اداکار برہمنندنے کمائی میں بڑے ستاروںکو پیچھےچھوڑدیا
برہمنندم کی مجموعی دولت 500 کروڑ روپے سے زائد بتائی جاتی ہے
عام تاثر یہ ہے کہ فلم کا مرکزی کردار، جیسے ہیرو، ہیروئن یا ولن، سب سے زیادہ معاوضہ حاصل کرتا ہے، لیکن یہ جان کر آپ حیران رہ جائیں گے کہ مزاحیہ کردار ادا کرنے والا بھی اپنی کمائی کے معاملے میں بڑے بڑے ستاروں کو پیچھے چھوڑ سکتا ہے۔
بھارتی میڈیا کی رپورٹس کے مطابق مشہور تیلگو اداکار برہمنندم نے اپنی بے مثال کمائی سے پربھاس، رجنی کانتھ اور کپل شرما جیسے بڑے ناموں کو پیچھے چھوڑ دیا ہے۔
ڈی این اے انڈیا کی رپورٹ کے مطابق برہمنندم کی مجموعی دولت 500 کروڑ روپے سے زائد بتائی جاتی ہے۔
دیگر کامیڈینز کے مقابلے میں بھی برہمنندم کی کمائی نمایاں ہے۔ کپل شرما کی مجموعی دولت 300 کروڑ، جانی لیور کی 280 کروڑ، اور پاریش راول کی 80 کروڑ ہے۔
یکم فروری 1956 کو آندھرا پردیش میں پیدا ہونے والے برہمنندم کا تعلق ایک غریب گھرانے سے تھا، جہاں ان کے والد بڑھئی کا کام کرتے تھے۔ ان کا بچپن مالی مشکلات میں گزرا، لیکن انہوں نے ماسٹر آف آرٹس کی ڈگری حاصل کی اور بطور تیلگو لیکچرار پیشہ ورانہ زندگی کا آغاز کیا۔
یہ بھی پڑھیں: رنویر سنگھ کی فلم دھرندھر کی تصاویر نے دھوم مچادی
تاہم، ان کا رجحان تھیٹر اور نقل اتارنے کی طرف تھا، جس نے 1985 میں ڈی ڈی تیلگو کے پروگرام "پاکا پاکالو” کے ذریعے انہیں ٹی وی پر متعارف کرایا۔
برہمنندم کے فلمی کیریئر کا دورانیہ 35 سال پر مشتمل ہے، جس کے دوران انہوں نے ایک ہزار سے زائد فلموں میں کام کیا۔ ان کی آمدنی کا بڑا حصہ فلموں، برانڈز کی تشہیر اور دیگر کاروباری منصوبوں سے حاصل ہوتا ہے، جن سے وہ سالانہ تقریباً 2 کروڑ روپے کماتے ہیں۔
ان کی خدمات کے اعتراف میں انہیں پدما شری جیسے اعلیٰ شہری اعزاز سے نوازا گیا ہے، جو ان کی انڈسٹری میں اہمیت اور کامیابی کو ظاہر کرتا ہے۔