علاقائی
ٹرینڈنگ

ملک کی کمزور معیشت اب بہتری کی جانب گامزن ہے ، مریم نواز

وزیراعلیٰ پنجاب کا پاکپتن میں لائیو اسٹاک کارڈ کے اجرا کی تقریب سے خطاب

وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے کہا ہے کہ ملک کی کمزور معیشت اب بہتری کی جانب گامزن ہے اور معاشی استحکام کے آثار نمایاں ہو رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ منہ اور پاؤں کی بیماریاں صرف جانوروں تک محدود نہیں بلکہ یہ انسانوں میں بھی پائی جاتی ہیں۔ ایسے افراد جو ملک کے خلاف اقدامات کرتے ہیں، ان کی باتوں میں گالم گلوچ اور بدتمیزی ہوتی ہے۔ ہم جانوروں کے ساتھ ساتھ سیاسی جماعتوں کو لاحق بیماریوں کا بھی علاج کریں گے۔

پاکپتن میں لائیو اسٹاک کارڈ کے اجراء کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعلیٰ نے کہا کہ نواز شریف کے دور کے بعد معیشت میں خوش آئند تبدیلیاں آ رہی ہیں۔ لائیو اسٹاک اسکیم سے فائدہ اٹھانے والوں میں دو خواتین بھی شامل ہیں۔

مریم نواز نے مزید کہا کہ جب شہباز شریف نے وزیراعظم کا منصب سنبھالا تو ملک کے دیوالیہ ہونے کی باتیں ہو رہی تھیں اور پاکستان کا سری لنکا سے موازنہ کیا جا رہا تھا، لیکن مسلم لیگ (ن) کی حکومت نے دس ماہ میں اسٹاک مارکیٹ کے ریکارڈ توڑنے کی خوشخبری دی۔

یہ بھی پڑھیں: ہر روز نیا چیلنج، سرکاری ہسپتالوں میں دوائیں چوری ہو رہی ہیں،مریم نواز

وزیراعلیٰ نے کہا کہ سابق حکومتیں آخری وقت تک عوام کو صرف وعدے دیتی رہیں لیکن مسلم لیگ (ن) عوام کو حقیقی فوائد دے رہی ہے۔ پنجاب میں آٹے اور روٹی کی قیمتوں میں کمی کی گئی ہے جبکہ دیگر صوبوں میں مہنگائی کا سامنا ہے۔ مریم نواز نے کہا کہ وہ روزانہ اپنی ٹیم کے ساتھ اجلاس کر کے قیمتوں کے استحکام کو یقینی بناتی ہیں کیونکہ 15 کروڑ عوام کی ضروریات پوری کرنا ان کی ترجیح ہے۔

انہوں نے کہا کہ معاشی استحکام کے ثمرات اب عوام تک پہنچ رہے ہیں، لوگوں کے ذرائع آمدن بڑھ رہے ہیں اور لائیو اسٹاک کارڈ پروگرام کے ذریعے کسانوں کو بلا سود قرض فراہم کیا جا رہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ لائیو اسٹاک کارڈ کے تحت دس جانور رکھنے والے افراد کو 2 لاکھ 70 ہزار روپے چار ماہ کے لیے بلا سود دیے جائیں گے تاکہ جانوروں کی بہتر دیکھ بھال ممکن ہو۔ اس اسکیم کے ذریعے جانوروں کی افزائش اور برآمد میں مدد ملے گی۔

کسانوں کے مسائل کا حل

وزیراعلیٰ نے کہا کہ کسانوں کے مسائل حل کرنے کے لیے حکومت روزانہ کی بنیاد پر اقدامات کر رہی ہے۔ کسان کارڈ کے ذریعے 400 ارب روپے دیے جا چکے ہیں، اور ہر تحصیل میں مشینری فراہم کی جائے گی تاکہ کسانوں کو اضافی قیمتوں کا سامنا نہ کرنا پڑے۔

مریم نواز نے کہا کہ سڑکیں ترقی کا اہم ذریعہ ہیں اور وہ 8 ارب روپے کی لاگت سے چار نئی سڑکوں کا افتتاح کر رہی ہیں۔ انہوں نے پچھلی حکومتوں پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ گزشتہ چار سال میں کوئی نیا ہسپتال یا اسکول نہیں بنایا گیا اور عوام کا پیسہ ضائع کیا گیا۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button