یو اے ای نے پاکستان کو2 ارب ڈالر کاقرضہ رول اوور کرنے کی یقین دہانی کرادی، وزیراعظم
وفاقی کابینہ کا اجلاس، ملکی امن و امان اور معاشی صورتحال کا تفصیلی جائزہ لیا گیا
اسلام آباد: وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ متحدہ عرب امارات (یو اے ای) نے پاکستان کو جنوری میں واجب الادا 2 ارب ڈالر کے قرضے کو رول اوور کرنے کی یقین دہانی کرائی ہے۔
یہ اعلان وزیراعظم نے وفاقی کابینہ کے اجلاس کی صدارت کے دوران کیا۔ اجلاس میں ملکی امن و امان اور معاشی صورتحال کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔
وزیراعظم شہباز شریف نے کابینہ کو آگاہ کیا کہ ان کی متحدہ عرب امارات کے صدر شیخ محمد بن زید النہیان سے رحیم یار خان میں ملاقات ہوئی۔ اس ملاقات میں سرمایہ کاری اور قرض پروگرام سمیت اہم امور پر گفتگو ہوئی۔
یہ بھی پڑھیں: کینیڈین وزیراعظم کا وزارتِ عظمیٰ سے مستعفی ہونے کا اعلان
وزیراعظم نے بتایا کہ اماراتی صدر نے دو ارب ڈالر کے قرضے کو رول اوور کرنے کے فیصلے سے آگاہ کیا ہے، جس کی ادائیگی جنوری میں واجب الادا تھی۔
انہوں نے مزید کہا کہ اس ملاقات میں دوطرفہ تعلقات، سرمایہ کاری اور دیگر اہم امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔