لائف سٹائل

وائرل تصویر سے شہرت ملی مگر شدید تنقید کا سامنا رہا، یشما گل

اداکارہ یشما گل کا ماضی کے ٹرولنگ تجربے پر اظہار خیال

معروف اداکارہ یشما گل نے انکشاف کیا ہے کہ ماضی میں لباس کے حوالے سے ہونے والی ٹرولنگ اور تنقید کے باعث انہوں نے سوشل میڈیا چھوڑنے کا فیصلہ کرلیا تھا۔

یشما گل نے حالیہ ایک پوڈکاسٹ میں شرکت کے دوران اپنے کیریئر کے ابتدائی دنوں کی مشکلات اور سوشل میڈیا پر ہونے والی ٹرولنگ کے تجربے پر کھل کر بات کی۔

اداکارہ نے بتایا کہ کیریئر کے آغاز میں انہیں لباس کی بنا پر شدید تنقید کا سامنا کرنا پڑا۔ ان پر اتنی زیادہ ٹرولنگ ہوئی کہ انہوں نے انسٹاگرام اکاؤنٹ ڈیلیٹ کرنے اور سوشل میڈیا کو ہمیشہ کے لیے خیرباد کہنے کا فیصلہ کر لیا تھا۔

یشما گل کے مطابق وہ اس وقت نئی نئی آسٹریلیا سے پاکستان آئی تھیں اور ان کے پاس زیادہ تر بیرون ملک خریدے گئے کپڑے ہی تھے، جو وہ روزمرہ کے مواقع پر پہنا کرتی تھیں۔

انہوں نے بتایا کہ کیریئر کے ابتدائی دنوں میں ان کے سوشل میڈیا اکاؤنٹس ایک کمپنی مینیج کرتی تھی، جس نے انہیں ایک فلم کے پریمیئر میں شرکت کے لیے مدعو کیا۔ انہوں نے ٹیم کو بتایا کہ وہ عام جینز اور ٹی شرٹ میں ہیں، جس پر انہیں کہا گیا کہ یہی لباس پہن کر آئیں۔

یہ بھی پڑھیں: اداکارہ کا جنسی ہراسانی کا الزام، بھارتی بزنس مین گرفتار

یشما گل نے انکشاف کیا کہ وہ ’رپڈ جینز‘ میں ریڈ کارپٹ پر پہنچ گئیں اور ایک فوٹوگرافر نے ان کی ایسی تصویر لی جس سے ایسا تاثر ملا جیسے انہوں نے بولڈ لباس پہنا ہو۔

انہوں نے کہا کہ وہ تصویر سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی، جس کے بعد بلاگرز اور دیگر پیجز نے بھی اسے شیئر کیا۔ اس کے نتیجے میں انہیں نفرت انگیز کمنٹس اور سخت تنقید کا سامنا کرنا پڑا۔

اداکارہ نے بتایا کہ ان کے مینیجرز نے انہیں فوری طور پر تقریب سے نکل جانے کا مشورہ دیا اور کہا کہ صورتحال بگڑ رہی ہے۔ یشما گل نے مینیجرز سے تصاویر ہٹانے کی درخواست کی لیکن یہ ممکن نہ ہو سکا۔

انہوں نے کہا کہ شدید تنقید کے بعد انہوں نے انسٹاگرام اکاؤنٹ ڈیلیٹ کرنے کا فیصلہ کرلیا تھا، تاہم وائرل ہونے والی تصاویر کی وجہ سے ان کے انسٹاگرام فالوورز میں حیرت انگیز اضافہ ہوا۔

یشما گل کے مطابق ان تصاویر کی وائرل ہونے کے بعد ان پر یہ الزام بھی لگایا گیا کہ انہوں نے شہرت حاصل کرنے کے لیے جان بوجھ کر ایسا لباس پہنا۔

یاد رہے کہ یشما گل نے 2018 کی فلم ’پرواز ہے جنون‘ کے پریمیئر میں رپڈ جینز اور ٹی شرٹ میں شرکت کی تھی، جس کے بعد وہ شدید تنقید کا شکار ہوئیں۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button