19 افراد کی معافی کو بڑی پیشرفت نہیں سمجھتے،بیرسٹر گوہر علی خان
تحریک انصاف، ملٹری کورٹس میں سویلینز کے مقدمات چلانے کی مخالفت کرتی ہے، چیئرمین پاکستان تحریک انصاف
اسلام آباد: چیئرمین پاکستان تحریک انصاف بیرسٹر گوہر علی خان نے کہا ہے کہ 19 افراد کے لیے معافی کا اعلان کوئی بڑی پیشرفت نہیں سمجھتے۔
پارلیمنٹ ہاؤس آمد پر میڈیا سے بات کرتے ہوئے بیرسٹر گوہر علی خان نے کہا کہ اصل میں 67 افراد کے معاملات زیر غور تھے، جن میں سے صرف 19 کو معافی ملی ہے جبکہ باقی 48 افراد نے اپنی اپیلیں جمع کروائی ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ تحریک انصاف، ملٹری کورٹس میں سویلینز کے مقدمات چلانے کی مخالفت کرتی ہے۔
یہ بھی پڑھیں: سانحہ 9 مئی: 19 مجرمان کی سزاؤں میں معافی کا اعلان
انہوں نے واضح کیا کہ کسی بھی شہری کا مقدمہ ملٹری کورٹ میں نہیں چل سکتا اور سپریم کورٹ اس حوالے سے پہلے ہی فیصلہ دے چکی ہے۔ بیرسٹر گوہر علی خان نے مزید کہا کہ آج حکومت کے ساتھ مذاکرات میں اپنے مطالبات پیش کیے جائیں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ تمام سیاسی جماعتوں کو ملک اور عوام کی بھلائی کے لیے مل بیٹھنا چاہیے، کیونکہ ملکی ترقی کے لیے مذاکرات کی کامیابی ضروری ہے۔
یہ بھی پڑھیں: قومی اقتصادی پلان 29۔2024 اُڑان پاکستان کا باقاعدہ آغاز