراء ریاض حسین پیرزادہ، احد خان چیمہ، عطاء اللہ تارڑ اور متعلقہ اعلی حکام نے شرکت کی۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button