ٹیسٹ سیریز: جنوبی افریقہ نے پہلی اننگز میں 615 رنز بنا کر پاکستان کو شدید دباؤ میں ڈال دیا
قومی ٹیم 194 رنز پر آل آؤٹ ہو گئی اور یوں فالو آن کا شکار ہوگئی
کیپ ٹاؤن میں کھیلے جا رہے دو ٹیسٹ میچز کی سیریز کے دوسرے مقابلے میں جنوبی افریقہ نے پہلی اننگز میں 615 رنز بنا کر پاکستان کو شدید دباؤ میں ڈال دیا۔ قومی ٹیم 194 رنز پر آل آؤٹ ہو گئی اور یوں فالو آن کا شکار ہوگئی۔ میزبان ٹیم کو پہلی اننگز میں 421 رنز کی بڑی برتری حاصل ہوئی۔ تاہم دوسری اننگز میں پاکستان نے تیسرے دن کے اختتام پر ایک وکٹ کے نقصان پر 213 رنز بنا لیے ہیں۔
شان مسعود 102 رنز پر ناٹ آؤٹ ہیں، جبکہ نائٹ واچ مین خرم شہزاد 8 رنز کے ساتھ ان کا ساتھ دے رہے ہیں۔ پاکستان کی واحد وکٹ بابراعظم کی گری، جو اوپننگ کرنے آئے تھے اور 81 رنز کی شاندار اننگز کھیل کر آؤٹ ہوئے۔
جنوبی افریقہ نے ریان ریکلٹن کے 259، ٹمبا باووما کے 106، اور کائل ویرین کے 100 رنز کی بدولت پہلی اننگز میں بڑا مجموعہ بنایا۔ پاکستانی بولرز میں محمد عباس اور سلمان علی آغا نے 3،3 جبکہ خرم شہزاد اور میر حمزہ نے 2،2 وکٹیں حاصل کیں۔
یہ بھی پرھیں: چین نے 6 جی ٹیکنالوجی کی نئی تاریخ رقم کردی
پاکستان کی پہلی اننگز میں ٹاپ آرڈر بری طرح ناکام رہا۔ کپتان شان مسعود 2، نائب کپتان سعود شکیل صفر، اور کامران غلام 12 رنز بنا کر جلد آؤٹ ہوگئے۔ تیسرے دن کے آغاز پر بابراعظم نے 58 اور محمد رضوان نے 46 رنز کی مزاحمتی اننگز کھیلی، لیکن باقی بیٹسمین پروٹیز باؤلرز کے آگے لڑکھڑا گئے۔
دوسری اننگز میں قومی ٹیم نے بہتر آغاز کیا، لیکن اب بھی اننگز کی شکست سے بچنے کے لیے 421 رنز کا پہاڑ جیسا ہدف باقی ہے۔
میچ کے پہلے دن فیلڈنگ کے دوران صائم ایوب زخمی ہو گئے اور وہ 6 ہفتوں کے لیے کرکٹ سے باہر ہو گئے ہیں۔ ان کی غیر موجودگی میں بابراعظم نے اوپننگ کی ذمہ داری سنبھالی۔
یہ بھی پڑھیں: میدانی علاقوں میں دھند کا راج: ٹرینیں 8 گھنٹے تک تاخیر کا شکار
واضح رہے کہ جنوبی افریقہ پہلے ٹیسٹ میں دلچسپ مقابلے کے بعد پاکستان کو 2 وکٹوں سے شکست دے کر سیریز میں 0-1 کی برتری حاصل کر چکا ہے اور ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ کے فائنل کے لیے کوالیفائی کر چکا ہے۔