پاکستان میں دہشت گردی کے مکمل خاتمے کا وقت آن پہنچا ہے، وزیراعظم
ہمیں معلوم ہے کہ کون سے بیرونی عناصر اس میں ملوث ہیں، شہباز شریف کا نیشنل ایپکس کمیٹی کے اجلاس سے خطاب
اسلام آباد: وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ پاکستان میں دہشت گردی کے مکمل خاتمے کا وقت آن پہنچا ہے، ہمیں معلوم ہے کہ کون سے بیرونی عناصر اس میں ملوث ہیں۔
نیشنل ایپکس کمیٹی کے اجلاس میں خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم نے اس بات پر زور دیا کہ پاکستان نے سلامتی کونسل کی غیر مستقل رکنیت کی ذمہ داری قبول کرلی ہے، جو کہ آئندہ دو سال کے لیے ہے۔
انہوں نے بتایا کہ حالیہ دنوں میں سرحد پار سے پاکستان پر حملہ کیا گیا جس کا دندان شکن جواب دیا گیا۔
وزیراعظم نے کہا کہ ملک دشمن عناصر مسلسل پاکستان کے خلاف سازشیں کررہے ہیں اور یہاں دہشت گردوں کے سہولت کار موجود ہیں۔ ہمیں یہ بھی علم ہے کہ کون سے ممالک ان دہشت گردوں کو سپورٹ فراہم کررہے ہیں۔
یہ بھی پڑھیں: اننت امبانی کی 22 کروڑ روپے کی نایاب گھڑی
وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ اب وقت آچکا ہے کہ فتنہ الخوارج کو مکمل طور پر ختم کیا جائے۔ دفاعی اداروں کے ساتھ مل کر ایک جامع منصوبہ تیار کرنا ہوگا تاکہ ان دہشت گردوں کا قلع قمع کیا جا سکے۔
ڈیجیٹل میڈیا کے حوالے سے بات کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان کے خلاف زہر آلود پروپیگنڈا کیا جا رہا ہے، اور بیرون ملک سے سوشل میڈیا پر جھوٹ پر مبنی مہمات چلائی جا رہی ہیں۔ یہ مہمات ایک بڑا چیلنج بن چکی ہیں، جو حقیقت کو مسخ کرکے جھوٹ کی بنیاد پر سوالیہ نشان کھڑے کر رہی ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ حالیہ دنوں میں سوشل میڈیا پر جھوٹ کا طوفان کھڑا کیا گیا، اور رینجرز کے جوانوں کی شہادت پر بھی جھوٹی خبریں پھیلائی گئیں۔ اگر اس جھوٹے پروپیگنڈے کو نہ روکا گیا تو تمام محنت ضائع ہو جائے گی۔
وزیراعظم نے کہا کہ ہمیں ان مسائل پر سنجیدگی سے غور کرنا ہوگا۔ فوج اور پولیس کے جوان اپنی جانیں قربان کر رہے ہیں، اور ان کی قربانیاں ضائع نہیں ہوں گی۔ جو لوگ شہداء کی قربانیوں کو نظرانداز کر رہے ہیں وہ غلطی پر ہیں۔
اجلاس کے دوران نیشنل ایکشن پلان پر عملدرآمد کا جائزہ لیا گیا اور ملک میں امن و امان کی صورتحال، دہشت گردی کے خلاف آپریشنز، اور پاک افغان سرحدی امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔