پاکستان
ٹرینڈنگ

پاکستان کی سفارتی تنہائی ختم، ملکی معیشت بہتری کی جانب گامزن، اسحاق دار

ممتاز زہرا بلوچ کو فرانس میں پاکستان کا نیا سفیر مقرر کیا گیا ہے، نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ

اسلام آباد: نائب وزیر اعظم اور وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے دعویٰ کیا ہے کہ پاکستان کی سفارتی تنہائی کا خاتمہ ہو چکا ہے اور ملکی معیشت بہتری کی راہ پر گامزن ہے۔

اسلام آباد میں ایک اہم پریس کانفرنس کے دوران اسحاق ڈار نے بتایا کہ ممتاز زہرا بلوچ کو فرانس میں پاکستان کا نیا سفیر مقرر کیا گیا ہے اور وہ آئندہ چند روز میں اپنی ذمہ داریاں سنبھالیں گی۔ ساتھ ہی انہوں نے اعلان کیا کہ دفتر خارجہ کا نیا ترجمان اگلے ہفتے سے اپنی بریفنگز کا آغاز کرے گا۔

اسحاق ڈار نے کہا کہ 2024 پاکستان کے لیے ایک اہم سال ثابت ہوا۔ عام انتخابات کے بعد عوام نے مسلم لیگ (ن) کو مینڈیٹ دیا اور شہباز شریف وزیراعظم منتخب ہوئے۔ ان کے مطابق، حکومت نے کئی چیلنجز کا سامنا کیا، اور اس تاثر کو زائل کیا کہ پاکستان سفارتی تنہائی کا شکار ہے۔

یہ بھی پڑھیں: اُڑان پاکستان پروگرام معیشت کو مستحکم کرے گا، وزیراعظم

انہوں نے کہا کہ 40 سے 45 ہزار ٹی ٹی پی کے افراد واپس پاکستان آئے، اور سوال اٹھایا کہ ان کے لیے سرحدوں کو کس نے کھولا اور کس نے انہیں آزاد کیا؟

وزیر خارجہ نے وزیراعظم کے معاشی روڈ میپ کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ پالیسی ریٹ 22 فیصد سے کم ہو کر 13 فیصد تک آ چکا ہے، جبکہ مہنگائی کی شرح 5 فیصد کے قریب پہنچ چکی ہے۔ زرمبادلہ کے ذخائر میں بھی نمایاں اضافہ ہو رہا ہے۔

اسحاق ڈار نے مزید کہا کہ جی ڈی پی کے مثبت اشاریے سامنے آ رہے ہیں، اور حکومت عوام پر بجلی کے بوجھ کو کم کرنے کے لیے اقدامات کر رہی ہے۔ انہوں نے یاد دلایا کہ نواز شریف کے دور میں ڈالر کا ریٹ 104 روپے تھا، اور موجودہ حکومت روپے کو استحکام دینے میں کامیاب ہوئی ہے۔

انہوں نے کہا کہ پنجاب حکومت نے 200 سے 500 یونٹ بجلی استعمال کرنے والے صارفین کے لیے ریلیف فراہم کیا اور گرمیوں میں بجلی کے بلوں میں 50 ارب روپے سے زائد کا ریلیف دیا گیا۔

اسحاق ڈار نے کہا کہ ماضی میں پاکستان پر سفارتی تنہائی کا الزام لگایا جاتا تھا، لیکن حکومت نے اس تاثر کو ختم کیا۔ انہوں نے کہا کہ آج پاکستان بین الاقوامی سطح پر متحرک ہے اور دفتر خارجہ اپنی ذمہ داریاں بخوبی انجام دے رہا ہے۔

یہ بھی پڑھیں: آئی سی سی نے چیمپئنز ٹرافی 2025 کا شیڈول جاری کردیا

انہوں نے مزید کہا کہ سول نیوکلیئر انرجی پر تنقید کے باوجود، حکومت نے اہم پیشرفت کی۔ چشمہ فائیو منصوبے کا آغاز کیا گیا، اور کراچی میں کے-2 اور کے-3 نیوکلیئر منصوبے کامیابی سے مکمل ہو چکے ہیں۔

وزیر خارجہ نے سعودی وزیر خارجہ کے کامیاب دورہ پاکستان اور ایران کے اعلیٰ سطحی وفد کے دورے کا ذکر کیا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان نے عالمی فورمز پر غزہ اور کشمیر کے مسائل پر مؤثر آواز اٹھائی۔

اسحاق ڈار نے کہا کہ وزیراعظم نے ہر فورم پر غزہ کے مظلوم عوام کے لیے آواز بلند کی، اور پاکستان نے لبنان، شام اور غزہ کے اسپتالوں کے لیے امداد بھیجی۔ فلسطینی طلبہ کو پاکستانی جامعات میں تعلیم کے مواقع فراہم کیے گئے۔

انہوں نے کہا کہ وزیراعظم کے چین کے دورے میں 23 معاہدوں پر دستخط کیے گئے، اور سی پیک کے دوسرے مرحلے پر عملی کام جاری ہے۔

نائب وزیراعظم نے پی آئی اے کی ساکھ اور بین الاقوامی معیار کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ ماضی میں اس ادارے کے خلاف سازشیں کی گئیں، جس سے قومی ایئرلائن کو سالانہ اربوں روپے کا نقصان ہوا۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button