پاکستان

دہشت گردی کا خاتمہ کیے بغیر پاکستان کی ترقی ممکن نہیں، وزیراعظم

دہشت گردی کے اس ناسور کو جڑ سے ختم کرنے کے لیے تمام طبقات کو یکجا ہونا ہوگا

اسلام آباد: وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ دہشت گردی کا خاتمہ کیے بغیر پاکستان کی ترقی ممکن نہیں اور دہشت گردی کے اس ناسور کو جڑ سے ختم کرنے کے لیے تمام طبقات کو یکجا ہونا ہوگا اور ایک ہی پیج پر آنا ہوگا۔

ایس آئی ایف سی کی اپیکس کمیٹی کے اجلاس میں خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ ذاتی پسند و ناپسند کو بالائے طاق رکھ کر فیصلے کیے جائیں تو کامیابی یقینی ہوگی، اور دہشت گردی کے خاتمے کے لیے سکیورٹی فورسز روزانہ جان کی قربانی دے رہی ہیں۔

وزیراعظم نے پارا چنار امن معاہدے پر تمام فریقوں کو مبارکباد دی اور کہا کہ پارا چنار میں جو کچھ ہوا وہ نہیں ہونا چاہیے تھا اور اس قسم کے دلخراش واقعات قیامت تک نہیں ہونے چاہئیں۔

یہ بھی پڑھیں: سکیورٹی اداروں کو دھمکیاں: سابق وزیراعلیٰ خالد خورشید کو 34 سال قید کی سزا

انہوں نے مزید کہا کہ معاشی استحکام سیاسی استحکام سے جڑا ہوا ہے، بجلی کی قیمتوں میں کمی کے لیے دن رات کام کیا جا رہا ہے، اور اس میں خاطر خواہ کمی آئی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ میکرو اکنامک انڈیکیٹرز بہتر ہو چکے ہیں، مہنگائی 2018 کے بعد 4.1 فیصد تک پہنچ گئی ہے، پانچ ماہ میں ترسیلات زر میں 34 فیصد اضافہ ہوا ہے، زرمبادلہ کے ذخائر 12 ارب ڈالر سے تجاوز کر گئے ہیں اور اسٹاک ایکس چینج تاریخ کی بلند ترین سطح پر پہنچ چکا ہے۔

وزیراعظم نے کہا کہ حکومت کو ساڑھے نو ماہ میں بیرونی و داخلی چیلنجز کا سامنا کرنا پڑا، لیکن باہمی تعاون اور اجتماعی کوششوں سے ان چیلنجز کا مقابلہ کیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ وسطی ایشیا کی ریاستوں کے ساتھ پاکستان کے تعلقات بہترین ہیں اور سب یہ چاہتے ہیں کہ پاکستان سے تجارتی روابط بڑھیں۔ سعودی عرب، یو اے ای اور قطر کے ساتھ ایم او یو سائن کیے گئے ہیں۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button