ماضی میں بچوں کے لیے شدید مشکلات برداشت کیں، بشریٰ انصاری
بشریٰ انصاری نے حال ہی میں انسٹاگرام پر ایک مختصر ویڈیو شیئر کی
پاکستان کی نامور اداکارہ، پروڈیوسر، ہدایتکار اور لکھاری بشریٰ انصاری نے انکشاف کیا ہے کہ ماضی میں شادی شدہ زندگی اور بچوں کی پرورش کے دوران انہوں نے بے شمار مشکلات کا سامنا کیا، تاہم ان تکالیف کا ذکر کبھی کسی سے نہیں کیا۔
بشریٰ انصاری نے حال ہی میں انسٹاگرام پر ایک مختصر ویڈیو شیئر کی، جس میں انہوں نے اسلام آباد میں گزارے گئے مشکل وقت کا ذکر کیا۔ اداکارہ نے بتایا کہ وہ جب بھی اسلام آباد آتی ہیں تو یہاں کی یادیں انہیں ماضی کی مشکلات کی یاد دلاتی ہیں۔
ویڈیو میں بشریٰ انصاری نے بتایا کہ 1989 میں وہ اسلام آباد منتقل ہوئیں اور یہاں کچھ سال مقیم رہیں۔ اس دوران انہوں نے بچوں کے ساتھ سخت حالات کا سامنا کیا، حالانکہ ان کے والد کا گھر بھی اسلام آباد میں تھا اور وہ پاکستان ٹیلی ویژن (پی ٹی وی) سینٹر میں کام کرتی تھیں۔
یہ بھی پڑھیں: نیلم منیر کے شوہر پاکستانی یا عربی؟ ندا یاسر نے قیاس آرائیوں کو ختم کردیا
انہوں نے مزید بتایا کہ وہ ان دنوں اپنے بچوں کے ساتھ بسوں اور سڑکوں پر دھکے کھاتی رہیں، مگر ان مسائل کا ذکر کبھی کسی کے سامنے نہیں کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ والدین ہمیشہ اپنے بچوں کے لیے مشکلات برداشت کرتے ہیں اور چاہتے ہیں کہ ان کے بچے ان کی تکالیف سے بے خبر رہیں، لیکن اکثر بچے ان کا درد محسوس کر لیتے ہیں۔
اداکارہ نے اسلام آباد کے دورے کے دوران پرانے دوستوں سے ملاقات نہ کرنے کی وجہ بھی بیان کی اور کہا کہ یہاں کے مناظر انہیں ہمیشہ ماضی کی تکلیف دہ یادیں یاد دلاتے ہیں، اس لیے وہ خاموشی سے یہاں سے چلی جاتی ہیں۔
بشریٰ انصاری کی یہ ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی، جس پر مداحوں نے تبصرے کرتے ہوئے انہیں ایک بہادر اور حوصلہ مند خاتون قرار دیا۔ تاہم اداکارہ نے واضح طور پر ان مشکلات کی نوعیت یا وجوہات کا ذکر نہیں کیا جن کا انہوں نے سامنا کیا۔