لکی مروت: دہشت گردوں کی فائرنگ سے 2 پولیس اہلکار شہید
وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی کی لکی مروت میں پیش آنے والے اس واقعے کی شدید مذمت
خیبر پختونخوا کے ضلع لکی مروت کے علاقے خیروخیل پکہ کے قریب دہشت گردوں کی فائرنگ سے دو پولیس اہلکار شہید ہو گئے۔
رپورٹ کے مطابق پولیس حکام کا کہنا ہے کہ شہید ہونے والے اہلکاروں میں حکمت اللہ اور خان بہادر شامل ہیں۔ دونوں اہلکار ڈاک ڈیوٹی پر مامور تھے اور موٹرسائیکل پر ڈاک لے کر متعلقہ تھانوں میں جا رہے تھے۔ شہید حکمت اللہ تھانہ پیزو جبکہ شہید خان بہادر تھانہ شہباز خیل میں تعینات تھے۔ واقعے کے بعد دہشت گرد فرار ہونے میں کامیاب ہو گئے۔
وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی نے لکی مروت میں پیش آنے والے اس واقعے کی شدید مذمت کرتے ہوئے شہید اہلکاروں کو خراج عقیدت پیش کیا۔
یہ بھی پڑھیں: مضبوط دفاع کے لیے مستحکم معیشت ناگزیر، ایئر چیف ظہیر بابر
وزیر داخلہ نے شہدا کے لواحقین کے ساتھ اظہار ہمدردی کرتے ہوئے کہا کہ شہید اہلکاروں کی قربانی کو قوم ہمیشہ یاد رکھے گی۔ انہوں نے کہا کہ دکھ کی اس گھڑی میں ہم شہدا کے خاندانوں کے ساتھ کھڑے ہیں اور ان کی قربانیوں کو سلام پیش کرتے ہیں۔
وزیر داخلہ نے مزید کہا کہ خیبر پختونخوا پولیس نے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں اپنی جانوں کا نذرانہ دے کر بہادری کی عظیم مثالیں قائم کی ہیں۔ ان قربانیوں کو ہمیشہ قدر کی نگاہ سے دیکھا جائے گا۔