بین الاقوامی

جاپان کے جنوب مغربی علاقے کیوشو میں 6.8 شدت کا زلزلہ، سونامی کی وارننگ جاری

یہ زلزلہ رات 9:19 بجے کے قریب میازاکی پریفیکچر کے ساحل سے 18 کلومیٹر دور 36 کلومیٹر کی گہرائی میں آیا تھا

جاپان کے جنوب مغربی علاقے کیوشو میں 6.8 شدت کا زلزلہ آیا، جس کے بعد سونامی کی وارننگ جاری کر دی گئی۔

غیر ملکی خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق کیوشو کے اس زلزلے نے علاقے میں دو چھوٹے سونامی پیدا کیے، لیکن ان سے کوئی بڑے نقصانات کی اطلاع نہیں ملی۔

امریکی جیولوجیکل سروے کے مطابق یہ زلزلہ رات 9:19 بجے کے قریب میازاکی پریفیکچر کے ساحل سے 18 کلومیٹر دور 36 کلومیٹر کی گہرائی میں آیا تھا۔

جاپان کے محکمہ موسمیات (جے ایم اے) نے ایک میٹر (تین فٹ) تک سونامی کی لہروں کا خطرہ ظاہر کرتے ہوئے ساحلی علاقوں کے رہائشیوں کو خبردار کیا اور انہیں سمندر سے دور رہنے کی ہدایت دی۔

یہ بھی پڑھیں: بھارت اور افغانستان کا چابہار بندرگاہ کے ذریعے تجارت کو فروغ دینے پر اتفاق

جے ایم اے نے اپنے سوشل میڈیا اکاؤنٹ ایکس پر لکھا کہ متعدد بار سونامی آسکتے ہیں، اس لیے ساحلی علاقے اور سمندر سے دور رہیں۔

محکمہ موسمیات کے مطابق علاقے میں 2 بندرگاہوں پر 20 سینٹی میٹر تک کے دو چھوٹے سونامی دیکھے گئے۔

مقامی میڈیا کے مطابق، فوری طور پر کسی کے زخمی ہونے کی خبر نہیں آئی۔ جاپانی سرکاری ٹی وی این ایچ کے کی براہ راست نشریات میں سمندر کو معمول کے مطابق دیکھا گیا اور کسی قسم کا نقصان نہیں ہوا۔ اس دوران جہازوں اور ٹریفک کی روانی بھی معمول کے مطابق رہی۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button