مضبوط دفاع کے لیے مستحکم معیشت ناگزیر، ایئر چیف ظہیر بابر
پاکستان نیول اکیڈمی کی پاسنگ آؤٹ پریڈ میں ایئر چیف کا خطاب
ایئر چیف مارشل ظہیر احمد بابر سدھو نے مستحکم معیشت کو ملک کے مضبوط دفاع کی بنیاد قرار دیا۔
پاکستان نیول اکیڈمی کراچی میں منعقدہ 122ویں مڈشپ مین اور 30ویں شارٹ سروس کمیشن کورس کی پاسنگ آؤٹ پریڈ کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ایئر چیف نے کہا کہ پاک فضائیہ خطے میں طاقت کا توازن برقرار رکھنے کے لیے اہم کردار ادا کر رہی ہے، جبکہ ایک مضبوط دفاع کے لیے مستحکم معیشت ناگزیر ہے۔
ایئر چیف نے پاکستان نیول اکیڈمی کو دنیا کے بہترین اداروں میں شمار کرتے ہوئے پاک بحریہ کے سمندری سرحدوں کی حفاظت میں اہم کردار کو سراہا۔ انہوں نے مزید کہا کہ عالمی چیلنجز کا سامنا کرنے کے لیے ہمیں ہر لمحہ تیار رہنا ہوگا۔
تقریب کے دوران کمیشن حاصل کرنے والے 79 افسران میں 50 مڈشپ مین اور 29 شارٹ سروس کمیشن کورس کے افسران شامل تھے۔
یہ بھی پڑھیں: شادی کی تقریبات کا آغاز، مایوں کی تصاویر وائرل اداکارہ نیلم منیر
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے چیف آف نیول اسٹاف ایڈمرل نوید اشرف نے کمیشننگ کو بحری افسران کے کیریئر کے آغاز کا سنگ میل قرار دیا اور بحری سرحدوں کے دفاع کو یقینی بنانے کے عزم کا اعادہ کیا۔
پاسنگ آؤٹ پریڈ میں اعلیٰ سول و عسکری حکام کے ساتھ غیر ملکی مندوبین نے بھی شرکت کی۔ اس دوران کیڈٹس نے شاندار پریڈ کا مظاہرہ کیا اور قومی پرچم کو سلامی دی۔
کمانڈنٹ پاکستان نیول اکیڈمی کموڈور تصور اقبال نے اپنے خطاب میں بتایا کہ کیڈٹس کو جدید خطوط پر تربیت دی گئی ہے، جن میں جدید آپریشنز میں حصہ لینے کی مہارت بھی شامل ہے۔
ایئر چیف مارشل ظہیر احمد بابر سدھو نے پریڈ کا معائنہ کیا اور کیڈٹس کے عزم و حوصلے کو سراہا۔ چیف آف نیول اسٹاف ایڈمرل نوید اشرف کو کیڈٹس نے قومی جذبے کے ساتھ سلامی پیش کی، جبکہ نیوی کے جوانوں نے اپنی مہارت کا شاندار مظاہرہ کیا۔