تحریک انصاف کے ساتھ مذاکرات مثبت انداز میں آگے بڑھ رہے ہیں، عطاء تارڑ
2025 سیاسی استحکام کا سال ہوگا، اڑان پاکستان وژن پر عمل جاری ہے ، وفاقی وزیر اطلاعات
اسلام آباد: وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطاء تارڑ نے کہا ہے کہ تحریک انصاف کے ساتھ مذاکرات مثبت انداز میں آگے بڑھ رہے ہیں اور بات چیت ہی مسائل کے حل کا بہترین ذریعہ ہے۔
اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے عطا تارڑ نے کہا کہ گزشتہ سال خوشخبریوں کا سال ثابت ہوا اور 2025 کو سیاسی استحکام کا سال بنایا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ "اڑان پاکستان” ایک جامع وژن ہے، جس میں کھیل سمیت مختلف شعبے شامل ہیں۔ ہمارا مقصد پاکستان کو شاہین کی طرح بلندیوں تک لے جانا ہے کیونکہ پاکستان کی ترقی میں ہی ہم سب کی کامیابی ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ چیمپئنز ٹرافی کی میزبانی پاکستان کے لیے ایک بڑا اعزاز ہے۔ یہ ایونٹ پاکستانی عوام کے لیے خوشی کا پیغام لائے گا اور عالمی سطح پر پاکستان کی ساکھ مزید مستحکم ہوگی۔ ہم اس ایونٹ میں شریک تمام ٹیموں کی شاندار میزبانی کریں گے۔
یہ بھی پڑھیں: وزیراعظم کا انسانی اسمگلرز کی جائیدادیں ضبط کرنے کا حکم
عطا تارڑ نے کرکٹ کے بنیادی ڈھانچے پر بات کرتے ہوئے کہا کہ ہمارے پاس عالمی معیار کے اسٹیڈیمز موجود ہیں۔ قذافی اسٹیڈیم سمیت دیگر میدانوں میں تعمیر و مرمت کا کام تیزی سے جاری ہے۔ وزیراعظم شہباز شریف کی قیادت میں محسن نقوی بہترین کام کر رہے ہیں اور بطور چیئرمین پی سی بی انہوں نے کئی اہم اصلاحات متعارف کرائی ہیں۔
مزید برآں، وفاقی وزیر نے کہا کہ سیاسی الزامات کی بھرمار کے باوجود ثبوتوں کے بغیر باتیں کی جا رہی ہیں۔ انٹرنیٹ کی سروس میں بہتری آئی ہے اور آئندہ دنوں میں مزید بہتری متوقع ہے۔ پاکستان میں انٹرنیٹ دنیا کے دیگر ممالک کی نسبت نہایت سستا ہے اور ایسے ڈیٹا پیکجز کہیں اور دستیاب نہیں۔