سیاسی عدم استحکام نے معیشت کو ڈیفالٹ کے دہانے پر پہنچایا، اسحاق ڈار
پاکستان کے پاس بے شمار قدرتی وسائل، معدنیات اور قیمتی دھاتیں موجود ہیں، نائب وزیراعظم
کراچی: نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے کہا ہے کہ 2017 میں پیدا ہونے والے سیاسی عدم استحکام نے ملکی معیشت کو شدید نقصان پہنچایا اور معیشت کا پہیہ جام کر دیا، جس کے نتیجے میں ملک ڈیفالٹ کے کنارے پہنچ گیا۔
پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے اسحٰق ڈار نے کہا کہ پاکستان کے پاس بے شمار قدرتی وسائل، معدنیات اور قیمتی دھاتیں موجود ہیں اور موجودہ قرضوں کی صورتحال اتنی سنگین نہیں جتنی ظاہر کی جاتی ہے۔
انہوں نے کہا کہ وزیراعظم شہباز شریف کی قیادت میں ملک کو دیوالیہ ہونے سے بچایا گیا ہے، اور بیرونی سرمایہ کاروں کا پاکستان پر اعتماد بحال ہو رہا ہے۔ ان کے مطابق ملکی معیشت اب درست سمت میں گامزن ہے اور مقامی کیپٹل مارکیٹ کو مضبوط بنا کر بیرونی قرضوں پر انحصار کم کیا جائے گا۔
یہ بھی پڑھیں: انٹربینک میں ڈالر کی قدر میں معمولی اضافہ، اوپن مارکیٹ میں بھی قیمت بڑھ گئی
اسحٰق ڈار نے مزید کہا کہ 2018 میں اسٹاک مارکیٹ 100 ارب ڈالر کی سطح پر تھی، لیکن بعد میں معاشی عدم استحکام نے اس میں کمی کر دی۔ تاہم، اب اسٹاک مارکیٹ ایک بار پھر استحکام کی جانب بڑھ رہی ہے۔
انہوں نے کہا کہ وزیراعظم کی قیادت میں پاکستان نے بین الاقوامی سطح پر اپنا کھویا ہوا وقار دوبارہ حاصل کرنا شروع کر دیا ہے، اور اس کی ایک مثال شنگھائی تعاون تنظیم (SCO) کے بڑے ایونٹ کی میزبانی ہے جو 27 سال بعد ممکن ہو سکی۔