علاقائی

کراچی میں موبائل چھیننے کی کوشش میں نوجوان قتل

چھ ماہ کے بیٹے کا باپ کورنگی میں ڈکیتی مزاحمت پر قتل

کراچی: کورنگی مدینہ کالونی میں موبائل فون چھیننے کی واردات کے دوران مزاحمت پر قتل ہونے والے نوجوان کے اہلخانہ نے حکومت اور قانون نافذ کرنے والے اداروں سے انصاف کی اپیل کرتے ہوئے ملزمان کی فوری گرفتاری اور سخت سزا کا مطالبہ کیا ہے۔ مقتول نوجوان چھ ماہ کے بیٹے کا باپ تھا۔

تفصیلات کے مطابق 3 جنوری کی شب زمان ٹاؤن تھانے کی حدود کورنگی نمبر تین سیکٹر 50 اے مدینہ کالونی میں نامعلوم مسلح ملزمان نے موبائل فون چھیننے کی کوشش کے دوران فائرنگ کر کے 22 سالہ ساحل مسیح ولد مرزا کو قتل کر دیا۔ پولیس نے مقتول کی اہلیہ کی مدعیت میں مقدمہ درج کرکے تفتیش شروع کر دی ہے۔

مقتول کے اہلخانہ نے چھیپا سرد خانے سے میت وصول کی۔ اس موقع پر مقتول کے کزن نے بتایا کہ ساحل مسیح کا تعلق پنجاب کے شہر سیالکوٹ سے تھا۔ تین سال قبل اس کی شادی ہوئی، جس کے بعد وہ کراچی منتقل ہو گیا اور کورنگی میں نجی فیکٹری میں صفائی کا کام کر رہا تھا۔ مقتول اپنے چھ ماہ کے معصوم بچے کا واحد سہارا تھا۔
یہ بھی پڑھیںبرطانیہ: ہندو انتہا پسندوں کا پاکستانی ریسٹورنٹ پر حملہ، عملے پر تشدد

انہوں نے بتایا کہ واقعے کے روز ساحل ڈیوٹی کے لیے گھر سے نکل رہا تھا کہ ڈاکوؤں نے اسے گھیر لیا۔ ملزمان نے موبائل فون چھیننے کی کوشش کی، جس پر ساحل نے مزاحمت کی۔ ملزمان نے فائرنگ کر دی، جس سے گولی ساحل کے سینے میں لگی اور وہ موقع پر ہی جاں بحق ہو گیا۔

مقتول کے اہلخانہ نے کہا کہ یہ انتہائی ظلم ہے اور ہمیں انصاف چاہیے۔ انہوں نے ملزمان کی فوری گرفتاری اور کڑی سزا کا مطالبہ کیا۔ مقتول کی تدفین کورنگی کے مقامی قبرستان میں کی جائے گی۔

 

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button