پاکستانی اور بھارتی عوام بچھڑے ہوئے کزنز ہیں: ہانیہ عامر
سال 2024 ان کی زندگی کا ایک اہم سال ثابت ہوا:پاکستانی اداکارہ
پاکستان اور خطے کے دیگر ممالک میں یکساں طور پر مقبول اداکارہ ہانیہ عامر نے کہا ہے کہ پاکستانی اور بھارتی لوگ حقیقت میں بچھڑے ہوئے کزنز کی طرح ہیں، دونوں کے طرز زندگی اور عادات میں حیرت انگیز مشابہت پائی جاتی ہے۔
سال نو کے موقع پر امریکی نشریاتی ادارے ’سی این این‘ کو دیے گئے ایک خصوصی انٹرویو میں ہانیہ عامر نے گزشتہ سال کی کامیابیوں اور نئے سال کی امیدوں پر گفتگو کی۔
ہانیہ عامر کا کہنا تھا کہ سال 2024 ان کی زندگی کا ایک اہم سال ثابت ہوا، جس میں انہیں اپنی توقعات سے بڑھ کر محبت اور پذیرائی ملی۔ انہوں نے مداحوں کے پیار اور سراہنے پر شکریہ ادا کیا۔
اداکارہ نے نیٹ فلکس کی پہلی پاکستانی اوریجنل ویب سیریز میں کام کرنے پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ وہ اس پروجیکٹ کا حصہ بننے پر فخر محسوس کر رہی ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ ان کے لیے سب سے بڑی خوشی یہ ہے کہ وہ تجربہ کار اور سینیئر اداکاروں کے ساتھ کام کرنے کا موقع حاصل کر رہی ہیں۔
یہ بھی پڑھیں:شادی کی تقریبات کا آغاز، مایوں کی تصاویر وائرل اداکارہ نیلم منیر
نئی نسل کی نمائندگی سے متعلق سوال پر ہانیہ عامر نے کہا کہ وہ اس سلسلے میں کسی طرح کے دباؤ کو محسوس نہیں کرتیں اور اپنی توجہ ہمیشہ کام کے اعلیٰ معیار کو برقرار رکھنے پر مرکوز رکھتی ہیں۔
بھارت اور پاکستان کے تعلقات پر بات کرتے ہوئے ہانیہ نے دونوں ممالک کو بچھڑے ہوئے کزنز کے طور پر بیان کیا اور کہا کہ دونوں کی ثقافتیں اور عادات ایک دوسرے سے بہت مشابہت رکھتی ہیں۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ مستقبل میں دونوں ممالک کے فنکاروں کو ایک ساتھ کام کرنے کے زیادہ مواقع میسر آئیں گے۔
سال 2024 کے اختتام پر ہانیہ عامر نے اپنے مداحوں کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا اور کہا کہ وہ امید کرتی ہیں کہ ان کے چاہنے والے ہمیشہ خوش اور صحت مند رہیں گے۔